Font by Mehr Nastaliq Web

aaj ik aur baras biit gayā us ke baġhair

jis ke hote hue hote the zamāne mere

رد کریں ڈاؤن لوڈ شعر

جب رن میں سر بلند علی کا علم ہوا

میر انیس

جب رن میں سر بلند علی کا علم ہوا

میر انیس

1

جب رن میں سر بلند علی کا علم ہوا

فوجِ خدا پہ سایۂ ابرِ کرم ہوا

چرخ زبر جدی پے تسلیم خم ہوا

پنجے پہ سات بار تصدق حشم ہوا

دیکھا نہ تھا کبھی جو علم اس نمود کا

دونوں طرف کی فوج میں غل تھا درود کا

2

وہ شان اس علم کی وہ عباس کا جلال

نخلِ زمردی کے تلے تھا علی کا لال

پرچم پہ جان دیتی تھیں پریوں کا تھا یہ حال

غل تھا کہ دوشِ حور پہ بکھرے ہوئے ہیں بال

ہر لہر آبدار تھی کوثر کی موج سے

طوبیٰ بھی دب گیا تھا پھریرے کی اوج سے

3

تھا پنجتن کا نور جو پنجے میں جلوہ گر

اعمیٰ کی پتلیوں میں بھی تھا روشنی کا گھر

ذرے نثار کرتے تھے اٹھ اٹھ کے اپنا زر

تکتے تھے فوق سے تو ملک تخت سے بشر

اللہ ری چمک علمِ بوتراب کی

تارِ نظر بنی تھی کرن آفتاب کی

4

قربان احتشام علمدار نام ور

رخ پر جلالت شہ مرداں تھی سر بسر

چہرہ تو آفتاب سا اور شیر کی نظر

قبضے میں تیغ بر میں زرہ دوش پر سپر

چھایا تھا رعب لشکرِ ابنِ زیادؔ پر

غل تھا چڑھے ہیں شیر الٰہی جہاد پر

5

وہ اوج وہ جلال وہ اقبال وہ حشم

وہ نور وہ شکوہ وہ توقیر وہ کرم

پنجے کی وہ چمک وہ سر افرازیِ علم

گرتی تھی برق فوجِ مخالف پہ دم بہ دم

کیا رفعتِ نشانِ سعادت نشان تھی

سائے میں جس نشان کے طوبیٰ کی شان تھی

6

پنجہ اٹھا کے ہاتھ یہ کہتا تھا بار بار

عالم میں پنجتن کی بزرگی ہے آشکار

یہ شش جہت انہیں کے قدم سے ہے برقرار

کیوں ہفتہ دوست ہوتےہو اے قوم نابکار

آٹھوں بہشت ملتے ہیں مولا کے نام سے

بیعت کرو حسین علیہ السلام سے

7

غرفوں سے جھانک جھانک کے بولی ہر ایک حور

صلِ علیٰ علم کی چمک ہے کہ برق طور

یارب رہے نگاہ بد اس کی ضیا سے دور

پنجہ ہے یہ کہ ایک جگہ پنجتن کا نور

جلوے ہیں سب محمد و حیدر کی شان کے

قربان اس جواں کے نثار اس نشان کے

8

آگے کبھی نہ دیکھی تھی اس حسن کی سپاہ

دنیا بھی خوبیوں کا مرقع ہے واہ واہ

دیکھیں کسے کسے کہ ہے ایک ایک رشکِ ماہ

جاتی ہے جس کے رخ پہ تو پھرتی نہیں نگاہ

دیکھو انہیں دموں سے ہے رونق زمین کو

چن کر حسین لائے ہیں کس کس حسین کو

9

شہرہ بہت تھا حسن میں کنعاں کے ماہ کا

قصہ سنا ہوا ہے زلیخا کی چاہ کا

یاں آفتاب کو نہیں یارا نگاہ کا

یوسف ہے ایک ایک جواں اس سپاہ کا

سنتے تھے ہم کہ عالمِ ایجادِ زشت ہے

ایسے چمن کھلے ہیں کہ دنیا بہشت ہے

10

ہم شکل مصطفیٰ کا ہے کیا حسن کیا جمال

صبحِ جبیں بھی اور شبِ گیسو بھی بے مثال

یہ لب یہ خط یہ چشم یہ ابرو یہ رخ یہ خال

یاقوت و مشک و نرگس و نجم و مہ و ہلال

اک گل پہ یاں ہزار طرح کی بہار ہے

چہرہ نہ کہیے قدرتِ پروردگار ہے

11

لخت دلِ حسن بھی ہے کس مرتبہ حسیں

جس کے چراغ حسن سے روشن ہے سب زمیں

یہ زلف مشک بیز یہ آئینہ جبیں

سرمایۂ خطا و ختن کائنات چیں

رخ کی بلائیں لیتی ہیں پریاں کھڑی ہوئی

سہرے کی ہر لڑی سے ہیں آنکھیں لڑی ہوئی

12

نامِ خدا ہیں عون و محمد بھی کیا شکیل

اک مہر بے نظیر ہے اک بدرِ بے عدیل

افروختہ ہیں رخ یہ شجاعت کی ہے دلیل

ہمت بڑی ہے گو کہ ہیں عمریں ابھی قلیل

مثلِ علی ہیں جنگ و جدل پر تلے ہوئے

دونوں کے نیمچوں کے ہیں ڈورے کھلے ہوئے

13

عباس نام ور بھی عجب سج کا ہے جوان

نازاں ہے جس کے دوشِ منور پہ خود نشان

حمزہ کا رعب صولت جفرؔ علی کی شان

ہاشم کا دل حسین کا بازو ، حسن کی جان

کیوں کر نہ عشق ہو شہ گردوں جناب کو

حاصل ہیں سیکڑوں شرف اس آفتاب کو

14

اس مہر کو تو دیکھو یہ ذرے ہیں جس کے سب

سرتاج آسمان و زمیں نورِ عرش رب

ابرِ کرم خدیو عجم خسرو عرب

عالی ہمم امامِ امم شاہِ تشنہ لب

جنباں زبانِ خشک ہے ذکر الٰہ میں

گویا کھڑے ہیں ختم رسل رزمگاہ میں

15

کیا فوج تھی حسین کی اس فوج کے نثار

ایک ایک آبروئے عرب فخرِ روزگار

جرار و دیں پناہ نمودار نامدار

لڑکوں میں سبزہ رنگ کوئی کوئی گل عذار

فوجیں کوئی سماتی تھیں ان کی نگاہ میں

وہ سب پلے تھے بیشہ شیر الہٰ میں

16

ایک ایک ملک جرأت و ہمت کا بادشاہ

کیواں خدم سپہر حشم عرشِ بارگاہ

آنکھیں غزالِ رشک مگر شیر کی نگاہ

وہ رعب چتونوں میں کہ اللہ کی پناہ

دیکھا تو دل کو توڑ کے برچھی نکل گئی

ابرو ذرا جو ہل گئے تلوار چل گئی

17

وہ اشتیاقِ جنگ میں لڑکوں کے ولولے

بے تاب تھے کہ دیکھیے تلوار کب چلے

چہرے وہ آفتاب سے وہ چاند سے گلے

سب فاطمہ کی بیٹیوں کی گود کے پلے

اک اک رسولِ حق کی لحد کا چراغ تھا

جس پر علی نے کی تھی ریاضت وہ باغ تھا

18

اکبر سے عرض کرتے تھے سینہ سپر کیے

یہ نیمچے نہ لیویں گے دم بے لہو پییے

گر آج مر گئے تو قیامت تلک جیے

صدقے ہوں اس قدم پہ یہ سر ہیں اسی لیے

آقا کے آگے لطف ہے تیغ آزمائی کا

آج آپ دیکھیے گا تماشا لڑائی کا

19

بچپن پہ خادمانِ او لوالعزم کے نہ جائیں

جب چاہیں معرکے میں ہمیں آپ آزمائیں

تن تن کے روکیں برچھیاں ہنس ہنس کے زخم کھائیں

بجلی گر ےتو منہ پہ جھجک کر سپر نہ لائیں

جھپکے پلک کسی سے تو آنکھیں نکالیے

بڑھ کر ہٹیں جو پانوں تو سر کاٹ ڈالیے

20

کہتے تھے مسکرا کے یہ زینب کے دونوں لال

