Font by Mehr Nastaliq Web

aaj ik aur baras biit gayā us ke baġhair

jis ke hote hue hote the zamāne mere

رد کریں ڈاؤن لوڈ شعر

جدید حقیقت نگاری بنام آج کی اردو کہانیاں

مشرف عالم ذوقی

جدید حقیقت نگاری بنام آج کی اردو کہانیاں

مشرف عالم ذوقی

MORE BYمشرف عالم ذوقی

    اردو کا اچھا ادب نکولائی گوگول کے اُوور کوٹ، سے نہیں، بلکہ فرقہ وارانہ فساد یا حادثوں کی کوکھ سے برآمد ہوتا ہے۔ یہ امر ایک ایسا بھیانک سچ بن چکا ہے جس پر از سر نو تحقیق کی ضرورت ہے۔ 55 برسوں کے ہندوستان یا پاکستان کا اردو ادب دیکھ لیجئے۔ نئی نسل کیا لکھ رہی ہے اس پر گفتگو کرنے سے قبل اس ’’سچ‘‘ کا تجزیہ ضروری ہے۔ انگریز حکومت ذہنی وجسمانی غلامی، تقسیم اور تقسیم کے بعد کا ماحول دونوں ملکوں کے درمیان اچھی اور بڑی کہانیوں کا سبب بنا۔ مسلمانوں ادیبوں کے یہاں لکھنے کے لئے برصغیر کے مسلمانوں کا المیہ ہی کافی نہیں تھا، پوری دنیا میں مسلمانوں سے متعلق جو بھی حادثات یا واقعات سامنے آرہے تھے وہ سب اردو کہانیوں کا حصہ بنتے جارہے تھے۔ افغانستان، یہودیوں کے ظلم، فلسطین اور چیچنیا۔۔۔ ہندوستانی فرقہ وارانہ فساد، پاکستان میں مہاجروں کے حالات۔۔۔ یہ سب موضوعات الگ الگ کہانیوں کا حصہ بن رہے تھے۔ پاکستانی ادب کا جائزہ لیجئے تو وہاں بھی تقسیم کا درد، 65 اور 71کی جنگیں، سقوط ڈھاکہ، مارشل لاء اور ’’جنرلوں کے اوور کوٹ‘‘ سے نکلتی دہشت پسندی بار بار تخلیق کا سبب بنتی رہی ہیں۔ کبھی ڈھکی چھپی علامتوں میں انور سجاّد، انتظار حسین سے آصف فرّخی تک، کبھی سیدھے، صاف لفظوں میں جیسے نعیم آروی، زاہدہ آپا کی تخلیقات، لیکن ہر دفعہ ان بڑی تخلیقات کے دامن میں فساد اور خون شامل تھے۔ ہندوستانی اردو کہانی کا آسمان ان سے الگ نہیں تھا۔ یہاں بھی یہی درد جو گندرپال سے سید محمد اشرف، طارق چھتاری، محسن خاں، غضنفر، حسین الحق، عبدالصمد، عبید قمر، شوکت حیات، علی امام نقوی سلام بن رزّاق، مقدر حمید، یہاں تک کہ بالکل نئے افسانہ نگار خالد جاوید، خورشید اکرم اور احمد صغیر تک کی کہانیوں میں پھیلے ہوئے ہیں۔

