Font by Mehr Nastaliq Web

aaj ik aur baras biit gayā us ke baġhair

jis ke hote hue hote the zamāne mere

رد کریں ڈاؤن لوڈ شعر

مصنف : سعادت حسن منٹو

اشاعت : 001

ناشر : محمد طفیل

مقام اشاعت : لاہور, پاکستان

زبان : Urdu

موضوعات : افسانہ

صفحات : 197

معاون : اردو آرٹس کالج، حیدرآباد

تلخ، ترش اور شیریں
For any query/comment related to this ebook, please contact us at haidar.ali@rekhta.org

مصنف: تعارف

جھوٹی دنیا کا سچا افسانہ نگار

’’میری زندگی اک دیوار ہے جس کا پلستر میں ناخنوں سے
کھرچتا رہتا ہوں۔ کبھی چاہتا ہوں کہ اس کی تمام اینٹیں پراگندہ
کر دوں، کبھی یہ جی میں آتا ہے کہ اس ملبہ کے ڈھیر پر
اک نئی عمارت کھڑی کر دوں۔‘‘ منٹو

منٹو کی زندگی ان کے افسانوں کی طرح نہ صرف یہ کہ دلچسپ بلکہ مختصر بھی تھی۔ محض 42 سال 8 ماہ اور چار دن کی چھوٹی سی زندگی کا بڑا حصہ منٹو نے اپنی شرائط پر، نہایت لاپراوئی اور لاابالی پن سے گزارا۔ انھوں نے زندگی کو اک بازی کی طرح کھیلا اور ہار کر بھی جیت گئے۔ غیر اردو داں طبقہ اردو شاعری کو اگر غالب کے حوالہ سے جانتا ہے تو فکشن کے لئے اس کا حوالہ منٹو ہیں۔ 

ابنی تقریباً 20 سالہ ادبی زندگی میں منٹو نے 270 افسانے، 100 سے زیادہ ڈرامے، کتنی ہی فلموں کی کہانیاں اور مکالمے، اور ڈھیروں نامور اور گمنام شخصیات کے خاکے لکھ ڈالے۔ 20 افسانے تو انھوں نے صرف 20 دنوں میں اخبارات کے دفاتر میں بیٹھ کر لکھے۔ ان کے افسانے ادبی دنیا میں اک تہلکا مچا دیتے تھے۔ ان پر کئی بار فحش نگاری کے مقدمات چلے اور پاکستان میں 3 مہینے کی قید اور 300 جرمانہ بھی ہوا۔ پھر اسی پاکستان نے ان کے مرنے کے بعد ان کو ملک کے سب سے بڑے سیویلین ایوارڈ "نشان امتیاز" سے نوازا۔ جن افسانوں کو فحش قرار دے کر ان پر مقدمے چلے ان میں سے بس کوئی ایک بھی منٹو کو زندہ جاوید بنانے کے لئے کافی تھا۔ بات صرف اتنی تھی کہ بقول وارث علوی "منٹو کی بے لاگ اور سفّاک حقیقت نگاری نے بیشمار عقائد، مسلمات اور تصورات کو توڑا اور ہمیشہ شعلۂ حیات کو برہنہ انگلیوں سے چھونے کی جرات کی۔ منٹو کے ذریعے پہلی بار ہم ان حقائق سے آشنا ہوتے ہیں جن کا صحیح علم نہ ہو تو دل نرم و نازک اور آرام دہ عقائد کی تحویل میں چھوٹی موٹی شخصیتوں کی طرح جیتا ہے" منٹو نے خیالی کرداروں کی بجائے سماج کے ہر طبقے اور ہر طرح کے انسانوں کی رنگارنگ زندگیوں کو، ان کی نفسیاتی اور جذباتی تہہ داریوں کے ساتھ، اپنے افسانوں میں منتقل کرتے ہوئے معاشرہ کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کیا۔ منٹو کے پاس معاشرہ کو بدلنے کا نہ تو کوئی نعرہ ہے اور نہ خواب۔ اک ماہر حکیم کی طرح وہ مریض کی نبض دیکھ کر اس کا مرض بتا دیتے ہیں اب اس کا علاج کرنا ہے یا نہیں اور اگر کرنا ہے تو کیسے کرنا ہے یہ سوچنا مریض اور اس کے لواحقین کا کام ہے۔
 