کھلتے ہیں خود دلیروں کے جوہر دمِ جدال

ہر وقت چاہیے مددِ شیر ذو الجلال

نعرے ابھی کریں تو ہلے عرصۂ قتال

اتری ہے تیغ جن کے لیے وہ دلیر ہیں

ہم سب کو جانتے ہیں کہ شیروں کے شیر ہیں

21

یہ چہچہے جو کرتے تھے باہم وہ گلعذار

شپیر دیکھتے تھے کنکھیوں سے بار بار

پاس آ کے عرض کرتے تھے عباسِ نامدار

سنتے ہیں آپ کہتے ہٰن جو کچھ یہ جاں نثار

جرأت ٹپک رہی ہے ہر اک کے کلام سے

یہ نیمچے رکیں گے بھلا فوجِ شام سے

22

یہ سن یہ زور شور یہ عمریں یہ آن بان

یہ بھولے بھولے منہ پہ جواں مرد یا ں یہ شان

باتیں رجز سے کم نہیں اللہ رے خوش بیان

چلتی ہے ذوالفقار علی کی طرح زبان

کس دبدبے سے کاندھوں پہ نیزے سنبھالے ہیں

گویا چلن لڑائی کا سب دیکھے بھالے ہیں

23

زینب کے لاڈلوں کی طرف دیکھیے حضور

مثلِ عرق ٹپکتا ہے پیشانیوں سے نور

رخ پر جلال شیر خدا کا ہے سب ظہور

پر تو گلوں کا ہے کہ چمکتی ہے برقِ طور

دونوں میں صاف حیدر و جعفر کے طور ہیں

اللہ کی پناہ یہ تیوری ہی اور ہیں

24

یہ ذکر تھا کہ بجنے لگا طبل اس طرف

مشکل کشائی کی فوج نے باندھی ادھر بھی صف

تیروں نے رخ کیا سوئے ابنِ شہ نجف

سینوں کو غازیوں نے ادھر کر دیا ہدف

تھا بسکہ شوقِ جنگ ہر اک رشکِ ماہ کو

جوش آ گیا وغا کا حسینی سپاہ کو

25

غصے سے آفتاب ہوئے مہ وشوں کے رنگ

فوجوں پہ جا پڑیں یہ دلوں کی ہوئی امنگ

تن تن کے برچھیاں جو سنبھالیں برائے جنگ

بے چین ہو گئے فرسِ ابلق و سرنگ

پاسِ ادب سے شاہ کے صف بڑھ کے تھم گئی

پٹری ہر اک سوار کی گھوڑے پہ جم گئی

26

تنتا ہوا بڑھا کوئی قبضے کو چوم کے

بھالا کسی نے رکھ لیا کاندھے پہ جھوم کے

بولا کوئی یہ غول ہیں کیا شام و روم کے

ٹکڑے اڑائیں گے عمر و شمر شوم کے

نامرد ہیں جو آنکھ چراتے ہیں مرد سے

دونوں کو چار کر کے پھریں گے نبرد سے

27

دو لاکھ سے نظر کسی غازی کی لڑ گئی

بل کھا کے رخ پہ زلف کسی کی اکڑ گئی

چتون کسی کی شورِ دہل سے بگڑ گئی

منہ سرخ ہو گیا شکن آبرو پہ پڑ گئی

نکلا کوئی سمند کو رانوں میں داب کے

غصے سے رہ گیا کوئی ہونٹوں کو چاب کے

28

بڑھ کر کسی نے تیر ملایا کمان سے

نیزہ کوئی ہلانے لگا آن بان سے

نعرہ کسی کا پار ہوا آسمان سے

تلوار کھینچ لی کسی صفدر نے میان سے

ایک شور تھا کہ تلخ کیا ہے حیات کو

لاشوں سے چل کے پاٹ دو نہرِ فرات کو

29

سنتے ہی یہ کلام جو انانِ نام ور

لڑکے الگ کھڑے ہوئے غول اپنا باندھ کر

کہتے تھے نیمچے لیے وہ غیرتِ قمر

یارب شکست کوفیوں کو دے ہمیں ظفر

سر کے نہ پھر وغا میں جو بڑھ کے قدم گڑے

جاکر درِ یزید پہ اپنا علم گڑے

30

عباس شہ سے کہتے تھے بپھرے ہوئے ہیں شیر

تیر اس طرف سے آ چکے اب کس لیے ہے دیر

دو دن کی بھوک پیاس میں ہیں زندگی سے سیر

مولا غلام سے نہیں رکنے کے یہ دلیر

پاسِ ادب سے غیظ کو ٹالے ہوئے ہیں یہ

شیر خدا کی گود کے پالے ہوئے ہیں یہ

31

کس کو ہٹائے کس کو سنبھالے یہ جاں نثار

مرنے پہ ایک دل ہیں بہتر وفا شعار

ہے مصلحت کو دیجیے اب اذن کار زار

ایسا نہ ہو کہ جا پڑیں شکر پہ ایک بار

برہم ہیں سر کشی پہ سوارانِ شام کی

اکبر کی بات مانتے ہیں نہ غلام کی

32

جب روکتا ہوں میں انہیں اے آسماں سریر

کہتے ہیں کیوں امام کی جانب لگائے تیر

باندھے ہے سر کشی پہ کمر لشکرِ شریر

ہنگام جنگ شیر کے بچے ہوں گوشہ گیر

کس قہر کی نظر سے لعینوں کو تکتے ہیں

بچوں کو ہے یہ غیظ کہ آنسو ٹپکتے ہیں

33

اک اک جری کو تشنہ جرأت کا جوش ہے

عالم ہے بے خودی کا پہ مرنے کا ہوش ہے

ہر صف میں یا علی ولی کا خروش ہے

کہتے ہیں بار بار کہ سر بارِ دوش ہے

مشتاق ہیں وہ پیاس میں تیغوں کے گھاٹ کے

ڈر ہے کہ مر نہ جائیں گلے کاٹ کاٹ کے

34

حسرت سے کی سوئے رفقا شاہ نے نظر

بولے حبیب نذر کو حاضر ہیں سب کے سر

فرمایا شہ نے ہم بھی ہیں آمادۂ سفر

اچھا بڑھے جہاد کو ایک ایک نام ور

یہ راہِ حق ہے جو قدم آگے بڑھائے گا

دربارِ مصطفی میں وہی پہلے جائے گا

35

مژدہ یہ سن کے شاد ہوئے غازیانِ دیں

اک اک دلیر جانے لگا سوئے فوج کیں

جب نعرہ زن ہوئے صفتِ شیر خشمگیں

تھرائے آسماں کے طبق ہل گئی زمیں

برپا تھا شورِ حشر دلیروں کی حرب سے

فوجیں تو کیا جہاں تہہ و بالا تھا ضرب سے

36

اللہ رے جہاد حبیب و زہیرقین

گویا بپا تھا معرکۂ خندق و حنین

جب مر گئے وہ عاشقِ سلطان مشرقین

مقتل میں پیٹتے ہوئے دوڑے گئے حسین

یوں جاکے روئے ان کے تنِ پاش پاش پر

جس طرح بھائی روتا ہے بھائی کی لاش پر

37

خالی ہوا قدیم رفیقوں کا جب پرا

کانپا سپہر شہ نے دمِ سردیوں بھرا

کٹنے لگا عزیزوں کا بھی جب چمن ہرا

گہ روئے آپ ہاتھ جگر پر کبھی دھرا

لڑکے جو یک بہ یک کئی ہاتھوں سے کھو گئے

ٹکڑے حسن کی طرح کلیجے کے ہو گئے

38

تھی قہر حق عقیل کے پوتوں کی کارزار

شمشیر حیدری کا نمونہ تھے جن کے وار

عزت عرب کی رکھ گئے جعفر کے یادگار

تھے تین چار شیر کہ جھپٹے سوئے شکار

فتح و ظفر تھی مثلِ علی اختیار میں

پنجے میں تھا وہی جسے تاکا ہزار میں

39

نکلے برادران علمدارِ صف شکن

دکھلا دیے علی کی لڑائی کے سب چلن

بے سر تھے مورچوں میں جوانانِ پیل تن

لاشوں پہ لاشیں گرتی تھیں پڑتا تھارن پہ رن

آنکھوں میں پھر رہی تھی چمک زوالفقار کی

عباس داد دیتے تھے ایک ایک وار کی

40

تھا چھوٹے بھائیوں کے لیے مضطرب جو دل

