Font by Mehr Nastaliq Web

aaj ik aur baras biit gayā us ke baġhair

jis ke hote hue hote the zamāne mere

رد کریں ڈاؤن لوڈ شعر

جاں نثار اخترؔ: ایں ہمہ خانہ آفتاب است

وسیم فرحت علیگ

جاں نثار اخترؔ: ایں ہمہ خانہ آفتاب است

وسیم فرحت علیگ

MORE BYوسیم فرحت علیگ

    میں بہت ذمے داری کے ساتھ یہ بات عرض کرتا ہوں کہ اردو ادب کی تاریخ میں بجز جاں نثار اخترکسی اور شاعر یا فنکار کے حصے میں اس قدر طویل اور قدیم خاندانی روایت و ورثہ نہیں آیا۔بلکہ خود پدری علمی وراثت کے ساتھ ساتھ سسرالی وارثت بھی بہ یک وقت جاں نثار اختر کو میسر آئی۔انسانی نفسیات کے مطالعہ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کسی بھی انسان کی سیرت اور شخصیت کی تشکیل میں اس کا خاندان اہم کردار ادا کرتا ہے۔ہم اور آگے بڑھیں تو پائیں گے کہ انسانی ذہنی ارتقاء میں بھی خاندانی پس منظرکا خاصہ دخل ہوتا ہے۔جاں نثار اختر وہ خوش بخت فنکار ہیں جنہیں ان کی پیدائش سے ایک صدی قبل کا مکمل اردو و فارسی ادب خاندانی ورثے کے طور پر ملا۔بات صرف یہیں ختم نہیں ہوتی بلکہ خود اپنی زندگی میں بھی شریکِ حیات صفیہ اختر کے وسیلے سے مجاز لکھنوی اور ان سے بھی بہت پہلے یہ سلسلہ صوفی شاعر عثمان ہارونی سے جا ملتا ہے جن کا شہرہ آفاق شعر قارئین نے ضرور پڑھا سنا ہوگا،

    بیا جاناں تماشہ کن کہ در انبوہِ جانبازاں

    بہ صد سامانِ رسوائی سرِ بازارمی رقصم

    (میرے محبوب یہ تماشہ دیکھ کہ تیرے چاہنے والوں کے ہجوم میں ہوں اور ہزاروں رسوائیوں کے ساتھ بھرے بازار میں ناچ رہا ہوں)

    قسمت کی ستم ظریفی دیکھئے کہ بالکل اسی شعر کے مصداق جاں نثار اخترکی زندگی سرِ بازار ناچتی رہی۔اس کا تفصیلی ذکر آگے آئیگا۔یہاں فی الوقت جاں نثار اختر کے علمی خانوادے پر مجھے گفتگو مقصود ہے۔خیر آباد کا نام سنتے ہی ذہن ریاضؔ خیر آبادی،مضطرؔخیرآبادی ،وسیمؔ خیر آبادی و دیگر کی طرف جاتا ہے۔یوپی کے ضلع سیتا پور کی ایک مردم و ادب خیز بستی خیر آباد۔یہاں کی مٹی سے محض گیہوں ہی نہیں اگتے بلکہ دنیا شاہد ہے کہ اس مٹی نے لعل و گہر بھی بخشے ہیں۔ان ہی جواہرات میں ایک نام جاں نثار اختر بھی ہے جن پر میر انیسؔکا شعریہ صادق آتا ہے،

    پانچویں پشت ہے شبیر کی مداحی میں

    عمر گزری ہے اسی دشت کی سیاحی میں

    جاں نثار صاحب کا خانوادہ ’ایں ہمہ خانہ آفتا ب است‘ ہے۔علم و ادب اور تہذیبوں کی نگہداشت اس گھرانے کا وطیرہ رہا۔ذیل میں جاں نثار اخترکے اہلِ علم و فضل بزرگوں اوران کی اولادوں کی تفصیلات درج کی جاتی ہیں۔اس کی مقالہ کی تیاری میںسہ ماہی ’اردو‘ کے ضخیم چھ سو صفحاتی ’جاں نثار اختر نمبر‘ سے خاطر خواہ مدد ملی۔ساتھ ہی جناب جاوید اختر و جناب شاہد اخترنے چنداں معلومات بہم پہنچائیں۔

    میرسید تفضل حسین خان:

