نام محمد اصغر خاں اور شعری تخلص تھا۔تقریباً۱۹۱۴ء میں آگرہ میں پیدا ہوئے۔ آبائی وطن بھوپال ہے۔ پہلا تخلص اصغر تھا۔شعری بھوپالی کئی سال تک حضرت مائل سندیلوی سے مشورہ سخن کرتے رہے۔ موصوف کی عدیم الفرصتی کے باعث یہ سلسلہ قائم نہ رہ سکا۔ بعد میں حضرت ذکی وارثی سے مستفیض ہوئے اوریہ رابطہ مرحوم کی حیات تک قائم رہا۔ بقول شعری بھوپالی جو کچھ شہرت اور مقبولیت انھیں حاصل ہوئی وہ دہلی کے دوران قیام کا نتیجہ تھی۔ اسی لیے وہ دہلی کو اپنا ادبی وطن کہتے تھے۔ ان کا ایک شعری مجموعہ’’صبح غزل‘‘ کے نام سے ۱۹۶۴ء میں ادارہ اشاعت القرآن، اردو زبان ، دہلی کے زیر اہتمام شائع ہوا۔ شعری بھوپالی ۹؍ جولائی ۱۹۹۱ء کو بھوپال میں انتقال کرگئے۔ بحوالۂ:پیمانۂ غزل(جلد دوم)،محمد شمس الحق،صفحہ:60