گہ شہ کے پاس تھے کبھی لشکر کے متصل

نعرہ یہ تھا کہ شیر ہے ماں کا تمہیں بحل

شیرو رکے نہ ہاتھ بدن گو ہے مضمحل

یہ وقتِ آبرو ہے بڑی جد و کد کرو

ہاں بھائیو امام کی اپنے مدد کرو

41

الٹو پروں کو بڑھ کے صفوں کو بچھا کے آؤ

ساحل کے پاس خون کا دریا بہا کے آؤ

جب باگ اٹھاؤ فوج کے اس پار جا کے آؤ

یا مر کے آؤ یا انہیں رن سے بھگا کے آؤ

ہاں صفدر و نشاں نہ رہے فوجِ شام کا

بیٹوں کو پاس چاہیے بابا کے نام کا

42

رہ کر حسین کہتے تھے بھائی سے دم بہ دم

دولت پدر کی لٹتی ہے اور دیکھتے ہیں ہم

جینے نہ دے گا آہ ہمیں بھایئوں کا غم

عباس عرض کرتے تھے اے قبلۂ امم

اب باپ کی جگہ شہ عالی مقام ہیں

صدقے نہ کس طرح ہوں کہ ہم سب غلام ہیں

43

بے جاں ہوئے جو راہِ خدا میں دو شیرِ نر

حضرت ضعیف ہو گئے خم ہو گئی کمر

ماتم میں تھے کہ موت نے لوٹا حسن کاگھر

اک دم میں قتل ہو گئے دونوں جواں پسر

سب چل بسے نبی و علی پاس رہ گئے

ستر دو تن میں اکبر و عباس رہ گئے

44

آیا نظر جو لاشۂ نوشاہِ نیک خو

اکبر کی چشمِ تر سے ٹپکنے لگا لہو

کی غیظ کی نظر طربِ لشکرِ عدو

پہلے سے آئے روتے ہوئے شہ کے روبرو

نکلی یہ بات جوشِ بکا میں زبان سے

قاسم کے ساتھ جائیں گے ہم بھی جہان سے

45

بچپن سے ہم سے یہ نہ ہوئے تھے کبھی جدا

سوئے تو ایک فرش یہ کھیلے تو ایک جا

طفلی کا ساتھ چھوٹ گیا وامصیبتا

مرجائے ایسا بھائی تو جینے کا لطف کیا

حسرت یہ ہے کہ تیغوں سے تن پاش پاش ہو

پہلو میں ابنِ عم کے ہماری بھی لاش ہو

46

شہ نے کہا کہ سچ ہے یہ ایسا ہی ہے الم

خالق جہاں میں بھائی کا بھائی کو دے نہ غم

بازو کا ٹوٹنا اجل آنے سے کیا ہے کم

مر مر کے غم میں بھائی حسن کے جیے ہیں ہم

تازہ تھا غم پدر کا خوشی دل سے فوت تھی

عباسِ نامدار نہ ہوتے تو موت تھی

47

بھائی کے بعد ان سے ملی لذتِ حیات

بے کس کے غم گسار تھے یہ یا خدا کی ذات

خالی نہ پائی مہرو مروت سے کوئی بات

سویا جو میں تو ان کو کٹی جاگنے میں رات

صدمے بھلائے دل سے حسن کی جدائی کے

رونے نہیں دیا مجھے ماتم میں بھائی کے

48

ہے ان کے اتحاد کا سب سے جدا مزا

بیٹے کا لطف بھائی کاحظ باپ کا مزا

ملتا ہے بات بات میں ہر دم نیا مزا

اوجھل یہ آنکھ سے ہوں تو جینے کا کیا مزا

قائم رکھے خدا کہ علی کے نشان ہیں

مالک یہی ہیں گھر کے یہی تن کی جان ہیں

49

قوت جگر کی تم ہو تو یہ بازوؤں کا زور

بچھڑا جو دو میں ایک تو پھر میں کنار گور

ہوتا ہے زخمِ دل پہ نمک آنسوؤں کا شور

جب پتلیاں جدا ہوں تو چشمِ بشر ہے کور

تم پہلوؤں میں تھے جو یہ بے کس سنبھل گیا

پھر خاتمہ ہے جسم سے جب دم نکل گیا

50

ان سے نشان علی کا ہے تم سے ہمارا نام

گھر ہٹ گیا نبی کا جو دونوں ہوئے تمام

میت کے دفن کا بھی مقدم ہے انتظام

مرنے کے بعد کوئی توآئے ہمارے کام

تربت پہ تم سے گل ہوں تو دل باغ باغ ہو

اندھیر ہے جو قبر پدر بے چراغ ہو

51

کیجو نہ ذکر ہجر پہ صدمہ ہے دل خراش

بہرِ پدر کرو کفن و گور کی تلاش

ہوگا یہ جسم ظلم کی تیغوں سے پاش پاش

دو شخص چاہیے کہ اٹھائیں ہماری لاش

رونے کوکوئی دوست نہ یارو سرہانے ہو

فرزند پائینتی ہو برادر سرہانے ہو

52

اکبر نے سن کے باپ سے یہ اشکِ خوں بہائے

عباس بول اٹھے نہ خدا وہ گھڑی دکھائے

ہے زندگی یہی کہ ہمیں پہلے موت آئے

خاک اس غلام پر کہ جو آقا کی لاش اٹھائے

دستِ قوی ہیں نیزہ وصمصام کے لیے

پائیں ہیں کیا یہ ہاتھ اسی کام کے لیے

53

بس گر پڑا یہ کہہ کے قدم پر وہ باوفا

جھک کر کہا حسین نے بھائی یہ کیا کیا

قاسم کا ذکر کرتے تھے ہم شکلِ مصطفی

باتیں تو ان سے تھٰں تمہیں کیوں غیظ آ گیا

ہم تم تو ساتھ گلشنِ ہستی سے جائیں گے

اچھا ہماری لاش کو اکبر اٹھائیں گے

54

اٹھے قدم سے آپ کی الفت کے میں نثار

غصے میں بھول جاتے ہو بھیا ہمارا پیار

آنکھیں قدم پر مل کے یہ بولا وہ نام دار

بے اذن جنگ سر نہ اٹھائیں گا خاکسار

ایسا نہ ہوں خجل ہوں رسالت مآب سے

پہلے مروں گا اکبرِ عالی جناب سے

55

صدقہ علی کی روح کا اکبر کو رو کیے

دے کر قسم شبیہ پیمبر کو روکیے

نورِ نگاہِ بانوئے بے پر کو روکیے

اے آفتابِ دیں مہِ انور کو روکیے

پہلے رضا ملے تو بہت نیک نام ہوں

آقا یہ شاہزادہ ہے اور میں غلام ہوں

56

شہ نے کہا کہ سر تو قدم سے اٹھائیے

لیجے رضائے جنگ نہ آنسو بہائیے

فرقت میں ہم مریں کہ جئیں خیر جائیے

اپنی سکینۂ جان سے جاکر مل آئیے

زوجہ کو پیٹتے ہوئے سر دیکھ لیجیے

بچوں کو اور ایک نظر دیکھ لیجیے

57

عباس شہ کے گرد پھرے آٹھ کے سات بار

بھائی کو گھر میں لے کےچلے شاہِ ذی وقار

بولا یہ پیک شاطر فوجِ ستم شعار

لو اذن جنگ پا چکے عباس نام دار

خود دیکھ کر یہ حال پھرا ہوں میں راہ سے

ملنے گئے ہیں خیمے میں ناموسِ شاہ سے

58

تھے آگے آگے ہاتھوں سے تھامے کمر امام

نعرہ یہ دم بہ دم تھا کہ اب ہم ہوئے تمام

تیغوں سے گھاٹ روک لو آیا وہ نیک نام

اب معرکہ ہے قبر کا اے ساکنانِ شام

دیکھو بچے رہو کہ لڑائی ہے شیر سے

چھوٹے گی مشکلوں میں ترائی دلیر سے

59

دل مل گئے سپاہ کے سنتے ہی یہ خبر

کانپے مثالِ بید جو انانِ پر جگر

ہل چل میں اس طرف کے پرے ہو گئے ادھر

ساحل سے ہٹ کے نہر پکاری کہ الحذر

پیچھے ہٹیں صفیں یہ تلاطم عیاں ہوا

دریا جو باڑھ پر تھا وہ الٹا رواں ہوا

60