سعادت حسن منٹو 11مئی 1912ء کو لدھیانہ کے قصبہ سمبرالہ کے ایک کشمیری گھرانے میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد کا نام مولوی غلام حسین تھا اور وہ پیشہ سے جج تھے۔ منٹو ان کی دوسری بیوی کے بطن سے تھے۔ اور جب زمانہ منٹو کی تعلیم و تربیت کا تھا وہ ریٹائر ہو چکے تھے۔ مزاج میں سخت گیری تھی اس لئے منٹو کو باپ کا پیار نہیں ملا۔ منٹو بچپن میں شریر کھلندڑے اور تعلیم کی طرف سے بے پروا تھے میٹرک میں دو بار فیل ہونے کے بعد تھرڈ ڈویزن میں امتحان پاس کیا۔ وہ اردو میں فیل ہو جاتے تھے۔ باپ کی سخت گیری نے ان کے اندر بغاوت کا جذبہ پیدا کیا۔ یہ بغاوت صرف گھر والوں کے خلاف نہیں تھی بلکہ اس کے دائرہ میں زندگی کے تمام مسلمہ اصول آ گئے۔ جیسے انھوں نے فیصلہ کر لیا ہو کہ انھیں زندگی اپنی اور صرف اپنی شرائط پر جینی ہے۔ اسی نفسیاتی گتھی کا اک دوسرا پہلو لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرنے کا شوق تھا۔ اسکول کے دنوں میں ان کا محبوب مشغلہ افواہیں پھیلانا اور لوگوں کو بیوقوف بنانا تھا مثلاً میرا فونٹن پن گدھے کی سینگ سے بنا ہے، لاہور کی ٹریفک پولیس کو برف کے کوٹ پہنائے جا رہے ہیں یا تاج محل امریکہ والوں نے خرید لیا ہے اور مشینوں سے اکھاڑ کر اسے امریکہ لے جائیں گے۔ انھوں نے چند ساتھیوں کے ساتھ مل کر "انجمن احمقاں" بھی قائم کی تھی۔ میٹرک کے بعد انہیں علی گڑھ بھیجا گیا لیکں وہاں سے یہ کہہ کر نکال دیا گیا کہ ان کو دق کی بیماری ہے۔ واپس آ کر انھوں نے امرتسر میں، جہاں ان کا اصل مکان تھا ایف اے میں داخلہ لے لیا۔ پڑھتے کم اور آوارہ گردی زیادہ کرتے اک رئیس زادے نے شراب سے تعارف کرایا اور موصوف کو جوئے کا بھی چسکا لگ گیا۔ شراب کے سوا، جس نے ان کو جان لے کر ہی چھوڑا، منٹو زیادہ دن کوئی شوق نہیں پالتے تھے۔ طبیعت میں اضطراب تھا۔ منٹو کا امرتسر کے ہوٹل شیراز میں آنا جانا ہوتا تھا وہیں ان کی ملاقات باری(علیگ) سے ہوئی۔ وہ اس وقت اخبار "مساوات" کے ایڈیٹر تھے۔ وہ منٹو کی ذہانت اور ان کے داخلی انتشار کو بھانپ گئے۔ انھوں نے نہایت مخلصانہ اور مشفقانہ انداز میں منٹو کو صحافت کی طرف مائل کیا۔ اور ان کو تیرتھ رام فیروزپوری کے ناول چھوڑ کر آسکر وائلڈ اور وکٹر ہیوگو کی کتابیں پڑھنے کی ترغیب دلائی۔ منٹو نے بعد میں خود اعتراف کیا کہ اگر ان کو باری صاحب نہ ملتے تو وہ چوری یا ڈاکہ کے جرم میں کسی جیل میں گمنامی کی موت مر جاتے۔ باری صاحب کی فرمائش پر منٹو نے وکٹر ہیوگو کی کتاب "دی لاسٹ ڈے آف اے کنڈیمنڈ مین" کا ترجمہ دس پندرہ دن کے اندر "سرگزشت اسیر" کے نام سے کر ڈالا باری صاحب نے اسے بہت پسند کیا، اس کی اصلاح کی اور منٹو "صاحب کتاب" بن گئے۔ اس کے بعد منٹو نے آسکر وائلڈ کے اشتراکی ڈرامے "ویرا" کا ترجمہ کیا، جس کی اصلاح اختر شیرانی نے کی۔ اور مسودہ پر اپنے دستخط کئے جس کی تاریخ 18 نومبر 1934ء ہے۔ باری صاحب انہیں دنوں "مساوات" سے الگ ہو کر "خلق" سے وابستہ ہو گئے۔ خلق کے پہلے شمارے میں منٹو کا پہلا طبع زاد افسانہ "تماشہ" شائع ہوا۔ 

