aaj ik aur baras biit gayā us ke baġhair
jis ke hote hue hote the zamāne mere
زیر تبصرہ کتاب "اٹھارہ سو ستاون کے راہ نما" سوانحی خاکوں پر مشتمل ہے۔ اس کتاب کو قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان نے پیش کیا ہے۔ جس میں اٹھارہ سو ستاون کی جنگ آزادی میں شامل مجاہدین آزادی کی زندگی کے نقوش بیان کئے گئے ہیں، جنگ آزادی میں ان کی خدمات اور کارناموں کا تذکرہ کیا گیا ہے، ان کی قربانیوں کا نقشہ کھینچا گیا ہے۔ خاکوں کی ابتدا بہادر شاہ ظفر کے خاکے سے کی گئی ہے، جس میں بہادر شاہ ظفر کی وطن سے محبت عیاں ہوتی ہیں، اور انگریزوں کے خلاف ان کی کوششوں کا علم ہوتا ہے، بہادر شاہ ظفر سے متعلق بہت سی غلط فہمیوں کا ازالہ کیا گیا ہے، یہ خاکہ اسلم پرویز نے تحریر کیا ہے۔ کتاب میں اٹھارہ مجاہدین آزادی کے خاکے ہیں جن کو مختلف ادباء نے تحریر کیا ہے، اور اٹھارہ سو ستاون کی جنگ آزادی میں ان کی خدمات کو بخوبی واضح کیا ہے، اس میں شہزادہ فیروز شاہ، جنرل بخت خان، رانی لکشمی بائی، نانا صاحب وغیرہ مجاہدین آزادی کے خاکے شامل ہیں۔ کتاب اٹھارہ سو ستاون کی جنگ آزادی سے متعلق اہم معلومات فراہم کرتی ہے، اس جنگ کے اثرات کا نقشہ کھینچتی ہے۔