نام فیضان حیدراور والد کا نام ارشاد حسین ہے۔ 1/جون 1986ء کو قصبہ پورہ معروف ضلع مئو اترپردیش کے ایک علمی و ادبی گھرانے میں پیدا ہوئے۔ ہوش سنبھالا تو والد نے محلہ کے ایک مکتب میں داخل کر دیا جہاں ابتدائی تعلیم و تربیت پائی۔ متوسط اور اعلیٰ تعلیم سلطان المدارس لکھنؤ اور جامعہ ناظمیہ لکھنؤ میں حاصل کی، جہاں عربی، فارسی اور اردو زبان و ادب کے ساتھ فقہ، اصول فقہ، منطق اور فلسفہ میں بھی استعداد بہم پہنچائی۔
لکھنؤ یونیورسٹی سے 2006ء میں بی اے اور 2008ء میں ایم اے (اردو) کیا۔ 2010ء میں جواہر لعل نہرو یونیورسٹی سے فارسی میں ایم اے کی ڈگری حاصل کی اوربنارس ہندو یونیورسٹی سے فارسی زبان و ادب میں ’’سفرنامہ نویسی فارسی در ہند‘‘ کے عنوان سے مقالہ لکھ کر ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔ فی الحال سی ۔ایم کالج دربھنگہ کے شعبہ اردو و فارسی میں استاد کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