aaj ik aur baras biit gayā us ke baġhair
jis ke hote hue hote the zamāne mere
سید کاظم علی نام، جمیل مظہری کے نام سے شہرت پائی۔ 1904 میں پٹنہ میں ولادت ہوئی۔ ان کے ایک بزرگ سید مظہر حسن اچھے شاعر ہوئے ہیں۔ ان سے خاندانی تعلق پر سید کاظم علی کو فخر تھا۔ اس لیے جمیل تخلص اختیار کرنے کے ساتھ ہی اس پر مظہری کا اضافہ کیا۔ ابتدائی تعلیم موتیہاری اور مظفر پور میں حاصل کی۔ اس کے بعد اعلیٰ تعلیم کے لئے کلکتہ چلے گئے۔ کلکتہ میں مولانا ابوالکلام آزاد، آغاز حشر، نصیر حسین خیال اور علامہ رضا علی وحشت جیسی ہستیوں سے فیضیاب ہونے کا موقع ملا۔
جمیل مظہری نے 1931 ء میں کلکتہ یونیورسٹی سے ایم۔ اے کی ڈگری حاصل کی۔ شعر گوئی کا آغاز وہ تعلیم کے دوران ہی کر چکے تھے۔ وحشتؔ سے اصلاح لیتے تھے۔ استاد کو اپنے شاگرد کی صلاحیت کا علم تھا۔ جلد ہی انہیں اعتراف کرنا پڑا کہ اب اصلاح کی ضرورت نہیں۔ تعلیم سے فارغ ہونے کے بعد جمیل مظہری نے صحافت کے میدان میں قدم رکھا۔ یہ سلسلہ تقریباً چھ سال جاری رہا۔ اس دوران انہیں بہت کچھ لکھنے کا موقع ملا اور قلم میں روانی آئی۔ اس طرح نثر نگاری کا شوق ہوا۔ سیاسی مضامین، علمی مقالات، ناول اور افسانہ غرض انہوں نے بہت کچھ لکھا۔ ’’فرض کی قربان گاہ پر‘‘ ایک ناول لکھا جو بہت مقبول ہوا۔
صحافتی زندگی نے عملی سیاست کے لیے میدان ہموار کیا اور 1937 میں بہار کی کانگریسی حکومت میں پبلسٹی آفیسر مقرر ہوگئے۔ 1942 ء کانگریسی حکومت مستعفی ہوگئی تو جمیل مظہری بھی پبلسٹی آفیسر کی ذمہ داری سے کنارہ کش ہوگئے۔ آخرکار انہوں نے عملی سیاست کے خارزار سے کنارہ کر لیا اور پٹنہ یونیورسٹی میں اردو کے استاد کا منصب قبول کر لیا۔ 1964ء میں وہ ملازمت سے سبکدوش ہو کر اردو شعر و ادب کی خدمت کے لئے یکسو ہوگئے۔ غزلوں کا مجموعہ’’فکر جمیل‘‘ اور نظموں کا مجموعہ ’’نقش جمیل‘‘ کے نام سے شائع ہوا۔
علامہ جمیل مظہری نے نثر کی طرف بھی توجہ کی اور بہت کچھ لکھا لیکن کا اصل کارنامہ شاعری ہے۔ اپنے قدیم شعری سرمایے کا انہوں نے بہت توجہ سے مطالعہ کیا ہے اور اپنی کلاسیکی روایات سے متاثر ہیں اس لئے ان کی شاعری موضوع اور اسلوب دونوں اعتبار سے قدیم وجدید کا سنگم ہے۔ ان کے چند شعر یہاں پیش کیے جاتے ہیں؎
لکھے نہ کیوں نقش پائے ہمت قدم قدم پر مرا فسانہ
میں وہ مسافر ہوں جس کے پیچھے ادب سے چلتا رہا زمانہ
یہ تیزگاموں سے کوئی کہہ دے کہ راہ اپنی کریں نہ کھوٹی
سبک روی نے قدم قدم پر بنا دیا ہے اک آستانہ
یہ کیسی محفل ہے جس میں ساقی لہو پیالوں میں بٹ رہا ہے
مجھے بھی تھوڑی سی تشنگی دے کہ توڑ دوں یہ شراب خانہ