1935ء میں منٹو بمبئی چلے گئے، ادبی حلقوں میں بطور افسانہ نگار ان کا تعارف ہو چکا تھا۔ ان کو پہلی ملازمت ہفتہ وار "پارس" میں ملی، تنخواہ 40 روپے ماہوار تھی لیکن مہینہ میں مشکل سے دس پندرہ روپے ہی ملتے تھے۔ اس کے بعد منٹو نذیر لدھیانوی کے ہفتہ وار "مصور" کے ایڈیٹر بن گئےان ہی دنوں انھوں نے"ہمایوں" اور "عالمگیر" کے روسی ادب نمبر مرتب کئے۔ کچھ دنوں بعد منٹو فلم کمپنیوں، امپیریل اور سروج میں تھوڑے تھوڑے دن کام کرنے کے بعد "سنے ٹون میں 100 روپے ماہوار پر ملازم ہوئے اور اسی ملازمت کے بل بوتے پر ان کا نکاح اک کشمیری لڑکی صفیہ سے ہو گیا جس کو انھوں نے کبھی دیکھا بھی نہیں تھا۔ یہ شادی ماں کے اصرار پر ہوئی۔ منٹو کی مفروضہ بد اطواریوں کی وجہ سے اقربا نے ان سے قطع تعلق کر لیا تھا۔ حقیقی بہن بمبئی میں موجود ہونے کے باوجود نکاح میں شریک نہیں ہوئیں۔ 

بمبئی میں قیام کے دوران منٹو نے ریڈیو کے لئے لکھنا شروع کر دیا تھا۔ ان کو 1940ء میں آل انڈیا ریڈیو دہلی میں ملازمت مل گئی یہاں ن۔ م راشد کرشن چندر اور اوپندر ناتھ اشک بھی تھے۔ منٹو نے ریڈیو کے لئے 100 سے زائد ڈرامے لکھے۔ منٹو کسی کو خاطر میں نہیں لاتے تھے۔ اشک سے برابر ان کی نوک جھونک چلتی رہتی تھی۔ ایک بار منٹو کے ڈرامے میں اشک اور راشد کی سازش سے ردوبدل کر دیا گیا اور بھری میٹنگ میں اس کی نکتہ چینی کی گئی منٹو اپنی تحریر میں ایک لفظ کی بھی اصلاح گوارہ نہیں کرتے تھے۔ گرما گرمی ہوئی لیکن فیصلہ یہی ہوا کہ اصلاح شدہ ڈرامہ ہی نشر ہو گا۔ منٹو نے ڈرامے کا مسودہ واپس لیا نوکری کو لات ماری اور بمبئی واپس آ گئے۔ 