    میر تفضل حسین،جاں نثار اختر کے جدِ امجد تھے،ٹونک ریاست کی سفیری آپ کے ذمے تھے۔میرزا غالبؔ کے بے حد قریبی دوست رہے۔غالبؔ دہلی کے ساتھ اس دربار سے بھی وابستہ تھے۔ جیسا کہ اس دور کا مزاج تھا، دربار سے منسلک ہر شاعر قصیدہ خوانی سے انعام و اکرام کا متمنی رہا کرتا تھا، لہٰذا غالبؔ بھی اس فیض سے بہرہ ور ہونے چاہتے تھے، بہ ایں ہمہ بقر عید( ۶ ؍ اکتوبر ۱۸۵۱؁ بروز پیر ) کے موقعہ پر میرزا غالبؔ نے والیِ ٹونک نواب وزیر الدولہ بہادر (۱۸۶۴؁ ۔ ۱۸۳۴؁)کی شان میں قصیدہ لکھا جو میر تفضل حسین کے معرفت والیِ ٹونک تک پہنچایا گیا۔میر تفضل حسین اور غالبؔ کے درمیان قریبی تعلقات رہے۔مذکورہ قصیدے کے طفیل جو انعام غالبؔ کو میسر آیا اس کا ذکر غالبؔ نے اپنے خطوط میں کیا ہے ۔تاہم محترمہ کشور سلطان صاحبہ کے اس بیان سے میں اتفاق نہیں رکھتا کہ انہی (میر تفضل حسین)کے توسط سے میرزا غالب کا دربارِ ٹونک سے تعلق استوار ہوا۔‘کیوں کہ مالک رام کے جس مضمون کا حوالہ کشور صاحبہ نے اپنی کتاب ’جاں نثار اختر۔ حیات و فن‘میں درج کیا ہے اسی مضمون میں مالک رام فرماتے ہیں کہ’’طالع یار خان،غالبؔ کے گہرے دوست تھے،اور میرا خیال ہے کہ دربارِ ٹونک اور غالبؔ کے درمیان جو تعلق قائم ہوا، اس میں بھی ان کا کسی نہ کسی پہلو سے ضرور ہاتھ رہا ہوگا۔‘‘(مضمون ’ذکرِ غالبؔ‘ مشمولہ رسالہ آجکل دہلی،شمارہ بابت فروری ۱۹۶۳؁ صفحہ نمبر ۱۱)

    میر تفضل حسین کے انتقال پر غالب ؔ نے شدید رنج کا اظہار کیا ہے۔میرزا تفتہ کے نام اپنے خط مورخہ ۲۳؍ فروری ۱۸۵۴؁ میں غالبؔ رقم طراز ہیں،

    ’’ہائے ہائے میر تفضل حسین خاں ہائے ہائے۔رفتی و مرا خبر نہ کردی۔ بر بیکسم نظر نہ کردی۔یہاں یہ سنا گیا ہے کہ میر احمد حسین،بڑا بیٹا ان کا،ان کے کام پر مقرر ہوا اور میرارشاد حسین بدستور نائب رہے‘‘(اردوئے معلی،مطبوعہ اکمل المطابع،دہلی،مطبوعہ صفحہ نمبر ۵۹)

    حافظ سید احمد حسین رسواؔ:

    میر سید تفضل حسین کے فرزند حافظ سید احمد حسین شاعری کے علاوہ قران کے حافظ تھے۔فارسی زبان پر عبور رکھتے تھے۔فضل حق خیر آبادی کے داماد تھے۔فضل حق خیرآبادی کی شہرت عالم گیر ہے۔آزادی کی لڑائی میں کالے پانی کی سزا،غالب کے دیوان کی تدوین وغیرہ امور فضل حق سے منسوب ہیں۔میر سید تفضل حسین کے انتقال کے بعد حافظ سید احمد رسواؔ دربارِ ٹونک سے وابستہ ہوگئے۔ان کی اہلیہ حرماںؔ اعلیٰ پایے کی شاعرہ تھیں۔

    حِرماںؔ:

    سید النساء حرماںؔ،مولانا فضل حق خیر آبادی کی بیٹی اور حافظ سید احمد حسین کی اہلیہ تھیں۔شعر کہنے کی خداداد صلاحیتیں رکھتی تھیں۔ان کے دونوں بیٹے بسمل خیر آبادی اور مضطر خیر آبادی،اپنے وقت کے بے حد مشہور فن کار ثابت ہوئے۔ان کا مندرجہ ذیل شعر بہت مشہور ہے،

    دردِ دل،دردِ جگر،کاوشِ دل،کاہشِ جاں

    اتنے آزار ہیں اور ایک کلیجہ میرا

    حافظ سید محمد حسین بسملؔ:

