aaj ik aur baras biit gayā us ke baġhair
jis ke hote hue hote the zamāne mere
مسعود حسین خاں اردو کے بہترین ناقد و ماہر لسانیات اور محقق ہیں۔ خصوصا اردو زبان و ادب کی تاریخ ، ابتدا و ارتقا سے متعلق مسعود حسین صاحب کے تنقیدی مضامیں اہمیت کے حامل ہیں۔ پیش نظر مسعود حسین خاں کے ایسے ہی تنقیدی و لسانیاتی مضامین کا انتخاب " مقدمات شعر و زبان" ہے۔ یہ مضامین وقتا فوقتا مختلف رسائل و جرائد کی زینت بن چکے ہیں۔ کتاب کو " شعر " اور " زبان " دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے حصے میں شاعری سے متعلق "تخلیق شعر، مطالعہ شعر، سماج اور شعر، غزل کا فن، ہندی عروض اوراردو شاعری ، ہندی پنگل کی مبادیات اور شمالی ہندیا پہلا مستند شاعر محمد افضل فضل " جیسے مضامین شامل ہیں۔ کتاب کا دوسرا حصہ " زبان" میں ہندوستان میں اردو کاعروج وزوال ، دکنی یا اردو ئے قدیم ،اردو صوتیات کاخاکہ،اور علی گڑھ تحریک مسل یونیورسٹی اور اردو زبان" اہم مضامین اردو زبان کی لسانی تجزیہ کے ساتھ اہم اور معلوماتی ہیں۔مجموعی طور پر یہ کتاب تنقیدی اور لسانیاتی اعتبار سے اہمیت کی حامل ہے۔
ممتاز محقق، نامور نقاد اور مشہور ماہر لسانیات پروفیسر مسعود حسین خاں نے اردو زبان و ادب کی گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ شعر و ادب کی دنیا میں ان کے کارنامے ناقابل فراموش ہیں۔
مسعود حسین خاں، وطن قائم گنج (اترپردیش) میں پیدا ہوئے اور ڈھاکہ (بنگلہ دیش) میں تعلیم کے ابتدائی مراحل طے کرنے کے بعد علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے ایم۔ اے اور پی۔ ایچ ڈی کی اسناد حاصل کیں۔ مزید تعلیم کے لئے یورپ گئے اور پیرس یونیورسٹی سے لسانیات میں ڈی۔ لٹ کی ڈگری لی۔ ہندوستان واپس آ کر آل انڈیا ریڈیو سے بہ سلسلۂ ملازمت منسلک ہوگئے۔ لیکن یہ ان کا پسندیدہ مشغلہ نہیں تھا۔ اصل دلچسپی درس وتدریس سے تھی ریڈیو کی ملازمت سے سبکدوشی ہو کر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبۂ اردو میں لکچرر ہوگئے۔ کچھ عرصے بعد عثمانیہ یونیورسٹی کے شعبۂ اردو میں پروفیسر ہو کر حیدرآباد چلے گئے۔ پھر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبۂ لسانیات میں پہلے پروفیسر و صدر کا عہدہ سنبھالا۔ یونیورسٹی آف کیلی فورنیا (امریکہ) اور کشمیر یونیورسٹی سری نگر میں وزیٹنگ پروفیسر بھی رہے۔ 1973ء میں جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی کے وائس چانسلر مقرر ہوئے۔ وہاں سے سبکدوشی ہونے کے بعد جامعہ اردو علی گڑھ کے اعزازی وائس چانسلر اور علی گڑھ یونیورسٹی کے شعبۂ لسانیات کے پروفیسر ایمریٹس کے عہدوں پر فائز ہوئے اور علی گڑھ میں رہائش اختیار کر کے تصنیف و تالیف میں مصروف ہوگئے۔ علمی ادبی خدمات کے اعتراف میں انہیں ساہتیہ اکاڈمی اوارڈ 1984ء سے نوازا گیا۔
مسعود حسین خاں شاعر بھی ہیں۔ ’’روپ بنگال‘‘ اور ’’دونیم‘‘ ان کے شعری مجموعے ہیں۔ ’’روپ بنگال‘‘ کا ہندی میں ترجمہ بھی ہو چکا ہے۔ بکٹ کہانی، عاشورہ نامہ اور مثنوی کدم راؤ پدم راؤ سائنٹیفک اصولوں پر ترتیب دے کر انہوں نے قابل قدر خدمت انجام دی۔
حیدرآباد میں قیام کے دوران ’’قدیم اردو‘‘ کے نام سے انہوں نے ایک تحقیقی جریدہ جاری کیا تھا جس کا مقصد تھا جدید اصول کی بنیاد پر قدیم متون کی اشاعت۔ ایک لغت کی تیاری کا کام بھی انہوں نے انجام دیا۔ ’’اقبال کی نظری و عملی شعریات‘‘ میں اقبال کی شاعری کا لسانیات کی روشنی میں مطالعہ کیا گیا ہے۔ شعر و زبان، اردو زبان و ادب اور اردو کا المیہ مضامین کے مجموعے ہیں۔ لسانیات کو یہاں بھی مرکز حیثیت حاصل ہے۔ ’’مقدمہ تاریخ زبان اردو‘‘ ان کا سب سے اہم کارنامہ ہے۔ اس میں اردو کے آغاز و ارتقا کے مسئلے پر مدلل بحث کی گئی ہے۔