کتب خانہ: تعارف
جامعہ ہمدرد ہندوستان کا عظیم اور معروف تعلیمی ادارہ ہے۔ جامعہ ہمدرد میں اعلیٰ اور معیاری تعلیم کا معقول نظم ہے۔ جامعہ ہمدرد جنوبی دہلی کے تغلق آباد علاقہ میں واقع ہے۔ اس کا قیام ۱اگست ۱۹۸۹ء میں ہوا۔ اپنے قیام کے ابتدائی زمانہ سے ہی جامعہ ہمدرد ترقی کی منازل طے کرتا رہا اور ۲۰۱۷ میں فارمیسی کے میدان میں ہندوستان میں اول مقام حاصل کیا۔ جامعہ ہمدرد ویسے تو اپنے طبی شعبوں کی وجہ سے پورے ہندوستان میں ایک منفرد مقام رکھتی ہے لیکن یہاں دیگر شعبوں کے علاوہ ایک "حکیم محمد سعید سینٹرل لائبریری" بھی ہے، جس میں مختلف علوم و فنون کی تقریبا دیڑھ لاکھ کتابیں موجود ہیں، لائبریری میں اردو فارسی کتابوں اور رسائل کا بھی ایک بڑا ذخیرہ ہے، نیز سائینس طب کی کتابوں کے اردو تراجم کی یہاں بڑی تعداد ہے۔ یونیورسٹی کی مرکزی لائبریری کا نام بانی حکیم عبدالحمید کے چھوٹے بھائی کے نام پر "حکیم محمد سعید سینٹرل لائبریری" رکھا گیا تھا۔ ابھی کچھ روز قبل جامعہ ہمدرد نے اپنے اردو ذخیرے کو ریختہ کی ڈیجیٹل لایبریری پر شئر کرنے کی اجازت دی، چنانچہ ریختہ ای بکس ٹیم کی شبانہ روز محنتوں کے بعد آج جامعہ ہمدرد کا نایاب اردو ذخیرہ ریختہ ڈیجیٹل لائبریری پر پڑھنے کے لئے دستیاب ہے، جس میں فن طب سے متعلق اردو کتابوں کے بڑے ذخیرہ کے علاوہ "ابراہیم نامہ" از عبدل دہلوی، "ابر کرم" از امیر مینائی، "ابن الوقت" از ڈپٹی نذیر احمد، "آپ بیتی" از عبدالماجد دریابادی، "اپنی آنکھ اپنی دید" از خواجہ حسن نظامی، "اپنی تلاش" میں از کلیم الدین احمد، "اردو زبان کا ارتقا" از شوکت سبزواری، "اردو ادب کی تنقیدی تاریخ" از احتشام حسین، "ادب اور روشن خیالی" از سید سبط حسن، "ادب اور زندگی" از مجنوں گورکھپوری، "اردو ادب میں طنزو مزاح" از وزیر آغا اور "اسلوبیات میر" از گوپی چند نارنگ، اور بہت سی اہم اور قابل قدر کتابیں ریختہ ڈیجیٹل لائبریری کا حصہ ہیں، اس کے علاوہ رسائل میں، "آج کل، "اخبار اردو، اسلام آباد، "اخبار الطب، "ادب، لکھنو، "ادبی دنیا، "ادبیات، "ادیب، دہلی، "اردو ادب، علی گڑھ، "اردو پنچ، "اردو دنیا، نئی دہلی، "اردو، کراچی، "اسلام اور عصر جدید، "اسلوب، لاہور، اور کئی اہم قدیم و جدید رسائل شامل ہیں۔