رہین خواب گم گشتہ ہمارے سامنے مت آ
رہین خواب گم گشتہ ہمارے سامنے مت آ
جہاں بھر میں ہو وارفتہ ہمارے سامنے مت آ
دھماکے سے اڑاتے جائیں گے اب راہ کی ہر شے
بنانے دے ہمیں رستہ ہمارے سامنے مت آ
تصادم کے علاوہ ان گنت ضمنی مسائل ہیں
تری ہستی سے وابستہ ہمارے سامنے مت آ
نواح چشم کا موسم بدلنا ہے تعاون کر
یہی بس ایک دو ہفتہ ہمارے سامنے مت آ
منافق پھول بھی لائے تو کانٹے ساتھ آتے ہیں
اٹھا اپنا یہ گلدستہ ہمارے سامنے مت آ
خدارا کیمروں اور آئنوں سے معذرت کر لی
ہمارے عکس رو خستہ ہمارے سامنے مت آ
ہمارے سامنے پھیلے سوالوں سے بھرے نقشے
تجھے کر دیں گے خود رفتہ ہمارے سامنے مت آ
اگر تو سامنے آیا تو کھل جائیں گے پشتارے
ہمیں رہنے دے لب بستہ ہمارے سامنے مت آ
غرض داری کی خار آور محبت خور بیلیں ہیں
ترے پیکر سے پیوستہ ہمارے سامنے مت آ
ہمیں پہلے قدم سے علم ہے یہ دھول کس کی ہے
عقب میں ہے ترا دستہ ہمارے سامنے مت آ
کبھی وہ سامنے آئے تو ہم ہٹ بھی نہیں سکتے
کہے جاتے ہیں بر جستہ ہمارے سامنے مت آ
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.