دیوالی
ہر اک مکاں میں جلا پھر دیا دیوالی کا
ہر اک طرف کو اجالا ہوا دیوالی کا
سبھی کے جی کو سماں بھا گیا دیوالی کا
کسی کے دل کو مزا خوش لگا دیوالی کا
عجب بہار کا ہے دن بنا دیوالی کا
جہاں میں یار و عجب طرح کا ہے یہ تیوہار
کہ لپ رہے ہیں در و بام کوچہ و بازار
کھلونے کھیلوں بتاشوں کا گرم ہے بازار
کسی نے نقد لیا اور کوئی کرے ہے ادھار
سبھی کو فکر ہے اب جا بہ جا دیوالی کا
کھلونے مٹی کے گھر میں کوئی لے آتا ہے
چراغ دان کوئی بیٹریاں منگاتا ہے
سوہالی گوچہ و مٹری کوئی پکاتا ہے
دیوالی پوجے ہے ہنس ہنس دیے جلاتا ہے
ہر ایک گھر میں سماں چھا گیا دیوالی کا
جہاں میں وہ جو کھاتے ہیں سیٹھ ساہوکار
دوشالہ شال زری تاش بادلے کی بہار
کھلونے کھیلوں بتاشوں کے لگ رہے انبار
چراغ جلتے ہیں گھر ہو رہا ہے سب گلزار
کھلا ہے سامنے اک باغ سا دیوالی کا
کوئی کہے ہے اس ہاتھی کا بولو کیا لو گے
یہ دو جو گھوڑے ہیں ان کا بھی کیا بھلا لو گے
کوئی کہے ہے کہ اس بیل کا ٹکا لو گے
وہ کہتا ہے کہ میاں جاؤ بیٹھو کیا لو گے
ٹکے کو لے لو کوئی چو گھڑا دیوالی کا
کوئی کھڑا فقط اک چو گھڑا چکانے کو
کوئی جو گجری کا پیسہ لگا بتانے کو
وہ کہتا ہے کہ میں بیچوں گا پانچ آنے کو
یہ پیسا رکھو تم اپنے افیم کھانے کو
کہ جس کی لہر میں دیکھو مزا دیوالی کا
ہٹا ہے مور پہ لڑکا کسی کا یا چیلا
کوئی گلہری کے نو دام دے ہے یا دھیلا
وہ دھیلا پھینک کے اس کا کمہار البیلا
کھلونا پھینک کے کہتا ہے چل مجھے وے لا
تو ہی تو آیا ہے گاہک بڑا دیوالی کا
کبوتروں کا کسی نے لیا نہ بیل چکا
کوئی چھدام کو رکھتا ہے بہو بیل چکا
وہ کہتا ہے کہ میاں لو جی اس کا میل چکا
یہ دھن ہے دل میں تو لڑکا تمہارا کھیل چکا
چبینا لڑکے کو دو تم دلا دیوالی کا
ادھر یہ دھوم ادھر جوش پر جوئے خانے
قمار باز لگے جا بہ جا سے واں آنے
اشرفی کوڑی و پیسے روپے لگے آنے
تمام جوای ہوئے مال و زر کے دیوانے
سبھوں کے سر پہ چڑھا بھوت سا دیوالی کا
صرف حرام کی کوڑی کا جن کا ہے بیوپار
انہوں نے کھایا ہے اس دن کے واسطے ہی ادھار
کہے ہیں ہنس کے قرض خواہ سے ہر اک اک بار
دیوالی آئی ہے سب دیے دلائیں گے اے یار
خدا کے فضل سے ہے آسرا دیوالی کا
ہوا ملاپ سبھوں میں گئی دلوں کی روٹھ
ہر ایک ہاتھ، لگے دانو آنے سچ اور جھوٹ
چڑھا ہے میر بساطوں کے منہ پہ رنگ انوٹھ
سلیاں پھینکتے ہیں اور کہیں ہیں تکی موٹھ
کہ جس کے شور سے گھر بھر گیا دیوالی کا
مکان لیپ کے ٹھلیاں جو کوری رکھوائی
جلا چراغ کو کوڑی وہ جلد جھنکائی
اصل جواری تھے ان میں تو جان سی آئی
خوشی سے کود اچھل کر پکارے او بھائی
شگون پہلے کرو تم ذرا دیوالی کا
شگن کی بازی لگی پہلی بار گنڈے کی
پھر اس سے بڑھ کے لگی تین چار گنڈے کی
بڑھی جو ایسی طرح بار بار گنڈے کی
تو آگے لگنے لگی پھر ہزار گنڈے کی
کمال نرخ لگا پھر تو آ دیوالی کا
کسی نے گھر کی حویلی گرو رکھا ہاری
جو کچھ تھی جنس میسر بنا بنا ہاری
کسی نے چیز کسی کی چرا چھپا ہاری
کسی نے گٹھری پڑوسن کی اپنی لا ہاری
یہ ہار جیت کا چرچا پڑا دیوالی کا
کسی نے داؤ پہ لا نکی موٹھ نے مارا
کسی کے گھر پہ دھرا سوختہ نے انگارا
کسی کو نرد کے چوپڑ کے کر دیا زارا
لنگوٹی باندھ کے بیٹھا ازار تک ہارا
یہ شور آ کے مچا جا بہ جا دیوالی کا
کسی کی جورو کہے ہے پکار دے بھڑوے
بہو کی نوگرہی، بیٹے کے ہاتھ کے کھڑوے
جو گھر میں آوے تو سب مل کہے ہیں سو گھڑوے
نکل تو یاں سے ترا کام یاں نہیں بھڑوے
خدا نے تجھ کو تو شہدا کیا دیوالی کا
وہ اس کے جھونٹے پکڑ کر کہے ہے ماروں گا
ترا جو گہنا ہے سب تار تار اتاروں گا
حویلی اپنی تو اک داؤ پر میں ہاروں گا
یہ سب تو ہارا ہوں خندی تجھے بھی ہاروں گا
چڑھا ہے مجھ کو بھی اب تو نشہ دیوالی کا
تجھے خبر نہیں خندی یہ لت وہ پیاری ہے
کسی زمانے میں آگے ہوا جو جواری ہے
تو اس نے جورو کی نتھ اور ازار اتاری ہے
ازار کیا ہے کہ جورو تلک بھی ہاری ہے
سنا یہ تو نے نہیں ماجرا دیوالی کا
جہاں میں یہ جو دیوالی کی سیر ہوتی ہے
تو زر سے ہوتی ہے اور زر بغیر ہوتی ہے
جو ہارے ان پہ خرابی کی خیر ہوتی ہے
اور ان میں آن کے جن جن کی خیر ہوتی ہے
تو آڑے آتا ہے ان میں دیا دیوالی کا
یہ باتیں سچ ہیں نہ جھوٹ ان کو جانیو یارو
نصیحتیں ہیں انہیں دل سے مانیو یارو
جہاں کو جاؤ یہ قصہ بکھانیو یارو
جو جواری ہو نہ برا اس کا مانیو یارو
نظیرؔ آپ بھی ہے جواریا دیوالی کا
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.