بمبئی آ کر منٹو نے فلم "خاندان "کے شہرت یافتہ ڈائرکٹر شوکت رضوی کی فلم "نوکر" کے لئے مکالمے لکھنے شروع کر دئے۔ انھیں پتہ چلا کہ شوکت کچھ اور لوگوں سے بھی مکالمے لکھوا رہے ہیں۔ یہ بات منٹو کو بری لگی اور وہ شوکت کی فلم چھوڑکر 100 روپے ماہوار پر بطور مکالمہ نویس فلمستان چلے گئے یہاں ان کی دوستی اشوک کمار سے ہو گئی۔ اشوک کمار نے بمبئی ٹاکیز خرید لی تو منٹو بھی ان کے ساتھ بمبئی ٹاکیز چلے گئے۔ اس عرصہ میں ملک تقسیم ہو گیا تھا۔ فرقہ وارانہ فسادات شروع ہو گئے تھے اور بمبئی کی فضا بھی کشیدہ تھی۔ صفیہ اپنے عزیزوں سے ملنے لاہور گئی تھیں اور فسادات کی وجہ سے وہیں پھنس گئی تھیں۔ ادھر اشوک کمار نے منٹو کی کہانی کو نظر انداز کر کے فلم محل کے لئے کمال امروہی کی کہانی پسند کر لی تھی منٹو اتنے بد دل ہوئے کہ ایک دن کسی کو بتائے بغیر پانی کے جہاز سے پاکستان سدھار گئے۔ 

پاکستان میں تھوڑے دن ان کی آؤ بھگت ہوئی پھر ایک ایک کر کے سب آنکھیں پھیرتے چلے گئے۔ پاکستان پہنچنے کے کچھ ہی دنوں بعد ان کی کہانی "ٹھنڈا گوشت" پر فحاشی کا الزام لگا اور منٹو کو 3 ماہ کی قید اور 300 جرمانہ کی سزا ہوئی۔ اس پر کتّا بھی نہیں بھونکا۔ سزا کے خلاف پاکستان کے ادبی حلقوں سے کوئی احتجاج نہیں ہوا الٹے کچھ لوگ خوش ہوئے کہ اب دماغ ٹھیک ہو جائے گا۔ اس سے پہلے بھی ان پر اسی الزام میں کئی مقدمے چل چکے تھے لیکن منٹو سب میں بچ جاتے تھے۔ سزا کے بعد منٹو کا دماغ ٹھیک تو نہیں ہوا، سچ مچ خراب ہو گیا۔ یار لوگ انھیں پاگل خانے چھوڑ آئے۔ اس بیکسی، ذلت و خواری کے بعڈ منٹو نے ایک طرح سے زندگی سے ہار مان لی شراب نوشی حد سے زیادہ بڑھ گئی۔ آمدنی کا کوئی ذریعہ کہانیاں بیچنے کے سوا نہیں تھا۔ اخبار والے 20 روپے دے کراور سامنے بٹھا کر کہانیاں لکھواتے۔ خبریں ملتیں کہ ہر شناسا اور غیر شناسا سے شراب کے لئے پیسے مانگتےہیں۔ بچی کو ٹائفائڈ ہو گیا بخار میں تپ رہی تھی۔ گھر میں دوا کے لئے پیسے نہیں تھے بیوی پڑوسی سے ادھار مانگ کر پیسے لائیں اور ان کو دئے کہ دوا لے آئیں وہ دوا کی بجائے اپنی بوتل لے کر آگئے۔ صحت دن بہ دن بگڑتی جا رہی تھی لیکن شراب چھوڑنا تو دور، کم بھی نہیں ہو رہی تھی۔ وہ شائد مر ہی جانا چاہتے تھے۔ 18 اگست 1954 کو انھوں نے ظفر زبیری کی آٹوگراف بک پر لکھا تھا:

                                        786
                                       کتبہ
   یہاں سعادت حسن منٹو دفن ہے۔ اس کے سینہ میں افسانہ نگاری کے سارے اسرار و رموز دفن ہیں۔ 
     وہ اب بھی منوں مٹی کے نیچے سوچ رہا ہے کہ وہ بڑا افسانہ نگار ہے یا خدا۔ 
                                                    سعادت حسن منٹو
                                                                    18 اگست 1954 

