انہیں کے کام الٰہی مرا لہو آئے
انہیں کے کام الٰہی مرا لہو آئے
رنگیں جو ہاتھ لہو میں حنا کی بو آئے
مریض ہوش میں آئے نہ آئے تو آئے
جو تو نہ آئے ترے گیسوؤں کی بو آئے
عتاب یار کا اس کے سوا جواب نہ تھا
ہم آئے تو لیے آئینہ رو بہ رو آئے
نہ پی زبان سے میرا بھی ذکر کر دینا
کلیم طور پر ان سے جو گفتگو آئے
نہ جھوٹ بول کہ ہم شام سے کل آئیں گے
نہ کھا قسم ارے جھوٹی کبھی جو تو آئے
نماز ہوگی ادا دخت رز کے دامن پر
ہماری بزم میں جو آئے با وضو آئے
طلب کیے کبھی ہم نے اگر پس توبہ
بہت بھرے ہوئے ہم سے خم و سبو آئے
اترنے والے ابھی تک نہ بام سے اترے
تڑپنے والے تڑپ کر فلک کو چھو آئے
گراں دماغ وہ ہیں بوئے گل کی تیزی سے
نسیم کہہ دے ذرا ہلکی ہو کے بو آئے
نثار وصل کی راتیں اس ایک ساعت پر
ہم انتظار میں تیرے ہوں اور تو آئے
یہ جانتے ہیں کہ نکلا ہوا ہے نام اس کا
حسین حشر میں کیوں میرے روبرو آئے
کھلے جو کوئی تو کھل کر کسی سے باتیں ہوں
اٹھے حجاب تو کچھ لطف گفتگو آئے
دلائے یاد جو وعدے تو بولے جھنجھلا کر
یہ اور حشر میں لینے کو آبرو آئے
کبھی کی پی ہوئی کام آئے آج حشر کے دن
خدا کے سامنے مے نوش سرخ رو آئے
ریاضؔ تھی جو مقدر میں باز گشت شباب
جوان ہونے کو پیری میں لکھنؤ آئے
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.