ابراہیم اشک کا شمار معروف شاعروں اور نغہ نگاروں میں ہوتا ہے انہوں نے کئی مقبول فلموں اور سیریلوں کے لئے نغے اور اسکرپٹ لکھیں۔ نغمہ نگاری کا آغاز فلم ’کہو نہ پیار ہے‘ سے کیا۔ اس فلم کے نغمے آج بھی اسی دلچسپی کے ساتھ سنے جاتے ہیں۔ نغموں کے علاوہ ان کی غزلوں کے متعدد البم رلیز ہوئے۔
اشک کی پیدائش 20 جولائی 1951کو اجین مدھیہ پردیش میں ہوئی۔ ابتدائی تعلیم اجین میں ہی حاصل کی۔ اس کے بعد ہندی ادبیات میں ایم اے کیا۔
اشک بہت زرخیز تخلیقی طبیعت کے مالک تھے۔ انہوں نے متعدد شعری اصناف میں بہت کثرت سے شاعری کی۔ غزلیں کہیں ، نظمیں کہیں ، دوہے کہے۔ ان کی شاعری کے کئی مجموعے شائع ہو چکے ہیں جن میں ’الہام‘ اور ’ آگہی‘ خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔ اشک نے شاعری کے ساتھ تنقید بھی لکھی ۔ اقبال اور غالب پر ان کی کتابیں ان کی ثروت مند تنقیدی فکر اعلامیہ ہیں۔