ٹوٹے وہ مورچے جو بندھے تھے پۓ جدال

برچھی گری زمیں پہ کسی کی کسی کی ڈھال

اللہ ری ہیبتِ خلفِ شیر ذوالجلال

کانپی زمیں کھڑے ہوئے روئیں تنوں کے بال

منہ زرد ہو کے رہ گیا ہر نوجوان کا

دشتِ نبرد کھیت بنا زعفران کا

61

تھا شش جہت میں غل کہ یہ ہے روزِ انقلاب

الٹے گا اس زمیں کا ورق ابنِ بوتراب

اس شیر پر نہ ہوگی کوئی فوج فتح یاب

بس اب بنائے عالمِ امکاں ہوئی خراب

حملہ غضب ہے بازوئے شاہِ حجاز کا

لنگر نہ ٹو جائے زمیں کے جہاز کا

62

ڈر ہے ہوا تھی ایک طرف گرد اک طرف

بھرتے تھے خیبری بھی دمِ سرد اک طرف

سمٹے ہوئے تھے کوفے کے نامرد اک طرف

تھے رو سیاہ شام کے سب زرد اکطرف

بھاگے تھے نیزہ باز لڑائی کو چھوڑ کے

ضیغم نکل گئے تھے ترائی کو چھوڑ کے

63

تھی ابتری سپاہِ ضلالت شعار میں

اس صف میں تھی وہ صف یہ قطار اس قطار میں

سو بار جو لڑے تھے اکیلے ہزار میں

وہ جائے امن ڈھونڈھتے تھے کارزار میں

چہرے تھے زرد خوف سے حیدر کے لال کے

نامرد منہ چھپائے تھے گھونگھٹ میں ڈھال کے

64

سر کو دہائے فوجِ مخالف تھے بے حواس

کچھ شمر کے قریب تھے کچھ تھے عمرکے پاس

سب کا یہ قول تھا کہ ہوئی زندگی سے یاس

ضرب علی ہے ضربِ علمدارِ حق شناس

طاقت سے ہیں بھرے ہوئے بازو دلیر کے

خیبر کشا کا زور ہے پنجے میں شیر کے

65

اس فوج میں ہے گو یہ تزلزل یہ انتشار

ہتھیار ادھر لگاتے ہیں عباسِ نامدار

مضطر ہیں بیبیاں شہِ والا ہیں بے قرار

بھائی کے منہ کو دیکھ کے روتے ہیں زار زار

بیٹا کھڑا ہے چاک گریباں کیے ہوئے

روتی ہے سوکھی مشک سکینہ لیے ہوئے

66

منہ دیکھتی ہے باپ کا جب وہ بہ چشم تر

کہتے ہیں یہ اشارے سے سلطانِ بحر و بر

لٹتا ہے باپ تم کو سکینہ نہیں خبر

جانے نہ دو چچا کو ہمیں چاہتی ہو گر

آنسو بہا بہا کے نہ پانی کا نام لو

دامن قبا کا ننھے سے ہاتھوں سے تھام لو

67

بھائی کے اضطراب سے زینب کا ہے یہ حال

ڈھلکی ہوئی ہے سر سے روا اور کھلے ہیں بال

عباس سے یہ کہتی ہے رو کر بہ صد ملال

چھوڑو نہ شہ کو اے اسدِ کربیا کے لال

کیا کہتے ہو سکینہ سے منہ موڑ موڑ کے

بھیا کدھر چلے مرے بھائی کو چھوڑ کے

68

دیکھو تو حال سبط رسول فلک اساس

بیٹے کا غم بھتیجے کا ماتم ہجوم یاس

ہے کثرتِ سپاہ میں تنہا وہ حق شناس

قربان جاؤں تم تو رہو بے وطن کے پاس

عاشق ہو دلبرِ اسد ذوالجلال کے

بازو قوی تمہیں سے ہیں زہرا کے لال کے

69

عباس کہتے ہیں کہ نہ جاؤں تو کیا کروں

کیوں کر نہ حق امامِ زماں کا ادا کروں

الٹوں صفیں ہزاروں سے تنہا وغا کروں

یہ سر ہے الیے کہ قدم پر فدا کروں

پہونچا ہے فیض سیدِ خوشخو کے ہاتھ سے

دنیا میں کچھ تو کام ہو بازو کے ہاتھ سے

70

رخصت طلب ہے شاہ سے اکبر سالالہ فام

شہزادہ مرے جائے سلامت رہے غلام

للہ روکیے نہ اب اے خواہر امام

وہ امر کیجیے کہ بڑھے جس سے میرا نام

بیکس ہوں ساتھ ماں نہیں سر پر پدر نہیں

میں آپ کا غلام تو ہوں گو پسر نہیں

71

باتیں یہ سن کے روتی ہیں زینب جھکا کے سر

تھرا رہی ہے زوجہ عباس نام ور

چہرہ تو فق ہے گود میں ہے چاند سا پسر

مانع ہے شرم روتی ہے منہ پھیر پھیر کر

موقع نہ روکنے کا ہے نے بول سکتی ہے

حضرت کے منہ کو نرگسی آنکھوں سے تکتی ہے

72

کہتی ہے رو کے بانوئے عالم سے بار بار

ہم کو تباہ کرتے ہیں عباسِ نام دار

ہے لونڈیوں کے باب میں بی بی کو اختیار

کچھ آپ بولتی نہیں اس وقت میں نثار

کہیے جو روکنے کی کوئی ان کے راہ ہو

اب عنقریب ہے کہ مرا گھر تباہ ہو

73

اکبر کا واسطہ کوئی تدبیر کیجیے

امداد بہرِ حضرتِ شپیر کیجیے

کچھ دل کو ہو قرار وہ تقریر کیجیے

پٹکا وہ باندھتے ہیں نہ تاخیر کیجیے

اک دل ہے میرا اور کئی غم کے تیر ہیں

بی بی میں کیا کروں مرے بچے صغیر ہیں

74

عباس دیکھتے ہیں جو زوجہ کا اضطرار

ہوتا ہے تیر غم جگر ناتواں کے پار

روتے ہیں خود مگر یہ اشار ہے بار بار

شوہر کے غم میں یوں کوئی ہوتا ہے بیقرار

آؤ ادب سے دلبرِ زہرا کے سامنے

روتی ہیں لونڈیاں کہیں آقا کے سامنے

75

کھولا ہے گوندھے بالوں کو صاحب یہ کیا یہ کیا

پیٹو نہ سر کو روتا ہے فرزند مہ لقا

خیرالنسا کے لال پہ ہوتے ہیں ہم فدا

شادی کا ہے مقام کہ ماتم کی ہے یہ جا

ایذا میں صبر صاحب ہمت کا کام ہے

میری بھی آبرو ہے تمہارا بھی نام ہے

76

لو پونچھ ڈالو آنسوؤں کو بہرِ ذو الجلال

دیکھو زیادہ رونے سے ہوگا ہمیں ملال

میر مفارفت کا نہ کیجو کبھی خیال

قائم تمہارے سر پہ رہے فاطمہ کا لال

غم چاہیے نہ آہ و بکا چاہیے تمہیں

شہ کی سلامتی کی دعا چاہیے تمہیں

77

صدقے ہیں ابنِ فاطمہ پر مجھ سے سو غلام

دیکھو نہ روتے دیکھ لیں تم کو کہیں امام

کیا اشکِ خوں بہا کے بگاڑوگی میرا کام

ہم ہاتھ جوڑتے ہیں یہ ہے صبر کا مقام

پوچھیں حضورگر کہ تمہیں کیا قبول ہے

صاحب یہ کہیو تم کہ رنڈاپا قبول ہے

78

دیکھو کہ گھر میں اور بھی رانڈیں ہیں تین چار

آدابِ شہ سے چپ ہیں نہیں کوئی بیقرار

رہ جائے بات کرتے ہیں وہ امرا ہوشیار

دنیا ہے بے ثبات زمانہ ہے بے مدار

کیا کیا نہ تفرقے ہوئے ایک ایک آن میں

صاحب سدا کوئی بھی جیا ہے جہان میں

79

قاسم کو دیکھو جانبِ کبرا کرو نگاہ

گذری جو شب تو صبح کو گھر ہو گیا تباہ

دشمن کو بھی دکھائے نہ اللہ ایسا بیاہ

کیا صابرہ ہے دخترِ شپیر واہ واہ

سہتے ہیں یوں جہاں میں جفارانڈ ہونے کی