 اسی طرح ایک جگہ لکھا، "اگر میری موت کے بعد میری تحریروں پر ریڈیو، لائبریریوں کے دروازے کھول دئے جائیں اور میرے افسانوں کو وہی رتبہ دیا جائے جو اقبال مرحوم کے شعروں کو دیا جا رہا ہے تومیری روح سخت بے چین ہو گی اور میں اس بے چینی کے پیش نظر اس سلوک سے بیحد مطمئن ہوں جو مجھ سے روا رکھا گیا ہے" دوسرے الفاظ میں منٹو کہہ رہے تھے، ’’ذلیلو! مجھے معلوم ہے کہ میرے مرنے کے بعد تم میری تحریروں کو اسی طرح بوسے دو گے اور آنکھوں سے لگاؤ گے جیسے مقدس صحیفوں کو لگاتے ہو۔ لیکن میں لعنت بھیجتا ہوں تمھاری اس قدردانی پر۔ مجھے اس کی کوئی ضرورت نہیں۔‘‘ 17 جنوری کی شام کو منٹو دیر سے گھر لوٹے۔ تھوڑی دیر کے بعد خون کی قے کی۔ رات میں طبیعت زیادہ خراب ہوئی ڈاکٹر کو بلایا گیا اس نے اسپتال لے جانے کا مشورہ دیا۔ اسپتال کا نام سن کر بولے "اب بہت دیر ہو چکی ہے مجھے اسپتال نہ لے جاؤ" تھوڑی دیر بعد بھانجے سے چپکے سے کہا، "میرے کوٹ کی جیب میں ساڑھے تین روپے ہیں ان میں کچھ پیسے لگا کر مجھے وہسکی منگا دو۔" وہسکی منگائی گئی۔ کہا دو پیگ بنا دو۔ وہسکی پی تو درد سے تڑپ اٹھے اور غشی طاری ہو گئی۔ اتنے میں ایمبولنس آئی۔ پھر وہسکی کی فرمائش کی۔ ایک چمچہ وہسکی منہ ڈالی گئی لیکن ایک قطرہ بھی حلق سے نہیں اتری سب منہ سے بہہ گئی۔ ایمبولنس میں ڈال کر اسپتال لے جایا گیا۔ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔ 

دیکھا آپ نے ! منٹو نے خود کوبھی اپنی زندگی کے افسانے کا جیتا جاگتا کردار بنا کر دکھا دیا تاکہ قول و عمل میں کوئی تضاد نہ رہے۔ کیا منٹو نے نہیں کہا تھا، "جب تک انسانوں میں اور سعادت حسن منٹو میں کمزوریاں موجود ہیں، وہ خوردبین سے دیکھ کر انسان کی کمزوریوں کو باہر نکالتا اور دوسروں کو دکھاتا رہے گا۔ لوگ کہتے ہیں یہ سراسر بیہودگی ہے۔ میں کہتا ہوں بالکل درست ہے۔ اس لئے کہ میں بیہودگیوں اور خرافات ہی کے متعلق لکھتا ہوں۔" 

لوگ کہتے ہیں کہ منٹو کو فحش نگار کہنا ان کی توہیں ہے۔ دراصل ان کو محض افسانہ نگار کہنا بھی ان کی توہین ہے اس لئے کہ وہ افسانہ نگار سے زیادہ حقیقت نگار ہیں اور ان کی نگارش کسی عظیم مصور سے کم درجہ کی نہیں۔ یہ کردار نگاری اتنی طاقتور ہے کہ لوگ کرداروں میں ہی گم ہو کر رہ جاتے ہیں اور کردار نگار کے آرٹ کی باریکیاں پس پشت چلی جاتی ہیں۔ منٹو افسانہ نگار نہ ہوتے تو بہت بڑے شاعر یا مصور ہوتے۔ 

 منٹو کی فنّی خصوصیات سب سے جدا ہیں۔ انھوں نے افسانے کو حقیقت اور زندگی سے بالکل قریب کر دیا۔ اور اسے خاص پہلوؤں اور زاویوں سے قاری تک پہنچایا۔ عوام کو ہی کردار بنایا اور عوام ہی کے انداز میں عوام کی باتیں کیں۔ اس میں شک نہیں کہ فکشن میں پریم چند اور منٹو کی وہی حیثیت ہے جو شاعری میں میر اور غالب کی۔ 

.....مزید پڑھئے
For any query/comment related to this ebook, please contact us at haidar.ali@rekhta.org

مصنف کی مزید کتابیں

مصنف کی دیگر کتابیں یہاں پڑھئے۔

مزید

مقبول و معروف

مقبول و معروف اور مروج کتابیں یہاں تلاش کریں

مزید
بولیے