    مولانا فضل حق کے نواسے،حافظ سید احمد حسین رسوا ؔ اور حرماںؔ کے بڑے فرزند، حافظ سید محمد حسین والیِ ٹونک امین الدولہ نواب محمد ابراہیم علی خانں خلیل ؔکے میر منشی تھے۔اردو ادب میں بسمل خیر آبادی کے نام سے جانے جاتے ہیں۔’ملک الشعراء‘،’لسان الملک‘ کے خطابات سے نوازے گئے۔میرزا غالبؔ کے شاگرد تھے۔بسملؔ ۱۸۵۷؁ سے چند سال قبل خیر آباد میں پیدا ہوئے۔۱۸۵۷؁ کا غدر اور علامہ فضلِ حق کے خاندان کی عملی شرکت۔لہٰذا جنگِ آزادی کی پاداش میں ان کی تمام جائداد حکومت نے ضبط کر لی۔یہ سچائی بھی اہلِ وطن کے نزدیک سورج سی عیاں ہے کہ علامہ فضلِ حق کو دی گئی کالے پانی کی سزاعلامہ کے نزدیک ملک کی آزادی کا اولین خراج رہا۔بسمل اپنی سوتیلی ماں کے پاس دہلی چلے گئے۔انھوں نے بسمل کو تحصیلِ علم کے لیے میرزا غالبؔ کے سپرد کردیا۔اس کی تفصیل امجد سندیلوی نے اپنی کتاب ’احوالِ غالبؔ میں درج کی ہے۔غالبؔ کی وفات کے بعد بسمل امیرؔ مینائی سے اصلاح لینے لگے۔بسملؔ لکھتے ہیں کہ ’میں ایک فقیر کا پوتا، ایک فقیر کا بیٹا اور ایک فقیر کا بھائی ہوں۔‘(ماخوذ از مضمون ’مضطر خیر آبادی‘ از جاںنثار اختر مشمولہ کتاب ’شاہکار‘ مرتبہ وسیم فرحتؔ مطبوعہ ایجوکیشنل پبلشنگ ہائوس، دہلی ۲۰۲۰؁ صفحہ نمبر ۱۲۸)خواجہ معین الدین چشتی سے بسمل کو گہری عقیدت تھی لہٰذا آخری عمر میں ملازمت ترک کر کے آپ نے اجمیر شریف میں سکونت اختیار کی ۔۱۹۰۰؁ میں اجمیر ہی میں آپ کا انتقال ہو اور وہیں دفن بھی ہوئے۔انہی کے چھوٹے بھائی سید افتخار حسین رضوی بہ متخلص مضطرؔ خیر آبادی،جاں نثار اختر کے والد ہیں۔

    سید محمد افتخار حسین رضوی مضطرؔ:

    افتخار الشعراء،اعتبارالملک،اقتدار جنگ،خان بہادر سید محمد افتخار حسین رضوی مضطر خیر آبادی ۱۸۷۵؁ میں خیر آباد میں پیدا ہوئے۔مولانا فضل حق کے نواسے،حافظ سید احمد حسین رسوا ؔ اور حرماںؔ کے چھوٹے فرزنداورامیرؔ مینائی کے شاگرد تھے۔نواب ٹونک کی ماتحتی میں اودے پور کے وکیل دربار عہدے پر فائض تھے۔بسمل خیر آبادی کی وفات کے بعد والیِ ٹونک کے مشیرِ سخن ہوئے۔ٹونک کے سول جج کا عہدہ بھی سنبھالا۔۱۹۰۴؁ میں ریاستِ گوالیارسے وابستہ ہوئے۔گوالیار دربار کے وکیل،پھر گوالیار کے ضلعی جج اور بعد میں شیو پوری کے جج کی ذمے داریاں نبھائیں۔عدالتِ دیوانی و فوجداری میں جج کے عہدے پر کام کرتے ہوئے اسی رعایت سے مضطر نے خوب شعر کہا ہے،

    نہ گیا کارگزاری میں بھی وحشت کا خیال

    جس عدالت کا میں ناظم ہوں وہ دیوانی ہے

    مضطر کی والدہ سید النساء حرماں دانشوران کے خاندان سے تھیں اور کمال کا علم رکھتی تھی۔فنِ شعر اور عروض پر حرماں کو بلا کی قدرت حاصل تھی۔مضطر نے اپنی ابتدائی تعلیم اپنی والدہ سے مکمل کی بلکہ ابتدائے سخن کے زمانے میں اصلاح بھی والدہ سے ہی لی۔بعد کو اپنے بڑے بھائی اور شاگردِ غالبؔ و امیر محمد حسین بسمل سے مشورئہ سخن کرتے رہے۔ہر چند کہ دونوں بھائیوں کی افتادِ طبع میں بڑا فرق رہا۔بسمل عارفانہ اور سوز و گداز والی شاعری کے قائل تھے اور مضطر معاملہ بندی کے گرفتار۔لہٰذایہ سلسلہ زیادہ دن نہ چل سکا اور پھر مضطر بھی اپنے بھائی کی طرز پر امیرؔ مینائی سے اصلاح لینے لگے۔مضطر کی طبیعت ہمیشہ رواں دواں رہتی تھی۔بلکہ مکمل اردو شاعری میں دو واقعہ میں نے کہیں اور نہیں دیکھے۔اول مضطر نے اپنی عدالت کے کئی مقدمات کے فیصلے منظوم کرڈالے۔دوم سیماب اکبر آبادی نے بھی ’شاعر‘ کا ایک مکمل شمارہ بہ مع اشتہارات منظوم کردیا تھا۔بدیہہ گوئی کا مضطر کا یہ عالم تھا جاںنثار اخترنے اپنے مضمون ’مضطر خیرآبادی‘ میں ایک واقعہ درج کیا ہے۔’ایک مرتبہ دربار میں مشاعرہ تھا۔مضطر حسبِ معمول دربار میں حاضر ہوئے۔مشاعرہ کا خیال نہ تھا لہٰذا غزل نہ لاسکے تھے۔چونکہ نواب کے استاد تھے لہٰذا اصرار ہوا کہ پہلی غزل استاد پڑھیں گے۔مضطر آداب بجا لاتے ہوئے کھڑے ہوئے اور جیب سے ایک کاغذ کا ٹکڑا نکالا اور غزل پڑھنی شروع کردی۔ہر شعر پر داد و تحسین ملتی رہی۔نواب صاحب نے غزل طلب کی،لہٰذا وہی سادہ کاغذ پیش کردیا اورواقعہ سنایا کہ میں نے مکمل غزل فی البدیہہ کہہ ڈالی۔اس پر نواب بہت خوش ہوئے۔‘‘(ماخوذ از مضمون ’مضطر خیر آبادی‘ از جاںنثار اختر مشمولہ کتاب ’شاہکار‘ مرتبہ وسیم فرحتؔ ،محولہ بالا، صفحہ نمبر ۱۲۹)جاںنثار اختر نے متذکرہ مضمون میں مضطر کے متعلق کئی ایک دلچسپ واقعات درج کیے ہیں جن کا یہاں محل نہیں۔ابھی چند سال قبل جاوید اختر صاحب نے مضطر کا کلیات بہ عنوان ’خرمن‘ شائع کیا ہے۔اردو کے میں عوامی بول چال میں بروئے کار لاجانے والے جتنے اشعار مضطر کے ہیں شاید ہی کسی اور شاعر کے حصہ میں یہ بات آئی ہو۔مضطر نے ہر صنفِ سخن میں طبع آزمائی کی ہے۔بالخصوص ہندی زبان پر انہیں بڑی قدرت حاصل تھی۔اور اسی کی خوبو جاں نثار اختر میں بھی دکھائی دیتی ہے۔۳۱؍مارچ ۱۹۳۷؁ کو انتقال کیا۔