آواز بھی بھلا کوئی سنتا ہے رونے کی

80

آفت میں صبر کرتی ہیں اس طرح بیبیاں

ہوتا ہے صابروں کا مصیبت میں امتحاں

جل جائے دل مگر نہ اٹھے آہ کا دھواں

اف کیجیے نہ منہ سے جو پہونچے لبوں پہ جاں

چرچا رہے کہ وقت پہ کیا کام کر گئی

چھوٹی بہو علی کا بڑا نام کر گئی

81

شوہر نے یہ کلام کیے جب بہ چشم تر

چپ ہو گئی وہ صاحب ہمت جھکا کے سر

ہتھیار سج کے حضرتِ عباس نامور

آئے قریب لختِ دل سیدالبشر

صدمے سے رنگِ سبطِ نئی زرد ہو گیا

کانپے یہ دست و پاک بدن سرد ہو گیا

82

جوں جوں قریب آتے تھے عباس نامور

بے تاب تھے حسین سنبھالے ہوئے جگر

کہتے تھے اضطراب میں جھک کر ادھر ادھر

جینے نہ دے گا آہ ہمیں صدمۂ کمر

ہے زیست تلخ فاطمہ کے نورِعین کو

زینب کہاں ہو؟ آ کے سنبھالو حسین کو

83

سب گھر کی بیٹیوں سے کہو میرے پاس آئیں

بانو کہاں ہیں زوجۂ عباس کو بلائیں

گودی میں تشنہ کام سکینہ کو جلد لائیں

کوچ اب جہاں سے ہے ہمیں سب آکے دیکھ جائیں

یہ نوجواں سنبھالے گا جس دم مروں گا میں

عباس سے ہر اک کی سفارش کروں گا میں

84

یہ سن کے ساری بیبیاں آئیں یہ حالِ زار

بولے قدم پہ جھک کے یہ عباسِ نامدار

اے آفتابِ عالمیاں نورِ کردگار

ہل من مبارز ًکا ادھر غل ہے بار بار

ہیں ذرہ پروری کے چلن آفتاب میں

آقا یہ دیر کس لیے خادم کے باب میں

85

لڑکوں نے معرکہ میں کیے اپنے اپنے نام

کیا میں غلامِ خاص نہیں یا شہِ انام

ایسا دن اور بھی کوئی ہوئے گا یا امام

کسا کام کا جو آج نہ کام آئے گا غلام

مشکل ہے ایسے وقت میں رکنا دلیر کا

آخر پسر ہوں شیر الٰہی سے شیر کا

86

ہوتا جو سب سے پہلے فدا خادمِ جناب

خوش ہوتی خاکسار سے روحِ ابوتراب

اب ہوں ہر اک کے آگے خجالت سے آب آب

زہرا سے بھی حجاب ہے شبر سے بھی حجاب

اب بھی نہ تیغ و تیر اگر تن پہ کھاؤں گا

مولا بتائیے کسے پھر منہ دکھاؤں گا

87

ساتھ آپ کے سہوں گا نہ گر قتل کی جفا

مجھ سے رسولِ پاک خوشی ہوں گے یا خفا؟

بیزار کیا نہو ہوگا دلِ شاہ لافتا

پھر فاطمہ کہیں گی مجھے صاحبِ وفا؟

مرنے کا خط نہ جینے کا مطلق مزا رہا

انساں کی آبرو نہ رہی جب تو کیا رہا

88

پالا ہے مجھ کو یاشہ دل گیر آپ نے

کی ہے ہمیشہ پیار سے تقریر آپ نے

بندھوائی ہے کمر سے یہ شمشیر آپ نے

بخشی ہے سب میں عزت و توقیر آپ نے

وقتِ مدد ہے آج بھی امداد کیجیے

بندہ سمجھ کے اب مجھے آزاد کیجیے

89

گردن ہلا کے شہ نے کہا آہ کیا کروں؟

مشکل ہے سخت اے مرے واللہ کیا کروں؟

جینے نہ دے گا یہ غمِ جاں کاہ کیا کروں؟

چھٹتا ہے اب برادرِ ذی جاہ کیا کروں؟

دم بھر کی زندگی مجھے دشوار ہو گئی

سب تو خفا تھے موت بھی بیزار ہو گئی

90

غازی نے رکھ دیا قدم شاہِ دیں پہ سر

بولے گلے لگا کے شہنشاہ بحرو بر

اے تن کی جان اے سبب قوتِ جگر

یوں ہے خوشی تو خیر جہاں سے کرو سفر

بھائی نہ ہو تو بھائی کی مٹی خراب ہے

اچھا تمہارا کوچ مرا پاتر اب ہے

91

روتا ہوا جھکا پے تسلیم وہ جری

سب روئے مشک دوشِ مبارک پہ جب دھری

اک آہِ سرد زوجۂ عباس نے بھری

صدمے سے رنگ زرد تھا اور تن میں تھرتھری

سر سے روا بھی دوش تلک آ کے گر پڑی

بانو کے پاس خاک پہ غش کھا کے گر پڑی

92

نکلا وہ شیر خیمے سے باہر علم لیے

مجرے کو آئی فتح سپاہ حشم لیے

جرأت نے بڑھ کے بوسۂ تیغِ دو دم لیے

نصرت نے چومے ہاتھ ظفر نے قدم لیے

خورشید کا جلال نگاہو سے گر گیا

اقبال سر کے گرد ہما بن کے پھر گیا

93

آیا سجا ہوا وہ سمندبراق سیر

تھا جو فلک پہ اڑنے کو تیار مثلِ طیر

ہوتا تھا اس کے ڈر سے غزالوں کا حال غیر

رن میں سپاہِ شر اسے رو کے تو یہ بخیر

صر صر قدم کی گرد کو پاتی نہیں کبھی

ڈھونڈھے بشر پری نظر آتی نہیں کبھی

94

وہ زیب و زین زین کی وہ ساز وہ پھبن

زیور سے جیسے ہوتی ہے آراستہ دلہن

چشمِ سیاہ دیدۂآہوپہ طعنہ زن

سرعت یہ تھی کہ بھولتے تھے چوکڑی ہرن

جادو تھا معجزہ تھا پری تھی طلسم تھا

پاکھر نہ تھی زرہ میں تہمتن کا جسم تھا

95

رکھا قدم رکاب میں حیدر کے لال نے

نعلین پاک فخر سے چوما ہلال نے

بخشی جو صدرِ زیں کو ضیا خوش جمال نے

دم کو چنور کیا فرس بے مثال نے

کس ناز سے وہ رشکِ غزالِ ختن چلا

طاؤس تھا کہ سیر کو سوئے چمن چلا

96

خوشبو سے ارضِ پاک ریاضِ جناں بنی

گرد اٹھ کے غازۂ رخ لیلیٰ نشاں بنی

جلوے سے راہِ دشتِ بلا کہکشاں بنی

ذرے بنے نجوم زمیں آسماں بنی

سم بدر تھے تو نعل بھی چاروں ہلال تھے

نقشِ سم فرس سے ہزاروں ہلال تھے

97

وہ دبدبہ وہ سطوتِ شاہانہ وہ شباب

تھرا رہا تھا جس کی جلالت سے آفتاب

وہ رعبِ حق کہ شیر کا زہرہ ہو آب آب

صولت میں فرد دفترِ جرأت میں انتخاب

تیور میں سارے طور خدا کے ولی کے ہیں

شوکت پکارتی ہے کہ بیٹے علی کے ہیں

98

پہونچے جو دشتِ کیں میں اڑاتے ہوئے فرس

گھوڑے کو ہاتھ اٹھا کے یہ آواز دی کہ بس

دیکھیں صفیں جمی جو چپ و راس و پیش و پس

نعرہ کیا کہ نہر پہ جانے کی ہے ہوس

روکے گا جو وہ موت کے پنجے میں آئے گا

ہٹ جاؤ سب کہ شیر ترائی میں جائے گا

99

روکے ہمیں نکل کے جو طاقت کسی میں ہو

لے تیغ میان سے جو شجاعت کسی میں ہو

گرمائے رخش کو جو حرارت کسی میں ہو

آئے جو حرب ضرب کی قدرت کسی میں ہو

دو ہاتھ میں علی کے پسر آر پار ہیں

دریا نہیں کہ رک گیا ہم ذوالفقار ہیں

100

تم کیا پہاڑ بیچ میں گر ہو تو ٹال دیں

