متین اچل پوری کی تخلیقات کا زیادہ تر ذخیرہ بچوں کے ادب کے زمرے میں آتا ہے۔ ایم اے اور بی ایڈ تک تعلیم حاصل کی اور بچوں کی تعلیم اور ادب اطفال میں بہت اہم کام انجام دیئے۔ ایک اچھا معلم ہونے کے ناطے وہ ہر عمر کے بچوں کی پسند، فہم اور ضرورت کو جانتے تھے اس لئے ہرعمر کے بچوں کے لئے بہت موثر اور دلچسپ نظمیں لکھیں۔ ادبی خدمات کے صلے میں آپ کو متعدد انعامات سے نوازا جاچکا ہے۔ 1990 میں بدست صدر جمہوریۂ ہند، بیسٹ ٹیچر کا اعزاز حاصل کیا۔ اس کے علاوہ مہاراشٹر ساہتیہ اردو اکیڈمی، اترپریش اردو اکیڈمی، انجمن ترقی اردو بیورو(نئی دہلی) اور جواہر لال نہرو میموریل کی جانب سے کتابوں اور مجموعی ادبی خدمات پرانعامات دئے گئے۔ نظموں کے متعدد مجموعے تخلیق کئے: ’پرندوں کی دنیا‘۔ ’ماحول نامہ ‘ ’لاڈلے جانور‘ ’ہم ماحول کے رکھوالے‘ ’ماحول کی خوشبو‘ ’الفاظ کے شگوفے‘ ’ننھے منے گیت‘ (نرسری، پہلی اور دوسری کلاس کے بچوں کے لئے)۔ ’قلم کے موتی‘ (مڈل وہائی اسکول کے طلبہ کے لئے) ’حرفوں کا پیغام (پرائمری سطح کے بچوں کے لئے) ’ننھی منی استانی‘ (طالبات کے لئے قطعات) اور قصیدہ رحمت للعالمین (نظمیں)۔ اس کے علاوہ نصابی کتب کی ترتیب و تالیف میں مہاراشٹر کی صوبائی سرکاری ریویو کمیٹی میں رکن کی حیثیت سے ’بال بھارتی‘ کی تیاری میں شامل رہے۔
اتھارٹی کنٹرول :لائبریری آف کانگریس کنٹرول نمبر : no2018151709