    نشتر ؔ خیر آبادی:

    مضطرکی پہلی بیوی سے دو بیٹے تھے جن میں سید اعتبار حسین برترؔ اور سید یادگار حسین نشترؔ شامل ہیں۔برترؔ کے متعلق بہ تلاشِ بسیار مجھے معلومات نہ مل سکی۔جاوید اختر صاحب کی اطلاعات کے مطابق نشترؔ ایک کوآپریٹیو بینک میں سپروائزر کے عہدے پر فائز تھے۔خون کی خرابی کے عارضے سے ۱۹۶۸؁ میں انتقال ہوا۔ان کے پسماندگان علی گڑھ میں بستے ہیں۔رئیس احمد وارثی نشترؔ کے شاگرد رہے،جن کے پاس ان کا کچھ کلام جمع ہے۔

    ’اخترِ تابندہ‘جاں نثار اختر ؔ:

    ’میانہ قد،گندمی رنگ،کشادہ پیشانی،خمار آلود پلکیں،سلگتی ہوئی چمک دار آنکھیں،سُتواں لمبی ناک،پتلے پتلے ہونٹ،نکلتی ہوئی ٹھڈی،کنگھے کی آرائش سے بے نیاز کانوں پر بکھرے ہوئے لمبے لمبے بال،نگاہوں میں درد مندی،ہونٹوں پر مسکراہٹ،چہرے پر معصومیت اور بھولپن،مزاج میں سادگی، طبیعت میں نزاکت و نفاست،فطرت میں قلندری،عادتوں میں لاپرواہی،باتوں میں بے تکلفی،گفتگو میں شگفتگی،اندازِ بیان میں شائستگی،آواز میں نرمی، لب و لہجہ میں گھلاوٹ اور لوچ،بات چیت کے دوران بار بار انگلیوں سے زلفوں کو سنوارنے کی خاص ادا،چال ڈھال میں بے پروائی و بے نیازی ،لباس میں قناعت پسندی،کُرتا اور چوڑی موہری کا سفید پاجامہ،کبھی کبھی کھلے بٹنوں کی نہرو کٹ واسکوٹ،پائوں میں چپل،تعلقات میں رکھ رکھائو اور میانہ روی،بڑوں کے ساتھ عزت و احترام کا رویہ،ہم عمروں کے ساتھ بے تکلفی وخوش مذاقی،چھوٹوں کے ساتھ شفقت و محبت،ایک شفیق بزرگ،مخلص دوست ہمدرد ساتھی،شگفتہ طبیعت،بامروت اور ملنسار انسان، یہ تھے جاں نثار اختر۔‘آفاق حسین صدیقی نے جاں نثار اختر پر لکھی کتاب’جاں نثار اختر۔شخص و شاعر‘ میں یہ خوبصورت نقشہ کھینچا ہے۔