شیروں کو ہم ترائی سے باہر نکال دیں

مہلت نہ ایک کو دم جنگ و جدال دیں

پانی تو کیا ہے آگ میں گھوڑے کو ڈال دیں

منہ دیکھتے ہیں جو ہیں نگہبان گھاٹ کے

لے جائیں گھر پہ تیغ سے دریا کو کاٹ کے

101

سرکش ہیں سب ہماری زبردستوں سے زیر

دادا شجاع باپ الوالعزم ہم دلیر

جب رن پڑا ہے کردیے ہیں زخمیوں کے ڈھیر

لائے ہیں جا کے آگ سے پانی خدا کے شیر

عفریت بھاگتے ہیں وہ چوٹیں ہماری ہیں

بیر العلم میں کود کے تلواریں ماری ہیں

102

جرأت جلو میں رہتی ہے نصرت رکاب میں

لیتے ہیں گھاٹ پیر کے تیغوں کی آب میں

لکھے ہوئے ہیں شیروں کے حملے کتاب میں

فصلیں ہیں اپنے زور کی خیبر کے باب میں

ناصر ہیں بادشاہ فلک بارگاہ کے

دفتر الٹ دیے ہیں عرب کی سپاہ کے

103

بے مشک کے بھرے ہمیں آتا ہے چین کب

گرمی میں پیاس سے کئی بچے ہیں جاں بلب

اصفر کی گودیوں میں تڑپتے کٹی ہے شب

کیا وقت ہے حسین کے بچوں پہ ہے عضب

لالے پڑے ہوئے ہیں سکینہ کی جان کے

کانٹے مجھے دکھائے تھے سوکھی زبان کے

104

عبرت کی یہ جگہ ہے کہ ہم اورسوالِ آب

سقہ بنے ہیں دیکھ کے بچوں کا اضطراب

اس مشک نے کیا ہمیں عقبیٰ میں کامیاب

اللہ ری آبرو کہ بہشتی ملا خطاب

شہ سے نشانِ فوجِ پیمبر بھی مل گیا

طوبیٰ کے ساتھ چشمہ ٔ کوثر بھی مل گیا

105

یہ ذکر تھا کہ فوج کی جانب سے تیر آئے

نیزے اٹھا کے شیر کے منہ پر شریر آئے

یہ بھی جھپٹ کے مثلِ شہِ قلعہ گیر آئے

گیتی ہلی غضب میں جناب امیر آئے

گھوڑا اڑا پروں کو سواروں کے توڑ کے

لپکی صفوں پہ سیف بھی کاٹھی کو چھوڑ کے

106

آمد تھی تیغ کی کہ اجل کا پیام تھا

یہ صف اخیر تھی وہ رسالہ تمام تھا

بجلی سا ہر جگہ فرس تیز گام تھا

ششدر تھی موت چار طرف قتلِ عام تھا

اس غول پر کبھی تھی کبھی اس قطار پر

پڑتا تھا ایک تیغ کا سایہ ہزار پر

107

وہ تیغ کی چمک وہ تڑپ راہوار کی

رفرف کی اک شبیہ تو اک ذوالفقار کی

شوکت سوار میں شہ دلدل سوار کی

حملوں میں شان سب اسدِ کردگار کی

چتون وہی غضب وہی بے باکیاں وہی

پھرتی وہی جھپٹ وہی چالاکیاں وہی

108

توڑا یہ مورچہ یہ صف الٹی ادھر پھرے

تلوار خوں میں آپ پسینے میں تر پھرے

یوں خاک پہ گرا کے لعینوں کے سر پھرے

جیسے شکار کھیلے ہوئے شیرِ نر پھرے

تھی قہر کی نگاہ غضب کا جلال تھا

آنکھیں بھی سرخ سرخ تھیں چہرہ بھی لال تھا

109

منہ پھر گئے سپاہ کے جس سمت رخ کیا

یاں سے وہاں گئے اسے مارا اسے لیا

باقی رہے ہزار میں سو دس میں ایک جیا

اللہ رے دم لہو پہ لہو تیغ نے پیا

اس پر بھی تشنگی کو نہ تسکیں ذری ہوئی

گو یا تھی آگ پیٹ میں اس کے بھری ہوئی

110

بے شک تھا ان کا ہاتھ امیرِ عرب کا ہاتھ

پہونچا وغا میں سو طرف اک تشنہ لب کا ہاتھ

آئی اجل اٹھا جو کسی بے ادب کا ہاتھ

شیرِ خدا کے شیر نے مارا غضب کا ہاتھ

بازو پہ آئی تیغ دو دم شانہ کاٹ کے

پہنچے کو بھی قلم کیا دستا نہ کاٹ کے

111

چلتا تھا مثلِ برق یمین و یسار ہاتھ

ڈر ڈر کے جوڑتے تھے ضلالت شعار ہاتھ

ان کی نہ ایک ضرب نہ ان کے ہزار ہاتھ

کافی تھے سب کو تیغِ دو دستی کے چار ہاتھ

آواز شش جہت مین بگیروبزن کی تھی

اللہ کا کرم تھا مدد پنجتن کی تھی

112

نعرہ جدا صدائے بگیرِ و برہ جدا

گوشہ کماں سے دور تھے گوشوں سے رہ جدا

بکتر جدا زمین پہ ٹکڑے زرہ جدا

نیزوں کو دیکھیے تو گرہ سے گرہ جدا

اللہ رے فرق گردن وسر بھی بہم نہ تھے

کشتوں کا ذکر کیا ہے کہ تیغوں میں دم نہ تھے

113

جس کی طرف نظر دمِ جنگ و جلد پھری

کچھ ہٹ کے تیغ سے اسی جانب اجل پھری

رہواریوں پھرا کہ اشارے میں کل پھری

تلوار بھی گلوں کی طرف بر محل پھری

ایسے جری سے کس کو مجالِ مصاف تھی

یوں پھر کے صف کی صف کو جو دیکھا تو صاف تھی

114

چل پھر کے کاٹتی تھی وہ تلواریں ہاتھ پاؤں

ڈر سے بڑھا نہ سکتے تھے خونخوار ہاتھ پاؤں

سر بچ گیا تو ہو گئے بیکار ہاتھ پاؤں

چمکی گری تو آٹھ ہوئے چار ہاتھ پاؤں

روحیں پکاریں تیغ پھر آئی نکل چلو

بولی اجل اب اٹھ کے تو پنجوں کے بل چلو

115

تیرے ادھر قلم تو ادھر برچھیاں قلم

ترکش دو نیم ٹکڑے کمانیں نشاں قلم

ہر ہاتھ میں قلم کی طرح استخواں قلم

منہ تیغ کا خراب سناں کی زباں قلم

جب سن سے آئی سر پہ کسی بد خصال کے

گویا سموم چل گئی پھولوں پہ ڈھال کے

116

کی جس نے سر کشی وہی فتنہ فروہوا

ظالم ہزار میں تھا جو یکتاوہ دو ہوا

افشاں لہو سے شیر کا دستِ نکو ہوا

ٹھنڈا وہی تھا جنگ پر سرگرم جو ہوا

تھا خاتمہ سپاہ جہنم مقام کا

شعلے بجھائے دیتا تھا پانی حسام کا

117

وہ تیغ کھول دیتی تھی لوہے کا بھی حصار

تھا اس کے ہاتھ سے دلِ چار آئینہ فگار

آری تھیں منہ پہ تیغوں کے ایسے پڑے تھے دار

خود اپنے سر پٹکتے تھے گر گر کے بار بار

پانی وہ زہر تھا کہ پیا اور فنا ہوا

ہے آج تک زرہ کا کلیجہ چھنا ہوا

118

جاتی تھی ہر سرے کی طرف سن کے بار بار

چڑھ کے سوار گرتے تھے تو سن کے بار بار

اٹھتی تھی الاماں کی صدا رن سے بار بار

ہر سر کا بار اترتا تھا گردن سے بار بار

غارت ہوئے تباہ ہوئے بے تزک ہوئے

ضربِ گراں جو اٹھ نہ سکی کیا سبک ہوئے

119

ثابت رہی نہ ڈھال نہ مغفر نہ سر بچا

سینے میں دل کو کاٹ گئی گر جگر بچا

دو ٹکڑے ہو گیا وہ ادھر جو ادھر بچا

بے زخم کھائے ایک نہ بیداد گر بچا

تلوار سے کوئی کوئی ڈر سے ہلاک تھا

