aaj ik aur baras biit gayā us ke baġhair
jis ke hote hue hote the zamāne mere
خطباتِ اقبال کے اردو مترجمین میں ایک اہم شخصیت ڈاکٹر وحید عشرت ہیں ۔جنھوں نے تجدید ِفکریاتِ اسلام کے عنوان سے خطباتِ اقبال کا اردو ترجمہ مکمل کیا ۔ یہ ترجمہ اقبال اکادمی پاکستان سے2002ء میں شائع ہوا۔ڈاکٹر وحید عشرت نے جب خطباتِ اقبال کے اردو ترجمے کا آغاز کیا اس وقت وہ اقبال اکادمی پاکستان میں بطور معاون ناظم ادبیات اپنی خدمات سر انجام دے رہے تھے ۔ڈاکٹر وحید عشرت فلسفہ اور فکرِ اقبال پر دقیق نظر رکھتے ہیں ۔ کم و بیش بیس کتابوں کے مصنف ہیں ۔ڈاکٹر وحید عشرت نے انتہائی غور و فکر اور عرق ریزی سے خطباتِ اقبال کا یہ ترجمہ آٹھ سال میں مکمل کیا۔تجدیدِ فکریاتِ اسلام کے تنقیدی جائزے سے یہ واضح ہے کہ مترجم نے خطباتِ اقبال کے اردو ترجمے میں محنت ، لگن اور ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے حتی المقدور کوشش کی ہے کہ ڈاکٹر اقبال کے مدعا تک رسائی حاصل ہو سکے ۔وہ خود اپنی اس کاوش کے بارے میں لکھتے ہیں، تجدیدِ فکریاتِ اسلام خطباتِ اقبال کے اردو تراجم میں ایک اہم اور قابل ستائش ترجمہ ہے ۔مترجم کی اقبال فہمی ، ماہرین اقبالیات سے مشاورت و رہنمائی، انگریزی متن اور تمام اردو تراجم کا بالاستیعاب مطالعہ تجدیدِ فکریاتِ اسلام کو دیگر تراجم سے نمایاں کرتا ہے۔تجدید ِفکریاتِ اسلام کا اگر اسلوب کے حوالے سے جائزہ لیا جائے تو یہ بات واضح ہے کہ مترجم نے کوشش کی ہے کہ اس ترجمے کو جدید ذوق اور جدید اسلوب کا روپ دیا جائے۔تجدیدِ فکریاتِ اسلام میں بعض جگہ آسان اور رواں ترجمہ دیکھنے کو ملتا ہے، لیکن قاری پر فکرِ اقبال کی وہ گرہیں کشا نہیں ہوتیں ِجو انگریزی عبارت اپنے اندر سموئے ہوئے ہے۔