    پاکستانی ادب میں ’’گلاسنوست اور پیرسترئیکا‘‘ کی جو فضا ادھر کی کہانیوں میں دیکھنے میں آرہی ہے وہ پہلے کبھی دیکھنے میں نہیں آئی تھی۔ ’’مارشل لاء‘‘ اور سینسر شپ میں جکڑی کہانیاں جس طور پ رابھی حال فی الحال کے پاکستان میں ’’ایجاد‘‘ ہوئی ہیں یا لکھی جارہی ہیں، وہ بالکل ہی نئی اور چونکانے والی حقیقت بن گئی ہیں۔ یعنی یہ بات بھی قابل غور ہے کہ آزاد صرف ادب ہوا، صحافت نہیں۔ پاکستانی صحافت میں ’’آج کا سچ‘‘ ہندوستان کو لے کر صرف ایک ہی ہے۔۔۔ اور وہ سچ ہے۔۔۔ کشمیر (ہندوستانی تخلیق کاروں کے پاس بھی اِدھر آنے والے خطوط ورسائل میں شائع خطوط میں دریافت کیاجاتا ہے۔۔۔ ’’آخر آپ کشمیر پر سچ کیوں نہیں بولتے۔‘‘ ) پاکستانی صحافت اِسی کشمیر کو لے کر ایک عرصے سے ہندوستان کے خلاف زہر اُگلنے کا کام کررہی ہے۔

    لیکن ادب میں، اب ’’علامت‘‘ اور ’’اشارے‘‘ میں اپنی رائے ظاہر کرنے والا زمانہ گزرچکا ہے۔ لکھنے والے ’’دوستی‘‘ کے مذہب پر یقین رکھتے ہیں۔ آج کا پاکستانی ادب دو ناراض دلوں کو جوڑنے کی کوشش کررہا ہے۔ پاکستانی افسانہ نگار گلزار جاوید کی کہانی کا یہ ٹکرا دیکھئے،

    اگر وادی تمہارے سامنے کھڑا ہے۔۔۔ جو پینسٹھ برس کا ہندوناگرک ہونے اور چالیس برسوں تک ہندوستان پولیس کی نوکری کرنے کے بعد بھی۔۔۔ ہندوستان کا درد سینے میں پالے ہوئے ہے۔۔۔ ہندوستانی پولیس کا پہ ریٹائرڈ آئی جی، آج اگر زندہ ہے تو صرف پاکستان کی دھرتی۔۔۔ راولپنڈی کی مٹی کو چومنے کی آس میں۔۔۔ جہاں اس کا جنم ہوا تھا۔۔۔ جسے اپنا کعبہ اور مدینہ سمجھتا تھا۔۔۔ لو۔۔۔! گرفتار کرواِس اُگروادی کو۔۔۔ اگر تم اِس اُگروادی کو گرفتار نہیں کرو کہ اُس نے اپنے کعبہ، کی زیادت کے لئے، ایک معصوم سا جھوٹ بولا۔۔۔ کم عقل انسان۔۔۔! وہ اگروادی نہیں۔۔۔ وہ تو شبھچنتک ہے۔۔۔ تمہارا بھی۔۔۔ میرا بھی۔۔۔ اور اس دھرتی کا بھی۔۔۔!‘‘ (شبھچنتک، گلزار جاوید)

    اس کہانی کے کردار کو آپ تبدیل کرکے بھی دیکھ سکتے ہیں۔ سیاست دو دلوں پر حاوی ہوگئی ہے۔ نئی نسل اِس سیاست کو درکنار کرتی ہوئی آپس میں گلے ملنا چاہتی ہے۔

    آزادی کے دس پندرہ برسوں میں، پاکستان میں بھی فرقہ وارانہ فساد، مہاجرت کا درد، نئے پاکستان کی اُلجھنیں موضوع بنی رہیں۔ ’’خدا کی بستی‘‘ جیسا ناول اِسی درد سے نکلا تھا۔ قدرت اﷲ شہاب، عزیز احمد، ممتاز مفتی، آغابابر، صلاح الدین اکبر، خدیجہ مستور، حاجرہ مستور جیسوں کے افسانے درد کی کوکھ سے پیدا ہوئے تھے۔ 1960 کے بعد ادب میں جدیدیت کی شروعات ہوئی۔ پاکستان میں جدیدیت کا اثر کچھ زیادہ ہی قبول کیا گیا۔