سالم تھا جس کا جسم جگر اس کا چاک تھا

120

سر سے کمر میں تھی تو کمر سے تہ فرس

آفت کا منہ تھا قہر کا دم خم ستم کا کس

کشتے تڑپ رہے تھے چپ و راس پیش و پس

دو تھے اگر تو چار ہوئے پانچ تھے تو دس

غل تھا وہی لڑے جسے سر تن پہ بار ہو

آفت بپا ہے کون اجل سے دو چار ہو

121

غل تھا شرارتوں سے اس آتش زبان کی

پریاں پکارتی تھیں کہ ہو خیر جان کی

دنیا میں شعلہ بار ہے آگ اس جہان کی

بدلی ہوئی ہے آج ہوا آسمان کی

بجلی خجل ہے نازیہ اس شعر خو کے ہیں

بوچھاڑ ہے سروں کی در یڑے لہو کے ہیں

122

جب بڑھ کے سن سے صورتِ تیغ علی چلی

ثابت ہوا کہ ضربتِ دستِ ولی چلی

دل پر خفی چلی تو گلوں پر جلی چلی

تن سے نکل کے روح پکاری چلی چلی

دی تیغ نے صدا کہ ارادہ کدھر کا ہے

چلائی موت چل یہی رستا سقر کا ہے

123

خشکی میں تھی جو آپ تو آتش تری میں تھی

ہم نام ذوالفقار علی صفدری میں تھی

تلوار تھی کہ برق لباس پری میں تھی

بے باک اس لیے تھی کہ دستِ جری میں تھی

خوں بھی اسے حلال دیت بھی معاف تھی

کاٹا تھا سو گلوں کو مگر پاک صاف تھی

124

سارے رسالہ دار تباہی میں پڑ گئے

اب منہ کسے دکھائیں کہ چہرے بگڑ گئے

نامی جو تھے جواں قدم ان کے اکھڑ گئے

بھاگے جو سب نشاں بھی خجالت سے گڑ گئے

علموں کے پاس ڈھیرے پھریروں کے رن میں تھے

ریتی پہ بیرقیں تھیں کہ مردے کفن میں تھے

125

پہنے ہوئے تھے جسم میں زر ہیں جو چست چست

چوٹیں کڑی پڑیں تو ہوئے وہ بھی سخت سست

خوفِ اجل سے بھول گئے وعدۂ نخست

ٹوٹی صفوں میں ہاتھ کسی کے نہ تھے درست

اک شور تھا کہ جان گئی اس لڑائی میں

گھوڑے بھگاؤ آگ لگی ہے ترائی میں

138

گھیرے تھے ایک جان کو دو لاکھ اہلِ شہر

ٹھہرے کہاں قرار کہاں لیں تھمیں کدھر

چھاتی کے پاس برچھیاں تیغیں قریبِ سر

پہلو میں اس طرف تو سنائیں ادھر تبر

ملتی نہ تھی اماں سپہ تیرہ بخت سے

گوشوں سے تیر چلتے تھے پتھر درخت سے

139

جب مشک کی طرف کوئی آتا تھا سن سے تیر

کہتے تھے یا حفیظ کبھی گاہ یا قدیر

چلا رہا تھا شمر جفا پیشہ و شریر

جانے نہ پائے لختِ دلِ شاہ قلعہ گیر

رخ اس جری کا خیمہ کی جانب سے موڑ دو

ہاں برچھیوں سے شیر کے سینہ کو توڑ دو

140

سن کر زباں درازیِ شہرِ ستم شعار

عباس مثلِ شیر جھپٹتے تھے بار بار

تلواریں سیکڑوں تھیں ہزاروں تھے نیزہ دار

توڑی اگر یہ صف تو جمی دوسری قطار

تنہا سنبھالے مشک و علم یاوغا کرے

بلوہ ہو ساری فوج کا جس پر وہ کیا کرے

141

مشہور ہے کہ ایک پہ بھاری ہیں دو بشر

در پے تھے اک جواں کے لیے لاکھ اہلِ شر

کھائے ادھر سے زخم جو کی اس طرف نظر

کس کس کا وار رد کریں دیکھیں کدھر کدھر

جب دم لیا تو سینہ پہ سو تیر چل گئے

پہلو کو توڑ توڑ کے نیزے نکل گئے

142

سینہ سپر تھے مشک پہ رو کے ہوئے تھے ڈھال

لڑنے میں بھی حسین کے بچوں کا تھا خیال

کہتا تھا ڈگمگا کے فرس پردہ خوش خصال

فرزند کو سنبھالیے یا شیرِ ذوالجلال

جا پہنچوں مشک لے کے جو تھوڑی سی راہ ہو

ایسا نہ ہو کہ پیاسوں کی کشتی تباہ ہو

143

یہ کہتے تھے کہ ٹوٹ پڑا لشکرِ کثیر

بس چور ہو گیا پسرِ شاہ قلعہ گیر

آکر لگا میان دوا ابرو جو ایک تیر

تیور اگیا علی ٔولی کا مہ منیر

چھوٹی جو باگ پاؤں فرس کے بھی رک گئے

پھیلا کے ہاتھ مشک سکینہ پہ جھک گئے

144

اب یاں تو خاتمہ ہے سنو اس طرف کا حال

ڈیوڑھی پہ ننگے سر ہے رسولِ خدا کا لال

غم سے کمر جھکی ہوئی رخ زرد جی نڈھال

یہ کرب ہے کہ ہوتا ہے جو وقتِ انتقال

گر گر اٹھے تڑپ کے ادھر سےادھر گئے

جب آہ کی تو سب نے یہ جانا کہ مر گئے

145

فریاد کر کے دل کبھی تھا ما جگر کبھی

پکڑی طناب خیمے کی گہ اور کمر کبھی

گھبرا کے پیارے بھائی کو پوچھی خبر کبھی

روئے پسر کی دوش پہ رکھ کھر کے سر کبھی

کی آہ سامنے کبھی زہرا کی جائی کے

رو کر کبھی لپٹ گئے بیٹے سے بھائی کے

146

فرماتے تھے کراہ کے اکبر سے بار بار

شانے دباؤ اے علی اکبر پدر نثار

کیسا یہ درد ہے کہ جگر کو نہیں قرار

بازو کا زور لے گئے عباسِ نامدار

واحسرتا کہ بے کس و بے یار ہو گئے

سر پیٹیں کس سے ہاتھ تو بیکار ہو گئے

147

چلاتے تھے کہ جانِ بر ادربس اب پھر آؤ

پہونچا ہے دم لبوں پہ ہمٰیں آ کے دیکھ جاؤ

بھیا خدا کے واسطے اب برچھیاں نہ کھاؤ

عباس ہم اخیر ہیں تشریف جلد لاؤ

پیاری تمہاری ننھے سے ہاتھوں کو ملتی ہے

اب تم کو ڈھونڈھنے کو سکینہ نکلتی ہے

148

حضرت تو پیٹتے ہیں یہ کہہ کر بہ صد ملال

خیمے میں غش ہے زوجہ عباسِ خوش خصال

ڈیوڑھی پہ اہلِ بیت ہیں سب کھولے سر کے بال

پردے سے منہ نکالے ہیں اطفالِ خورد سال

لب ان کے اودے اودے ہیں منہ گورے گورے ہیں

آنکھوں میں اشک ہاتھوں میں خالی کٹورے ہیں

149

کہتے ہیں سب لبوں پہ زبانوں کو پھیر کر

اب پانی لے کے آتے ہیں عباس نام ور

حضرت سے پوچھتی ہے سکینہ بہ چشمِ تر

میرے چچا کب آئیں گے یا شاہِ بحر و بر

کیا میں سفر کروں گی جہاں سے تب آئیں گے

بہلاتے ہیں حسین کہ بی بی اب آئیں گے

150

گھیرے ہیں لاکھ ان کو ستمگار ہائے ہائے

مانگو دعا کہ بھائی کو میرے خدا بچائے

وہ کہتی ہے میں پانی سے گذری نہ مشک آئے

ہے ہے بس اب چچا کو مرے کوئی پھیر لائے

رکھے خدا جہاں میں علی کی نشانی کو

میں کیا کروں گی آگ لگے ایسے پانی کو

151

یہ ذکر تھا کہ فتح کے باجے بجے ادھر

تڑپے زمیں پہ گر کے شہنشاہِ بحر و بر