    جاں نثار اختر کاخاندانی نام سید جاں نثار حسین اخترہے۔ان کی ولادت ۱۸؍ فروری ۱۹۱۴؁ کو گوالیار میں ہوئی جہاں ان کے والد مضطر بر سرِ روزگار تھے۔جاں نثار اختر کی ابتدائی تعلیم گوالیار میں ہوئی۔وکٹوریہ ہائی اسکول سے میٹرک کا امتحان سیکنڈ ڈویژن میں پاس کیا۔۱۹۳۴؁ میں علی گڑھ کالج سے سائنس میں انٹر پاس کیا اور انگریزی و اردو ادب کے مضامین لے کر ۱۹۳۷؁ میں بی اے آنرز کی سند حاصل کی۔۱۹۳۹؁ میں ایم اے اردو فرسٹ ڈویژن میں کامیاب کیا۔’اردو ناول اور اس کا ارتقاء‘ اس عنوان پر پی ایچ ڈی کا تحقیقی مقالہ لکھنا شروع کیا لیکن اسی اثناء میں وکٹوریہ کالج گوالیار میں لیکچرر کے عہد ہ میں ان کا تقرر عمل میں آیا۔علی گڑھ کی پر کیف فضاء نے جاں نثار اختر پر گہرے اثرات قائم کیے۔علی گڑھ میگزین کی ادارت مجازؔ لکھنوی سنبھالے ہوئے تھے لیکن ان کی دہلی ملازمت کے بعد یہ ذمہ جاں نثار اختر کو سونپا گیا جو اپنے آپ میں ایک اعزاز تھا۔علی گڑھ میں جاں نثار اختر کی مقبولیت کا اندازہ اس واقعہ سے بھی لگایا جاسکتا ہے جو کشور سلطان صاحبہ نے اپنی کتاب میں درج کیا ہے۔فرماتی ہیں،’جاں نثار اختر کے دورانِ تعلیم علی گڑھ کے ایک مشاعرہ میں دیگر شعراء کے علاوہ جگرؔ مرادآبادی نے بھی شرکت کی تھی اس زمانے میں جگرؔ کی شہرت عروج پر تھی۔اور کسی مشاعرے میں جگر کی موجودگی میں کسی دوسرے شاعر کا کامیاب ہونا نا ممکن نہیں تو مشکل ضرور تھا،لیکن اس مشاعرے میں ایک عجیب انہونی ہوئی۔جب جگرؔ صاحب اپنا کلام سنا چکے تو مشاعرہ ختم ہونے کا اعلان ہوا۔لیکن طلبہ نے اصرار کیا کہ جاں نثار اختر اپنی مشہور نظم’گرلس کالج کی لاری‘ سنائیں۔اختر نے نظم شروع کی۔ابھی کچھ بند ہوئے تھے کہ وہاںکے اوپری حصہ سے جہاں طالبات اور خواتین فروکش تھیں،کسی خاتون پروفیسر نے اختر کو نظم پڑھنے سے روکا۔اختر بڑی سعادت مندی سے واپس اپنی جگہ آکر بیٹھ گئے۔لیکن لڑکوں نے اپنے غوغائے محشر خیز سے ہال سر پر اٹھا لیا۔ایسے موقع پر لڑکوں کو کنٹرول کرنے کے خیال سے جگر صاحب سے استدعا کی گئی کہ وہ کوئی غزل سنائیں۔جگر صاحب نے غزل شروع کی۔لڑکوں نے ایک شعر خاموشی سے سننے کے بعد پھر طوفان اٹھایا۔ان کی ضد تھی کہ جاں نثار کو نظم پڑھنے دی جائے۔جگر صاحب کو مایوس ہو کر لوٹنا پڑا اور پروگرام ختم کردیا گیا۔اس واقعہ سے بھی جاں نثار اختر کی شاعرانہ مقبولیت کا پتہ چلتا ہے۔‘‘(جاں نثار اختر۔ حیات و فن از ڈاکٹر کشور سلطان،محولہ بالا، صفحہ نمبر ۶۸)

    ۱۹۴۰؁ میں جاں نثار اختر گوالیار وکٹوریہ کالج میں اردو کے استاد مقرر ہوگئے، اسی دوران ۲۵؍ دسمبر ۱۹۴۳؁ کو ہندوستان کا مایہء ناز شاعر ایک بلند قامت خاتون صفیہ سراج الحق سے رشتہء ازدواج میں بندھ گیا۔یہی صفیہ سراج الحق اردو ادب میں صفیہ اختر کے نام سے مشہور ہوئیں۔

    صفیہ اختر:

    صفیہ اختر یا صفیہ سراج الحق ممتاز ترقی پسند شاعر مجازؔ لکھنوی کی ہم شیرہ تھیں۔۲۵؍ جنوری ۱۹۱۸؁ کو ضلع بارہ بنکی کی مشہور بستی ردولی میں آپ کی پیدائش ہوئی۔صفیہ کے والد چودھری سراج الحق ملازمت کے بعد لکھنو منتقل ہوگئے لہٰذا صفیہ کا بچپن لکھنو کی ادب سے مالا مال فضاء میں گزرا۔بلا کی ذہانت رکھنے والی صفیہ نے علی گڑھ سے تمام ہی امتحانات نمایاں نمبرات سے کامیاب کیے۔اور وہیں مسلم گرلز کالج میں اقتصادیات کی لکچرر ہوگئیں۔جاں نثار اخترکی صفیہ سے ملاقات یہیں ہوئی تھی۔شادی کے بعد صفیہ علی گڑھ میں اور جاں نثار اختر گوالیار میں۔بقول آفاق حسین صدیقی ۳ سال دس ماہ تک یہ دونوں کبھی علی گڑھ میں،کبھی لکھنو میں اور کبھی گوالیار میں تعطیلات میں ملتے رہے۔اور اسی ملنے بچھڑنے سے محظوظ ہوتے رہے۔اسی دوران جناب جاوید اختر اور جناب سلمان اختر کی لکھنو میں پیدائش ہوئی۔

