aaj ik aur baras biit gayā us ke baġhair
jis ke hote hue hote the zamāne mere
ہندوستان میں مسلم حکمرانوں کی آمد اور سکونت و استقرار کے بعد سے ہی عربی زبان و ادب کو پڑھنے اور پڑھانے کا سلسلہ شروع ہوا جو تاحال جاری ہے۔ عربی زبان میں قرآن کے نزول نے اس کی ابدیت اور جہاں گیری پر آخری مہر ثبت کردی ہے۔ ہندستانی مسلمانوں نے نہ صرف عربی زبان کی اہمیت کو سمجھا بلکہ اس کی خدمت و اشاعت اور توسیع و ترقی میں اپنا اہم کردار بھی نبھایا ہے۔ اردو زبان و ادب ، عربی زبان و ادب سے بے پناہ متاثر اور مستفید ہے۔ اردو ادب کی بیشتر اصناف سخن عربی یا فارسی زبان سے ماخوذ ہیں۔ اس طرح اردو ادب کے ساتھ عربی زبان و ادب کی تاریخ اور ارتقا کا سمجھنا بھی ضروری ہے۔ پیش نظر اسی موضوع پر اردو میں "تاریخ عربی ادب" ہے ۔ جو دو جلدوں پر مشتمل ہے۔ پہلی جلد میں زمانہ جاہلیت کے ادباء و شعرا کا بیان ہے جبکہ دوسری جلد رسول پاک صلعم سے لیکر خلفائے راشدین تک زبان عربی کی تاریخ کا احاطہ کرتی ہے۔ اور دونوں جلدوں کو ایک ساتھ ہی پیش کیا گیا ہے۔