Font by Mehr Nastaliq Web

aaj ik aur baras biit gayā us ke baġhair

jis ke hote hue hote the zamāne mere

رد کریں ڈاؤن لوڈ شعر

در بیان دستخطی فرد

میر تقی میر

در بیان دستخطی فرد

میر تقی میر

MORE BYمیر تقی میر

    دستخطی فرد کا سنو احوال

    بے دماغی سے میں تو دی تھی ڈال

    ایک مشفق کو تھا ادھر کا خیال

    مہربانی سے ان نے کھوج نکال

    شیخ جی گاڑھے سو عجائب مال

    شیخ کو اس بھی سن میں ہے گی ہوس

    تنگ پوشی سے چولی جاہے چس

    ہوگا سن شریف ساٹھ برس

    دانت ٹوٹے گیا ہے کلہ دھس

    دیکھ رنڈی کو بہہ چلے ہے رال

    جامے کو خوب سا چناتے ہیں

    خال رخسار پر بناتے ہیں

    مہندی بھی پتلی سی لگاتے ہیں

    ناز کرتے قدم اٹھاتے ہیں

    دیکھا کرتے ہیں آرسی میں جمال

    دل میں دھن ہے جو عیش و عشرت کی

    پوچھتے ہیں دوائیں شہوت کی

    باتیں ہیں رنڈیوں کی صحبت کی

    دیکھے ہیں کوئی کتاب حکمت کی

    کرتے ہیں بہمنین استعمال

    محو رعنائی کتنے ہیں اللہ

    مسی سے کرتے ہیں مسوڑھے سیاہ

    رکھتے ہیں سرمہ پر ہمیشہ نگاہ

    شانہ سے کام ہے گہ و بے گاہ

    کپڑے نارنجی سر پہ اودی شال

    (۶)