    ۱۹۴۷؁ میں تقسیمِ ہند کے بعد گوالیار کے حالات خراب تر ہوگئے اور فرقہ وارانہ کشیدگی کی وجہ سے جاں نثار اختر ستمبر ۱۹۴۷؁ کے تیسرے ہفتے میں بھوپال آگئے۔چند ماہ بعد صفیہ بھی علی گڑھ کی ملازمت ترک کرکے بھوپال آگئیں۔چند مہینوں میں ہی جاں نثار اختر کو حمیدیہ کالج بھوپال میں صدر شعبہ ء اردو کی ملازمت مل گئی۔ اس کے بعد صفیہ اختر بھی اسی اردو شعبہ میں درس و تدریس کرنے لگیں۔لیکن جاں نثار اختر کی گر دنواحی ابھی رکی نہیں تھی۔ ۱۹۴۹؁ میں بھوپال کا انضمام واقع ہوا اور حکومت ترقی پسندوں کے خلاف ہوگئی۔لہٰذا پھر جاں نثار اختر کو بہ دل نخواستہ بھوپال چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا۔وہ ۱۹؍ دسمبر ۱۹۴۹؁ کو بمبئی کے لیے روانہ ہوگئے۔صفیہ اختر چھوٹے بیٹے سلمان کے ساتھ بھوپال میں تھیں،جاوید اختر لکھنو میں اور بے سر وساماں جاں نثار اختر بمبئی میں۔اس آئے دن کے کشاکش نے صفیہ کی صحت پر برا اثر ڈالا۔صفیہ رفتہ رفتہ اپنی غیر متعینہ موت کی جانب بڑھتے چلے گئیں۔۱۷؍ جنوری ۱۹۵۳؁ کو صفیہ نے اس جہانِ فانی کو الوادع کہا۔ایک وفا شعار بیوی اور ایک لاچار و عالم ِ کس مپرسی کا شکار خاوند۔وہ تمام لازوال خطوط جو ’زیرِ لب‘ اور ’حرف آشنا‘ میں آراستہ ہیں، اسی دورانیہ کی دین ہیں جن میں جذباتِ صائب کا ایک ٹھاٹھیں مارتا ہوا طوفان نظر آتا ہے۔القصہ مختصر کہ صفیہ اختر خلاق طبیعت کی خاتون رہیں۔’حرف آشنا‘ اور ’زیرِ لب‘ ان خطوط کے مجموعوں کے علاوہ ’اندازِ نظر‘ کے عنوان سے ایک تنقیدی مضامین کا مجموعہ بھی شائع ہوا جس کی تقریظ باقر مہدی جیسے سخت نقاد نے لکھی اور کھلے طور پر صفیہ کی تنقیدی قوت کا اظہار کیا۔

    جاں نثار اختر اور صفیہ کے ذکر کے دوران ایک باب میں نے قصداً چھوڑ دیا ہے۔ وہ باب فاطمہ زبیر، انجم بانو ، شمیم فرحت اور جاں نثار اختر سے متعلق ہے۔اور اس کا جواز بجز’خطائے بزرگاں گرفتن خطا است‘ کے اور کچھ نہ ہوگا۔لہٰذا بقول جگر مرادآبادی ’لطف کچھ دامن بچا کر ہی گزر جانے میں ہے‘۔ان باتوں کا خال خال ذکر کسی ایک آدھ کتاب میں مل جائے گا تاہم میں نے ندا فاضلی بھائی اور میرے والدِ مرحوم خلیل فرحتؔ کارنجوی(جن کے جاں نثار اختر سے مراسم رہے)سے تفصیلاً سن رکھا ہے۔ بہر حال۔

    صفیہ کے انتقال پر جاں نثار اختر نے بے حد خوبصورت نظم ’خاکِ دل‘ لکھی تھی،

    زندگی دیکھ مجھے عزمِ سفر دیتی ہے

    ایک دل شعلہ بہ جاں ساتھ لیے جاتا ہوں

    ہر قدم تونے کبھی عزمِ جواں بخشا تھا

    میں وہی عزمِ جواں ساتھ لئے جاتا ہوں

    صفیہ کے گزرجانے کے بعد بھی جاں نثار اختر بھوپال مشاعروں میں برابر آتے رہے۔یہیں ان کی ملاقات خدیجہ ہارون سے ہوئی جو ان کی بڑی مداح تھیں۔

    خدیجہ اختر:

