سيد صبیح الدين رحمانی (پیدائش: 27 جون، 1965ء) پاکستان سے تعلق رکھنے والے معروف نعت خواں، نعت گو شاعر اور نعتیہ ادب کے محقق و نقاد ہیں۔وہ نعتیہ ادب کے تحقیقی، تنقیدی اور علمی جریدہ نعت رنگ کے مدیر اور نعت کی تحقیق کے لیے قائم کیے گئے ادارے نعت ریسرچ سینٹر کے بانی اور سیکریٹری جنرل ہیں۔شعبۂ نعت میں آپ کی خدمات کے صلہ میں حکومت پاکستان نے انھیں تمغا امتیاز سے نوازا۔ انھوں نے شاعری میں حافظ مستقیم، فدا خالدی دہلوی اور شاہ انصار الہ آبادی سے اصلاح لی۔صبیح رحمانی کی اردو نعتیہ شاعری کے انگریزی تراجم بھی شائع ہو چکے ہیں۔ ان کے نعتیہ مجموعہ کلام 'جادہ رحمت' کا انگریزی ترجمہ Jada-e-Rehmat کے عنوان سے جسٹس (ر) ڈاکٹر منیر احمد مغل نے اور 'سرکار کے قدموں میں 'کا انگریزی ترجمہ Reverence Unto His Feet کے عنوان سے سارہ کاظمی نے کیا۔ یہ دونوں ترجمے 2009ء میں شائع ہوئے۔