چلائے بڑھکے فوج سے دو چار اہلِ شر

حضرت کہاں ہیں مر گئے عباسِ نامور

کیا کیا چلی ہیں تیغوں پہ تیغیں لڑائی میں

وہ زخم کھائے شیر پڑا ہے ترائی میں

152

افشاں ہیں سر کے خون کی چھینٹوں سے سب نشاں

عباس کانپ جاتے تھے جھکتا تھا جب نشاں

نام آوروں نے آج مٹایا عجب نشاں

کیوں اے حسین کون اٹھائے گا اب نشاں

لاش ان کی پائمال ہوئی زخم پھٹ گئے

جن میں علی کا زور تھا وہ ہاتھ کٹ گئے

153

آئی صدا یہ نہر کی جانب سے ایک بار

آقا تمام ہوتا ہے یہ عبدِ جاں نثار

تن سے نکل کے آنکھوں میں اٹکی ہے جانِ زار

اب ہے فقط حضور کے آنے کا انتظار

بابا کے ساتھ خلد سے تشریف لائی ہیں

حضرت کی والدہ مرے لینے کو آئی ہیں

154

شہ دوڑ کر پکارے کہ آتا ہوں بھائی جان

گھر لٹ گیا ہے خاک اڑاتا ہوں بھائی جان

طاقت بدن مین اب نہیں پاتا ہوں بھائی جان

اک اک قدم پہ ٹھوکریں کھاتا ہوں بھائی جان

دستِ شکستہ بیٹے کی گردن میں ڈالے ہیں

بھیا ہمیں تو اکبر مہ رو سنبھالے ہیں

155

دیکھا جو در سے بنتِ علی نے یہ شہ کا حال

ڈیوڑھی سے نکلی چند قدم کھولے سر کے بال

چلاتی کون قتل ہوا اے علی کے لال

مڑ کر کہا حسین نے عباس خوش خصال

دریا پہ فوجِ شام نے مارا دلیر کو

زینب اجل نے چھین لیا میرے شیر کو

156

خورشید مشرقین زمانے سے اٹھ گیا

سید کا نور عین زمانے نے سے اٹھ گیا

وہ عاشقِ حسین زمانے سے اٹھ گیا

زینب ہمارا چین زمانے سے اٹھ گیا

آتا نہیں قرار دلِ بے قرار کو

دریا پہ روئے جاتے ہیں خدمت گزار کو

157

اکبر کو ہاتھ اٹھا کے پکاری وہ سوگوار

ہے ہے حسین ہو گئے بے یار و غم گسار

ماتم جوان بھائی کا ہے تم پہ میں نثار

اکبر خدا کے واسطے بابا سے ہوشیار

گرنے لگیں تو حیدرِ صفدر کا نام لو

بیٹا پدر کے ہاتھ کو مضبوط تھام لو

158

اکبر پدر کو تھامے ہوئے نہر پر جولائے

غلطاں لہو میں بازوئے سرور کے ہاتھ پائے

چلائے شاہ لاش کدھر ہے کوئی بتائے

فرق آگیا ہماری بصارت میں ہائے ہائے

رو لیں گلے لگا کے تنِ پاش پاش کو

اکبر ہمیں دکھا دو برادر کی لاش کو

159

اکبر نے شہ کے ہاتھ پکڑ کر بہ صد بکا

رکھے چچا کے سینے پہ اور رو کے یہ کہا

لیجے یہی ہے لاشِ علمدار باوفا

چلائے جھک کے لاش پہ سلطانِ کربلا

ٹوٹی ہوئی کمر ہے سنبھالو حسین کو

بھیا ذرا گلے سے لگالو حسین کو

160

عباس ہاتھ کٹ گئے شانوں سے ہے غضب

ریتی پہ دو طرف یہ تمہارا لہو ہے سب

لوٹا ہمیں رسول کی امت نے بے سبب

بھیا ہماری جان نکلتی ہے تن سے اب

مر جائیں گے جلا دو ہمیں منہ سے بول کر

دو باتیں کر لو بھائی سے آنکھوں کو کھول کر

161

کیوں خاک پر دھرے ہو یہ رخسار خوں میں تر

آؤ ہم اپنے زانو پہ رکھیں تمہارا سر

لیتے ہو کیوں کراہ کے کروٹ ادھر ادھر

ثابت ہوا کہ جلد ہے دنیا سے آب سفر

ہے ہے دلیلِ مرگ ہے لکنت زبان کی

ہچکی نہیں یہ جسم سے رخصت ہے جان کی

162

غش میں سنی جو گریۂ شپیر کی صدا

چونکے تڑپ کے حضرتِ عباس باوفا

آہستگی پہ عرض کہ اے سبطِ مصطفا

اس پیار کے نثار اس الطاف کے فدا

زیبا ہے نکلے جان اگر پیشوائی کو

گویا رسول آئے ہیں مشکل کشائی کو

163

یہ کہہ کے روئے شہ کی طرف کی نظر بہ غور

جھ کر پکارے شاہ کہ بھیا کہو کچھ اور

تڑپا قدم پہ شہ کے وہ مقتولِ ظلم و جور

لیں ہچکیاں بگڑنے لگے تیوروں کے طور

پتھرا کے چشمِ اشک فشاں بند ہو گی

تھرا ئے دونوں ہونٹ زباں بند ہو گئیں

164

اکبر نے عرض کی کہ چچا جان مر گئے

جھک کر پکارے شاہ کے بھیا کدھر گئے

منہ تو اٹھاؤ خاک سے رخسار بھر گئے

واحسر تا حسین کو بے آس کر گئے

اب کون دے گا دکھ میں نبی کے پسر کا ساتھ

دم بھر میں تم نے چھوڑ دیا عمر بھر کا ساتھ

165

ہاں روؤ مومنو یہ بکا کا مقام ہے

تم میں شریک روحِ رسولِ انام ہے

اب رخصتِ حسین علیہ السلام ہے

تاریخ آٹھویں ہے محرم تمام ہے

موت آئی تو شریکِ عزا کون ہوئے گا؟

جو سال بھر جیے گا وہ پھر شہ کو روئے گا

166

آگے تمہارے مرتے جو عباس با وفا

پرسا نہ دیتے سبط رسولِ خدا کو کیا

تم سب کو دیکتے ہیں شنہشاہِ کربلا

زہرا بھی ننگے سر ہیں قیامت کرو بپا

سمجھو شریکِ بزمِ شہِ مشرقین کو

دے لو جوان بھائی کا پرسا حسین کو

167

پیٹو سروں کو ہوتا ہے اب مرثیہ تمام

لپٹو ضریح پاک سے کہہ کہہ کے یا امام

رخصت طلب ہے باپ سے اکبر سا لالہ فام

خاموش ہیں حسین نہیں کرتے کچھ کلام

مقتول ظلم و جور ہے اب رن میں فاطمہ

ہوتا ہے پنجتن میں کوئی دم میں خاتمہ

168

بس اے انیسؔ روک لے اب خامہ کی عناں

یہ غم ہے جاں گزا نہ کبھی ہوئے گا بیاں

آنکھوں سے سامعین کے بھی اشک ہیں رواں

خالق سے عرض کر کہ اے خلاقِ انس و جاں

آنکھوں سے مس کروں میں مزار بتول کو

دکھلا دے جلد مرقد سبطِ رسول کو

ویڈیو
This video is playing from YouTube

Videos
This video is playing from YouTube

نامعلوم

نامعلوم

Additional information available

Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.

OKAY

About this sher

Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.

Close

rare Unpublished content

This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.

OKAY

You have remaining out of free content pages per year. Log In or Register to become a Rekhta Family member to access the full website.

بولیے