نام اقبال احمد خاں، تخلص سہیل۔7 جنوری1884 کو ضلع اعظم گڑھ کے بڑیرہ نامی گاؤں میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم و تربیت گاؤں میں حاصل کی۔ عربی تعلیم سراے میر،اعظم گڑھ کے مدرسۃ الاصلاح میں حاصل کی۔14،15سال کی عمر میں عربی ادب کی اعلی کتابیں مولانا شبلی نعمانی کے حلقہ تلامذہ میں داخل ہوکر مطالعہ کیا۔1913 میں انٹر کا امتحان بنارس سے پاس کیا۔1914میں علی گڑھ کالج میں داخلہ لیا اور ایم اے ،ایل ایل بی کی سندیں لے کر نکلے۔انہوں نے شاعری میں باقاعدہ اصلاح کسی سے نہیں لی، اپنے ذوق سلیم کو رہبر بنایا۔ 1919 میں وکالت شروع کی۔ 1935 میں کانگریس کے ٹکٹ پر یوپی اسمبلی کے ممبر منتخب ہوئے۔اپنی پیشہ وارانہ مصروفیت کے باوجود وہ شبلی کالج،درالمصنفین اور مدرسۃ الاصلاح وغیرہ جیسے علمی اداروں کے ہمیشہ اہم رکن رہے۔وہ اردو،فارسی عربی اور انگریزی پر یکساں عبور رکھتے تھے۔8 نومبر1955 کو اعظَم گڑھ میں انتقال کرگئے۔