    ڈاکٹر سلیم آغا قزلباش نے اپنی کتاب ’’جدید اردو افسانے‘‘ میں لکھا ہے۔۔۔

    ’’1998 میں، پاکستان میں مارشل لاء لگادیا گیا، ’’زبان بندی‘‘ کی جو صورت حال ہوئی، اُس سے باہر نکلنے کے لئے، افسانہ نگاروں نے علامتی انداز اختیار کیا۔ ینعی ایسی باتیں نہیں کی جائیں، جس سے مارشل لاء میں اُن کی گرفتاری ممکن ہوسکتی تھی۔‘‘ (جدید اُردو افسانہ)

    ظاہر ہے پاکستان کے سخت مارشل لاء کا ’’خوف‘‘ اُس وقت اردو افسانے پر صاف دیکھا جارہا تھا۔ اسی درمیان وہاں تجریدی یعنی ’’Abstract‘‘ کہانیاں بھی لکھی گئیں۔ انتظار حسین نے نئی کہانیوں کی ’’بوطیقا‘‘ تحریر کی۔ انتظار حسین جدید افسانے کے بابا آدم بن گئے۔ آہستہ آہستہ لکھنے والوں کا قافلہ پھیلتا جارہا تھا۔۔۔ رشید امجد، انورسجاّد، خالدہ حسین، منشایاد، احمد ہمیش، احمد داؤد، فہیم اعظمی، سمیع آہوجہ، محمود واجد، شمشاد احمد، ناصر بغدادی، احمد جاوید، مرزا حامد بیگ، شمس نعمان، طاہر نقوی، اعجاز راہی، مظہر الاسلام، انورزاہدی، امراؤ طارق، آصف فرّخی اور اسد محمد خاں۔

    یہاں نام گنوانا منشا نہیں ہے۔ لیکن ذہین افسانہ نگاروں کا ایک بڑا قافلہ اچھی اورنئی کہانیاں لے کر سامنے آرہا تھا۔

    1965ء میں ہندوپاک جنگ کے نتیجے میں پاکستان میں پہلی بار حب الوطنی جیسے جذبوں نے جنم لیا۔ اُس وقت کے تقریباً تمام ادیبوں نے ہندو پاک جنگ کو اپنا موضوع بنایا۔ غلام الثقلین نقوی نے ’’جلی مٹّی کی خوشبو‘‘ ممتاز مفتی نے ’’پاکستان‘‘ خدیجہ مستورنے ’’ٹھنڈا میٹھا پانی‘‘ اسی طرح مسعود مفتی اور فرخندہ لودھی نے بھی اس موضوع کو لے کر کہانیاں لکھیں۔

    1971ء کی جنگ کے بعد معاملہ دوسرا تھا۔ سیاسی تحریکیں تیز ہوچکی تھیں۔ ادھر پاکستان کے ایک حصے کا الگ ہونا یعنی ’’بنگلہ دیش‘‘ کا بننا پاکستانی کتھاکاروں کے لئے نئے جذبے کو لے کر آیا تھا۔ اسے پاکستانی افسانہ نگاروں نے جذباتی Tragedy کے طور پر لیا تھا۔ انتظار حسین، مسعود اشعر، اختر جمالی، رشید امجد، علی حیدر ملک، شہزاد منظر، اے خیام، احمد زین الدین، شہناز پروین، نورالہدیٰ سید جیسے افسانہ نگار اسی درد سے تحریک پاکر کہانیاں لکھ رہے تھے۔

    1980سے 90کے درمیان ہندوستان پاکستان کے ادب میں ’’بیانیہ‘‘ کی واپسی ہوچکی تھی۔ اسی درمیان پاکستان نے ’’پراکسی جنگ‘‘ بھی ہندوستان کے خلاف چھیڑ دی تھی۔ کہانیاں نئی زمین، نئے پیدا شدہ مسائل کو سمجھنے کی کوشش کررہی تھیں۔

    پاکستان میں 1958 یعنی مارشل لاء نافذ ہونے کے بعد سے لے کر ایک طویل عرصے تک ادب پر ایک خاص طرح کے سینسر شپ سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔

    نئے افسانہ نگار ہندوپاک جنگوں کی سیاہ تاریخ کو بھلا کر نئے سرے سے دوستی کا پیغام لے کر سامنے آرہے ہیں۔ محمد الیاس، گل نوخیز احتر، ثمینہ افتخار آوان کے بعد بالکل نئے کاروں کے مسافر فرحین چودھری، عنیقہ ناز، طاہرہ اقبال، شمیم آغاز قزلباش کی کہانیاں پاکستان کے نئے دور کی کہانیاں ہیں۔ یہ کہانیاں پاکستانی سیاست سے متاثر نہیں ہیں بلکہ آج کی سچ بولتی کہانیاں ہیں۔

    آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی ادیب اشرف شاد کے دو ناول ’’بے وطن‘‘ اور ’’وزیر اعظم‘‘ آج کے پاکستان کی کہانیاں سناتے نظر آتے ہیں۔ فوجی حکومت کی دہشت، سرکاری سہولتوں کا غلط استعمال، مسجدوں پر بیٹھی ہوئی پولیس، دوسرے درجے کے شہری جیسے مہاجر۔۔۔ اشرف شاد کے اس خطرناک ٹرائیلوجی (Triology)، کا تیسرا حصہ بھی ’’صدر اعلیٰ‘‘ کے نام سے شائع ہونے جارہا ہے۔

    آج کا پاکستان کیسا پاکستان ہے، اس کی جھلک ’’وزیراعظم‘‘ ناول کی دو مثالوں سے لگائیں،

    ’’کچھ نہیں پتہ کون کس کو مار رہا ہے۔ لگتا ہے سب اجتماعی خودکشی پر تل گئے ہیں۔۔۔ پاگل پن کا پلیگ ہے جو پورے شہر میں پھیل گیا ہے۔۔۔ بے نشان بندوقوں سے گولیاں نکل کر آتی ہیں اور لہو چاٹ جاتی ہیں۔ پولیس مقابلے ہوتے ہیں، جن میں چلنے والی گولیاں صحیح نشانوں پر پہنچ کر سینے چھلنی کرتی ہے۔۔۔ بوریاں اپنا منہ کھول کر آنکھوں پر پٹی بندھی ہوئی لاشیں اُگلتی ہیں۔۔۔ عمارتوں میں راکٹ پھٹتے ہیں۔ شہر میں بے روزگار نوجوانوں کی فصلیں تیار کھڑی ہیں، جنہیں کاٹنے والا کوئی نہیں۔ سیاست کرنے والے بے حس گورکن بنے، قتل گاہوں پر طاقت کے تخت بچھائے بیٹھے ہیں۔‘‘

    یہ آج کے پاکستان کا چہرہ ہے۔ دہشت گردی اور گندگی سے بھرا چہرہ۔ اس چہرے میں ابھی تک پیار ومحبت کی کہانیوں کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ پاکستان کے اس چہرے کو ادب کے آئینے میں دکھانے کی ضرورت پڑتی تھی تو کشورناہید جیسوں کو ڈھکے چھپے الفاظ میں کہنا پڑتا تھا۔۔۔ ’’ہمارے ملک میں پرندوں کو پیار کنے کی بھی اجازت نہیں ہے۔۔۔‘‘ بدلے بدلے پاکستان میں اب ناول ’’وزیراعظم‘‘ سے یہ دوسری مثال دیکھئے،

    ’’میں وہ آخری آدمی ہوں جو پردیش کو وطن بنانے کا مشورہ دونگا۔ لیکن تمہارے حالات ایسے ہیں کہ تمہیں اپنے گھر والوں کا مشورہ مان لینا چاہئے۔ واپس گئے تو تم اپنے گھر والوں کے لئے ایک اور مسئلہ بن جاؤ گے۔ جذبات میں بہہ کر اُس رو میں شامل ہو جاؤ گے، جو جیل جارہی ہے۔ یا گولیاں کھارہی ہے۔۔۔ اس وقت تمہارا جانا واقعی صحیح نہیں ہوگا۔۔۔‘‘