    خدیجہ اختر یا خدیجہ ہارون کی پیدائش ۲۴؍ اکتوبر ۱۹۳۰؁ کو بھوپال کے ایک علمی خانوداے میں ہوئی۔ان کے والد ہارون میاں مفتی و عالم تھے۔بجائے خود خدیجہ بھی اردو ادب کا ستھرا ذوق رکھتی تھیں۔لہٰذا ان ہی خاتون کے وسیلے سے جاں نثار اخترنے اپنی دو شاہکار نظمیں ادب کو عطا کی ہیں۔ اول ’تمہارے شہر میں‘ اور دوم’ خدیجہ کے نام‘۔خدیجہ اختر نے جاں نثار اختر کے آخری لمحے تک ساتھ نبھایا۔جاں نثار اختر کا شعری مجموعہ ’گھر آنگن‘ کا انتساب بھی خدیجہ اختر سے کیا گیا ہے۔کشور سلطان لکھتی ہیں کہ ’خدیجہ ہارون کی پہلی شادی شمس الطیف نامی بھوپال کے مشہور ہاکی کھلاڑی سے ہوچکی تھی جو پاکستان چلے گئے تھے او راسی بنا ء پر خدیجہ نے ان سے عدالت سے طلاق لے لیا۔لہٰذا ۱۷؍ ستمبر ۱۹۵۶؁ کو خدیجہ ہارون اور جاں نثار اختر کی شادی ہوئی۔غرض کہ جاںنثار اخترکی ازدواجی زندگی صفیہ اختر کے ساتھ ۹ سال ایک ماہ اور خدیجہ اختر کے ساتھ ۲۴ سال چھ ماہ کے عرصے پر محیط ہے۔صفیہ اختر سے جاںنثار اختر کی اولادوں میں جاوید اختر اور سلمان اختر ہیں، خدیجہ اختر سے شاہد اختر، عنیزہ اختر اور البینا اختر ہیں۔

    چلیے اب جاںنثار اختر کے پسماندگان کا بھی مختصر تعارف پیش کروں۔

    جاوید اختر:

    جاوید اختر عرف جادو، اپنے والد جاں نثار اختر کے نام سے ہزاروں میل آگے بڑھ گئے ہیں۔اور پھر کیوں نہ ہو،ایک ایسا ہونہار سپوت کہ جو جاں نثار اختر کا بیٹا،مجاز لکھنوی کا بھانجہ،کیفی اعظمی کا داماد ہو، ’وہ کیوں نہ خوبیِ قسمت پہ اپنی ناز کرے‘۔۱۷؍جنوری ۱۹۴۵؁،لکھنومیں آپ کی پیدائش ہوئی۔سنیما میں کہانی کار کی حیثیت سے ابتداء کی اور بتدریج نغمہ نگاری تک پہنچ گئے۔فی زمانہ ہندوستانی سنیما کے سب سے اچھے اور سب سے مہنگے گیت کار کے طور پر انھیں جانا جاتا ہے۔بلا کا مطالعہ رکھتے ہیں۔اردوزبان و ادب کے مزاج سے خوب واقف ہیں۔لہٰذا ان کے نغمات میں اردو زبان کی چاشنی جابجا نظرآتی ہے۔نثر نگار ہوتے ہوتے شاعری شروع کی اور اپنے فطری شاعر ہونے کا لوہا منوالیا۔موصوف کے تا حال دو شعری مجموعے بہ عنوان ’ترکش(۱۹۹۵؁)‘ اور ’لاوا‘(۲۰۱۱؁) منظرِ عام پر آچکے ہیں۔’ترکش‘ کا دیباچہ قرۃ العین حیدر نے تحریر فرمایا تھا۔جاوید صاحب اردو ادب کے قدیم سرمایہ پر گہری نظر رکھتے ہیں۔اردو فارسی کے ہزار ہا اشعار ازبر ہیں اور ان کے برملا استعمال پر آپ قادر ہیں۔انگریزی ادب پر بھی باریک نظر ہے۔کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ جاوید اپنے والد سے شاکی ہیں۔۔لیکن ایمان کی بات یہ ہے کہ میں نے انھیں ایسا نہ پایا۔بلکہ جاوید صاحب اگر راضی نہ ہوتے تو ’اردو‘ کا چھ سو صفحاتی ضخیم ’جاں نثار اختر‘ ہرگز شائع نہ ہوپاتا۔مجھے آفاق حسین صدیقی کا اپنی کتاب میں درج وہ واقعہ بھی یاد آتا ہے کہ جب جاں نثار اختر پر صابر دت نے بمبئی سے ’فن و شخصیت‘ کا ’جاں نثار اخترنمبر‘ شائع کیا تھا اور جاں نثار اختر صاحب کسی بچے کی مانند اسے گھر آنے والے ہر عزیز کو دکھاتے تھے کہ دیکھئے کیسا پیارا نمبر آیا ہے۔ٹھیک ویسے ہی ۲۰۱۵؁ میں جب ’اردو‘ کا ’جاں نثار اخترنمبر‘ شائع ہوا تو بے کم و کاست اتنی ہی خوشی سے جاوید اختر بھی اس نمبر کو اپنے رفقاء میں بھجواتے رہے، جس کی خبریں مجھے یہاں وہاں سے ملتی رہیں۔لہٰذا میں اس بات کی تردید کرتا ہوں کہ فی زمانہ جاوید اختر اپنے والد سے نالاں ہیں۔(کسی زمانے میں رہے ہوں لیکن آج نہیں ہیں)۔۱۹۷۲؁ میں آپ نے فلمی اداکارہ ہنی ایرانی سے شادی کی لیکن یہ رشتہ ۱۹۸۴؁ تک ہی چل سکا۔ہنی ایرانی سے دواولادیں زویا اختر،فرحان اختر ہیں جو دونوں بھی ہندوستانی سنیما سے جڑیں ہیں۔آگے جاوید اختر کیفی اعظمی کی بیٹی شبانہ اعظمی سے رشتہء ازدواج میں جڑ گئے۔جاوید اختر کا ادبی سفر تاحال جاری ہے۔

