مخمس در مدح حضرت علی
ہراس روز محشر کیا محمد مصطفےٰؐ بس ہے
کرم خصلت وفاسیرت علی مرتضےٰ بس ہے
شفیع جرم سوز سینۂ خیرالنسا بس ہے
نہ ٹکڑے دل کے کر مسموم امام مجتبےٰ بس ہے
لہو مت رو شہید تشنہ کام کربلا بس ہے
رکھے کوئی توقع تو رکھے آل پیمبر سے
طلب ہووے کسی کو کچھ تو ہو اولاد حیدر سے
امانت چاہنا پھر لطف ہے یاران دیگر سے
دل اپنا جمع کر دور قمر کے شور اور شر سے
بہت ہے گرچہ ہنگامہ ولے زین العبا بس ہے
ولا باقر کی فرض عین ہے حیدرپرستی میں
جپا کر نام کو اس کے تو ہشیاری و مستی میں
غرض رہ محو اس کا دشت میں ہو تو کہ بستی میں
عجب ہے نونہال اک سایہ دار اس باغ ہستی میں
کرم اس کا پئے ہر شخص بے برگ و نوا بس ہے
محبت چاہیے صادق جناب پاک جعفر میں
اسی کا شوق دل میں ہو اسی کا شور ہو سر میں
وہی یاں بھی نشاں ہے تھا جو کچھ ساقی کوثر میں
عنایت کی اسی سے چشم رکھ آشوب محشر میں
بلا صد رنگ ہووے کیوں نہ ایک اس کی ولا بس ہے
رکھے کاظم کو جو سر پر غم و غصہ سے کیا اس کو
نہ دیکھے یہ امام دیں بلا میں مبتلا اس کو
بیک چشمک زدن حاصل ہو ایسا مرتبہ اس کو
کہ رکھے کفش جس کے سر پہ دیکھو بادشا اس کو
توجہ گونہ اے مولا پئے ہر مدعا بس ہے
جسے اے مجلس آرایان دیں بہرہ ہے ایماں سے
اسے اک بندگی خاص ہے شاہ خراساں سے
نگہ کی چشم سے آتی ہے خلق ایران و توراں سے
گذر جاتے ہیں اس کے نام پر جنس خوش جاں سے
جو سودا اس سے بن جائے تو ہو راضی رضا بس ہے
جو وہ دن ہو کہ نکلے آفتاب اس روز پچھم سے
موکل درمیاں لاویں سخن جنت جہنم سے
کریں پرسش بد و نیک عمل کی خلق عالم سے
مخاطب ہم کسو سے ہوں نہ یارب نے کوئی ہم سے
تقی متقی ہم کو امام اتقیا بس ہے
تقی پاک کا آکر علم جس وقت برپا ہو
الٰہی ہم سیہ کاروں کی اس کے سائے میں جا ہو
وہ حامی لطف سے ہو تو کچھ اپنا کام اچھا ہو
وگرنہ زشتی اعمال سے کیا جانیے کیا ہو
ووں ہی ہووے تو بس کیا اور یوں ہووے تو کیا بس ہے
نہ ہو لشکرکشی سے غم کی اے دل اس قدر درہم
کرے گا عسکری انبوہ اس اندوہ کا برہم
عدو مجروح ہے اس کا احبا کا ہے وہ مرہم
رہیں گے ناامید رستگاری اس سے کیونکر ہم
وسیلہ ہم گنہگاروں کا وہ روز جزا بس ہے
اگرچہ اشک آنکھوں میں لبوں پر آہ رہتے ہیں
ولے مستغنیانہ ہرگہ و بے گاہ رہتے ہیں
کبھو ہیں شہر میں جاکر کبھو درگاہ رہتے ہیں
کرم پر مہدی ہادی کے ہم گمراہ رہتے ہیں
ہمیں اس وادی پرخوف میں وہ رہنما بس ہے
کہاں تک بت پرستی میں جفا و جور کا سہنا
کہاں تک آنکھ سے رخسار پر ہر دم لہو بہنا
کہن سالی میں کس کا چاہیے ہے ہم کو کچھ کہنا
دیے قشقہ صنم خانے میں کب تک روز و شب رہنا
گیا وقت ہوس کعبہ کو چلیے اب خدا بس ہے
نہیں مشتاق ہم کچھ مال کے اسباب کے زر کے
نہ اچھے فرش کے طالب نہ پاکیزہ کسو گھر کے
تجھے درویش سب کہتے ہیں لوگ ایدھر کے اودھر کے
ہمارا حشر ہووے مر گئے پر ساتھ حیدر کے
یہی کہہ میرؔ تو بھی حق میں اپنے یہ دعا بس ہے
- کتاب : kulliyat-e-miir-Vol 2
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.