خمور جالندھری کا نام گور بخش سنگھ تھا۔ جالندھر پنجاب میں 1915 کو پیدا ہوئے۔ مخمور کی زندگی کے ابتدائی سال مشکلوں بھرے رہے۔ کالج کی تعلیم ادھوری چھوڑ کر انجینئرنگ کرنے کے لئے ممبئی گئے مگر دو سال بعد اسے بھی ادھورا چھوڑ کر واپس آگئے۔اس کے بعد روگاز حاصل کرنے کے لئے کئی چھوٹے چھوٹے کام کئے لیکن کسی میں بھی کامیابی نہیں ملی۔ بالآخر انہوں نے صحافت اور ترجمے کا پیشہ اختیار کیا اور اسی سے ان کی شناخت قائم ہوئی۔ مخمور نے مغربی اور کئی ہندوستانی زبانوں سے اردو میں اہم ترین تراجم کئے۔
مخمور نے شاعری بھی کی۔ دل شاہجہاں آبادی اور سیماب اکبر آبادی سے مشورۂ سخن کیا۔ مخمور کی شاعری حلقۂ ارباب ذوق اور ترقی پسند فکر کے امتزاجی تخلیقی مزاج کی شاعری ہے۔ ’جلوہ گاہ‘ ’تلاطم‘ ’مختصر نظمیں‘ اور ’پھلجھڑیاں‘ ان کے شعری مجموعے ہیں۔
یکم جون 1979 کو دہلی میں انتقال ہوا۔