    دیکھئے تو کتنی خطرناک بات ہے۔ اشرف شادیا کوئی بھی پاکستانی ہجرت کیوں کرتا ہے۔ آپ سمجھ سکتے ہیں۔ رشتوں کی سطح کیسی ہے ؟ جذباتیت کہاں سو گئی ہے ؟ احساس کہاں گُم ہوگئے ہیں ؟ انسانیت نے کس طرح اِن پچپن برسوں میں دم توڑا ہے کہ واپس جاؤ گے تو گھر کے لئے ایک مسئلہ بن جاؤ گے اور وہاں جانے کے بعد پھر کیا ہوگا؟ بے روزگار نسل کس طرح گالیاں کھا رہی ہے یا جیل جارہی ہے۔۔۔ پاکستان کے اس چہرے کو کل تک سامنے لانا آسان نہیں تھا۔ لیکن آج انور سین رائے سے عاصم بٹ تک، ان سب کی کہانیوں میں پاکستان کے اِسی چہرے کی چہرے کی جھلک ملتی ہے۔ کچھ مثالیں اور دیکھئے۔ یہ مثالیں اس لئے ضروری ہیں کہ ان کے بغیر ہم پاکستان کے درد کو ادبی تخلیق کی روشنی میں سمجھ ہی نہیں سکتے۔۔۔

    ’’ہمارا خاندان ہندوستان، پاکستان اور بنگلہ دیش میں بٹ کر بکھر گیا ہے اور میں لب گور بیٹھا ہوں، سوچتا ہوں کہ میرے پاس جو امانت ہے اسے تم تک منتقل کر دوں کہ اب تم ہی خاندان کے بڑے ہو۔ مگر اب حافظے کے واسطے ہی سے منتقل کی جاسکتی ہے، خاندان کی یادیں مع شجرۂ نسب قبلہ بھائی صاحب اپنے ہمراہ ڈھاکہ لے گئے تھے، جہاں افراد خانہ صائع ہوئے وہاں وہ یادگاریں بھی ضائع ہوگئیں۔‘‘ (ہندوستان سے ایک خط، انتظار حسین)

    ’’میں کیا کروں، میں جب سوچتا ہوں مجھے وہ منظر یاد آجاتا ہے، جب میری چھوٹی سی فیملی کے ہر فرد کو انتہائی بے دردی سے قتل کردیا گیا تھا اور پھر اپنے چھوٹے چھوٹے پاؤں سے چل کر یہاں تک پہنچا تھا۔ لیکن ہمیں صرف لمبی لمبی سڑکیں دے دی گئیں اور کہا گیا کہ چلتے رہو۔۔۔‘‘ (بے خدا کمرہ، طاہر مسعود)

    ’’میں منی بس سے اُتر کر بڑے قریب سے محب وطن بہاریوں کے پہلے لٹے پٹے قافلے کا جائزہ لے رہا تھا۔ پولیس اور فوج کا پہرہ نہ تھا۔ بس اتنا ہی یہاں سے جانے والے بنگالیوں اور وہاں سے آنے والے بہاریوں میں فرق تھا۔ باقی سب کچھ ایک جیسا تھا۔۔۔ انسان کے ہاتھوں انسان کے قتل ہونے کا ہولناک منظر۔‘‘ (گودھرا کیمپ، نعیم آروی)

    ان تمام تر کہانیوں کا ہیرو ’’وقت‘‘ ہے۔ لیکن یہ بھی سچ ہے کہ ساری کہانیاں حادثوں کی کوکھ سے جنمی ہیں۔ گودھرا کے حادثے پہلے بھی کہانی کا منظر نامہ بنتے رہے ہیں۔ نعیم آروی 1948 کے آس پاس پاکستان چلے گئے۔ اسی کے آس پاس گودھرا کیمپ کے خونی مناظر انہوں نے دیکھے ہوں گے، جو بعد میں اُن کی کہانی کا موضوع بنے۔