    سلمان اختر:

    سلمان اختر عرف اویس ۳۱؍جولائی ۱۹۴۶؁ کو لکھنو میں پیدا ہوئے۔ابتدائی تعلیم لکھنو اور علی گڑھ سے حاصل کی۔بعد از آں چندی گڑھ سے ڈاکٹری تعلیم مکمل کی۔۱۹۷۲؁ میں آپ امریکہ چلے گئے جہاں آپ میڈیکل کالج میں درس و تدریس کی خدمات انجام دے رہے ہیں۔تاحال آپ کے اردو و انگریزی کی ۱۳ کتابیں شائع ہوچکی ہیں جن میں سب سے اہم ان کا اولین شعری مجموعہ ’کو بہ کو‘ ہے۔اہم اس لیے بھی کہ اس شعری مجموعہ کا پیش لفظ خود ان کے والد جاں نثار اخترنے بڑے فخر کے ساتھ تحریر فرمایا تھا ۔نئی آواز پبلی کیشنز،دہلی سے نومبر ۱۹۷۶؁ میں یہ مجموعہ شائع ہوا جس کے پانچ سال بعد جاں نثار اختر اس دنیا سے چل بسے۔

    سلمان اختر صاحب کے وہ اشعار جو جاں نثار اختر نے اپنے پیش لفظ میں یہ کہتے ہوئے درج کیے تھے کہ ’چند شعر اس کے ضرور سنانا چاہتا ہوں جن پر مجھے رشک آتا ہے کہ یہ میں نے کہے ہوتے،‘ تبرکاً یہاں پیش کیے جاتے ہیں۔

    ہم بہت دن جئے ہیں دنیا میں

    ہم سے پوچھو کی خود کشی کیا ہے

    کھڑکیاں دیر سے کھولیں یہ بڑی بھول ہوئی

    میں یہ سمجھا تھا کہ باہر بھی اندھیرا ہوگا

    زندگی ہے وہ کش مکش جس میں

    خود سے ہارے تو سب سے ہار گئے

    ہم سمندر پہ دوڑ سکتے ہیں

    ہم اتنے سراب دیکھے ہیں

    سلمان اختربہ مع اپنی دو اولادوںکبیر اختر اور نشاط اختر امریکہ میں مقیم ہیں۔

    شاہد اختر:

    خدیجہ اخترصاحبہ سے پہلی اولاد شاہد اختر ہیں۔آپ کی پیدائش بھوپال میں ہوئی۔فی الوقت بمبئی میں ملازمت کرتے ہیں۔ڈاکٹر لتا اختر شریکِ حیات ہیں۔اکلوتی اولاد شنیزی اختر ہیں۔بڑے زندہ دل آدمی ہیں۔’اردو‘ کے ’جاں نثار اختر نمبر‘ کی تیار ی میں موصوف نے بڑی مدد فرمائی۔شعر گوئی تو نہیں کرتے تاہم بلا کے شعر فہم ہیں۔

    عنیزہ اختر:

    جاں نثار اختر صاحب کی پہلی بیٹی۔لاڈلی بیٹی۔یہ وہی بیٹی ہے جس پر جاں نثار اختر نے اپنی لافانی اور طویل نظم’آخری لمحہ‘ لکھی تھی۔چند شعر ملاحظہ فرمائیں،

    تم مری زندگی میں آئی ہو

    میرا اک پاؤں جب رکاب میں ہے

    دل کی دھڑکن ہے ڈوبنے کے قریب

    سانس ہر لحظہ پیچ و تاب میں ہے

    ٹوٹتے بے خروش تاروں کی

    آخری کپکپی رباب میں ہے

    کوئی منزل نہ جادئہ منزل

    راستہ گم کسی سراب میں ہے

    تم کو چاہا کیا خیالوں میں

    تم کو پایا بھی جیسے خواب میں ہے

    تم مری زندگی میں آئی ہو

    میرا اک پاؤں جب رکاب میں ہے

    عنیزہ اختر کی پیدائش بھوپال میں ہوئی۔اپنے شوہرسلمان انصاری کے ساتھ شکاگو میں ملازمت کرتی ہیں۔اولادوں میں ایمن او ر احمد ہیں۔ خاص نمبر کی تیاری میں عنیزہ صاحبہ کا بھی مجھے بھرپور تعاون حاصل رہا۔

    البینا اختر:

    جاں نثار صاحب کی دوسری بیٹی جنہیں گھر میں فینی کے نام سے پکارا جاتا ہے۔آپ کی پیدائش بمبئی میں ہوئی۔فینی صاحبہ گھریلو خاتون ہوکر اپنے خاوند اشوک شرما جی اور بیٹے ابیر کے ساتھ بمبئی میں مقیم ہیں۔

    Additional information available

    Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.

    OKAY

    About this sher

    Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.

    Close

    rare Unpublished content

    This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.

    OKAY

    Jashn-e-Rekhta | 13-14-15 December 2024 - Jawaharlal Nehru Stadium , Gate No. 1, New Delhi

    Get Tickets
    بولیے