تخلص : 'نسیم دہلوی'
اصلی نام : اصغر علی خاں
پیدائش :دلی
نام اصغر علی خاں، تخلص نسیم ؔ ۔ پہلا تخلص اصغر۔۱۸۰۰۔۱۷۹۹ء میں دہلی میں پیدا ہوئے۔ فارسی اور عربی کی ابتدائی تعلیم گھر پر ہوئی۔ اس کے علاوہ خوش خطی سیکھی۔ مومن کے شاگرد تھے۔ والد کے انتقال کے بعد ان کا اپنے بھائیوں سے جائیداد کی تقسیم پر جھگڑا ہوا اور وہ واجد علی شاہ کے عہد میں لکھنؤ چلے گئے۔دہلی میں ان کی زندگی آرام سے گزر رہی تھی۔ لکھنؤ میں فقروفاقے کی حالت میں رہے، مگر کبھی کسی کے سامنے دست سوال نہیں پھیلایا۔ کافی عرصہ مطبع مصطفائی میں خوش نویس رہے۔ غدر کے بعد نول کشور کے مطبع میں الف لیلہ کے منظوم ترجمے کی خدمت پر مامور رہے اور وہیں الف لیلہ جلد اوّل منظوم کی۔ عدم توجہی اور لاپروائی کے سبب ان کا بہت سا کلام ضائع ہوگیا۔ ان کی وفات کے بعد ان کے شاگردوں کو جتنا کلام مل سکا اس کو’’دفتر شنگرف‘‘ کے نام سے چھپوایا۔ ۳۱؍ جنوری ۱۸۶۶ء کو لکھنؤ میں انتقال کرگئے۔ امیر اللہ تسلیمؔ ان کے مشہور شاگرد ہیں۔
بحوالۂ:پیمانۂ غزل(جلد اول)،محمد شمس الحق،صفحہ:154