    تقسیم کے بعد بلکتے پاکستان کو نظر انداز کرنا ممکن نہیں تھا۔ تہمینہ درّانی جیسی انگریزی ادیبہ نے بھیپاکستان کے ہولناک معاشرے کو قلمبند کیا ہے۔ یہی نہیں انورسین رائے کی ’’چیخ‘‘ سلگتے پاکستان کی چیخ ثابت ہوئی،

    ’’ہمیں بتاؤ تمہیں کس بات کا ڈر ہے ہم تمہیں مکمل تحفظ دینے کا وعدہ کرتے ہیں۔ ہمیں بتاؤ کہ تم کن لوگوں کے ساتھ مل کر اخبار نکالتے تھے اس کے لئے رقم تمہیں کہاں سے، کیسے ملتی تھی؟ اخبار کو کہاں تیار کیا اور کہاں چھاپا جاتا تھا؟ اس کے لئے مضامین کون کون لکھتا تھا اور پھر اس اخبار کو کس طرح تقسیم کیا جاتا تھا اور کون کون تقسیم کرتا تھا؟‘‘ وہ بولتے بولتے تھوڑی دیر کے لئے رک گیا اور میں سوچنے لگا، میں جس اخبار کو نکالنے کے لئے کام کرتا ہوں اس کا میری بیماری سے کیا تعلق ہوسکتا ہے اور جو کچھ یہ ڈاکٹر پوچھ رہا ہے اس میں سے بہت سی باتیں تو خود اخبار دیکھ کر معلوم کی جاسکتی ہیں کوئی ایک بات بھی ایسی نہیں جسے معلوم کرنے کا کسی کا بیماری سے، خاص طور پر ذہنی بیماری سے کوئی تعلق ہو، میں نے ساری اسے بتادیں لیکن اس نے صرف اتنا کہا ’’تم واقعی ایک احمق آدمی ہو۔‘‘ (چیخ، انور سین رائے)

    یہی ’’احمق آدمی‘‘ یعنی ’’فیوڈوردوستونسکی کا ایڈیٹ‘‘ پاکستانی معاشرے کا خاص چہرہ بن چکا ہے۔ عاصم بٹ کا ’’دائرہ‘‘ اسی سلسلے کی اہم کڑی ہے۔ یہاں پاکستانی مارشل لاء، پاکستانی فوجی حکومت اور تقسیم کے 70برسوں کے سینسر شپ میں پستا ہوا ہر ایک آدمی ایک مسخرہ ہے یا اسٹیج ایکٹر یا کٹھ پتلی، جس کا سرا ہمیشہ سے پاکستانی تانا شاہوں کے پاس رہا ہے۔ عوام کو صرف اشارے پر اپنا کرتب دکھانا ہے یا اپنا ’’رول‘‘ پلے کرنا ہے آہستہ آہستہ پاکستانی فضا ان بندشوں سے آزاد ہورہی ہے۔ نئی نسل نے اب کھل کر ’’بیانیہ‘‘ انداز میں اپنی بات کہنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ صحافت کا ماحول چاہے جیسا بھی ہورہا ہو لیکن ادب نے کھلی ہوا میں سانس لینا شروع کردیا ہے۔ مرد اور خاتون افسانہ نگاروں کی ایک لمبی قطار سامنے آچکی ہے۔ یہ قطار بے خوفی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھارہی ہیں۔

    Additional information available

    Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.

    OKAY

    About this sher

    Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.

    Close

    rare Unpublished content

    This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.

    OKAY

    Jashn-e-Rekhta | 13-14-15 December 2024 - Jawaharlal Nehru Stadium , Gate No. 1, New Delhi

    Get Tickets
    بولیے