    قیر و چرکیں لباس تنگ معاش

    ساتھ رکھتے ہیں ایک موے تراش

    قینچی لیتے ہیں گاہ و گہ منقاش

    ہر سر مو پہ اس سے ہے پرخاش

    لوگ کہتے ہیں شیخ ہے چنڈال

    آشنا میرے بھی پرانے تھے

    میں وے اک عمر اک ٹھکانے تھے

    یار تھے دوست تھے یگانے تھے

    صحبتیں تھیں بہم زمانے تھے

    روز و شب ہمدگر تھی قال و مقال

    اب وے مختار کے ہوئے مختار

    ان پہ ٹھہرا ہے سلطنت کا مدار

    وے ہی اس عہد میں ہیں کاربرآر

    اس طرف سے مرا ہوا جو گذار

    نکلے سن نام بہر استقبال

    جب ملاقات درمیاں آئی

    دستخطی فرد میں نے دکھلائی

    لے کے میری تسلی فرمائی

    اک نفر پاس اپنے رکھوائی

    پھر لگے کہنے رکھیے استقلال

    فرد نواب کو دکھاؤں گا

    حال صاحب کا سب جتاؤں گا

    ہے مقدر تو کر ہی لاؤں گا

    لے کے دفتر میں آپ جاؤں گا

    آگے میرے کسے سخن کی مجال

    قدر والا تمھاری ہے معلوم

    خلق خادم ہے اور تم مخدوم

    اس سعادت سے جو رہے محروم

    ہے یقیں یہ کہ وہ الاغ شوم

    حشر کو ہوگا مرکب دجال

    تم بنی فاطمہ ہو ہم ہیں غلام

    ہے غلامی تمھاری اپنا کام

    تم کو مسجود جانتے ہیں انام

    تم سبھوں کے ہو پیشوا و امام

    تم سے سب کو نجات کا ہے سوال

    بارے رخصت کیا بصد اعزاز

    اور کہا تم ہو خلق میں ممتاز

    ہے تمنا کہ تم سے ہوں دمساز

    دل ہمارا ہو کاش محو نیاز

    کریے تم پر نثار جان و مال

    شیخ نے کر سلوک حد سے زیاد

    قید اندوہ سے کیا آزاد

    دی بھلا روزگار کی بیداد

    جان غم کش ہوئی نہایت شاد

    کم ہوا کوئی روز سر سے وبال

    پھر جو دو دن میں میں گیا ان پاس

    شیخ جی نکلے ایک اشرالناس

    نے وہ تعظیم و خلق نے وہ پاس

    بولے کچھ زیر لب اداس اداس

    رہ گیا چپ میں دیکھ کر یہ حال

    میرے تیں بے دماغ جو پایا

    سر کیا نیچے یعنی شرمایا

    جب خجالت سے کچھ نہ بن آیا

    تب بہانہ صداع کا لایا

    پھر یہ بولا کہ کیوں ہے چہرہ لال

    میں کہا وجہ ہے کہا کہیے

    میں کہا جور کب تلک سہیے

    چند پامال چرخ کج رہیے

    جی میں ہے اب لگایئے پہیے

    تاکہ گردوں کی کچھ ہو سیدھی چال

    تھی جو تم سے توقع یاری

    سو تو آئی ظہور میں ساری

    ہوتی جو فرد دستخطی جاری

    تو بھی یہ دن جو ایسے ہیں بھاری

    کاٹتا یک طرف فقیر مثال

    دستخطی فرد کا سنا جب نام

    کہنے لاگا کہ اب قریب ہے شام

    بیٹھنے کا ہوا ہے وقت تمام

    پھر کسی روز کیجیے گا کلام

    اب تو میرے نہیں حواس بحال

    تھا جو سختی سے فقر کی ناچار

    گھر گیا شیخ جی کے سو سو بار

    نہ رہا کوئی فوج شہ میں یار

    نہ کہا جن نے میرا حال زار

    تنگ آیا میں مفلسی سے کمال

    کچھ طرح اور جب نہ بن آئی

    میں ہوا شیخ جی کا مجرائی

    کھینچی کیا کیا انھوں کی مرزائی

    پر تسلی مری نہ فرمائی

    مفت عزت گئی ہوا پامال

    ایک مدت تھی آج کل پر بات

    اب تو ہے صبح اب ہوئی ہے رات

    ہے بہت شیخ کی غنیمت ذات

    جمع آدم میں اتنے کب ہوں صفات

    مفتری و دروغی و محتال

    ایک دن میں کہا جو ہو مضطر

    کہیے اس در سے جاؤں اب کیدھر

    ہنس کے بولے بہت تلطف کر

    سر منڈائے ہو تم بھی اس گھر پر

    آگے آئیں گے جتنے ہوں گے بال

    راتوں کے تیں مصیبتیں گذریں

    کیا دنوں کو قیامتیں گذریں

    کچھ نہ پوچھو جو حالتیں گذریں

    باتوں باتوں میں مدتیں گذریں

    وعدہ دو چار دن نہ ماہ و سال

    پھر جو اس فرد کا ہوا مذکور

    کہنے لاگے کہ نائب دستور

    جانتا ہے تمھیں کہ ہو مشہور

    پر کہے ہے رکھو مجھے معذور

    جاری کرنا ہے اس کا امر محال

    آٹھ آنے ہیں شاہ پر بھاری

    اس کے لوگوں ہی کی ہے اب خواری

    آپ ہے تو یہ ہے گرفتاری

    فوج ہے گی تو قحط کی ماری

    کیونکہ جس جا رہے ہیں واں تھا کال

    عمدے جو ہیں دنوں کو بھرتے ہیں

    سو بھی اسباب گروی دھرتے ہیں

    ہیں سپاہی سو بھوکے مرتے ہیں

    لوہو پی پی کے زیست کرتے ہیں

    ایک تلوار بیچے ہے اک ڈھال

    (۲۸)

    رہ گیا میں سو جی جلاتا ہوں

    کچھ کہے کوئی سر ہلاتا ہوں

    یعنی ہر اک کے تیں بلاتا ہوں

    کام سرکار کا چلاتا ہوں

    کارپرداز ہیں سفیہ و ضلال

    بادشہ بھیک مانگتا آیا

    روز روزینہ بند فرمایا

    معتمد اپنا مجھ کو ٹھہرایا

    سو برا بیچ میں میں کہلایا

    جس کو دیکھو رکھے ہے مجھ سے ملال

    ملکی اور سارے صاحبان تیول

    پھرتے ہیں خوار ہوتے مجھ سے ملول

    کہیے حضرت سے کچھ بھی ہو جو حصول

    کوڑی دینا انھیں نہیں ہے قبول

    آپھی مرتے ہیں ان کے اہل و عیال

    یاں مرے در پہ یاروں کا ہے ہجوم

    صبح سے شام تک رہے ہے دھوم

    جو یہی ڈول ہے تو ہے معلوم

    ایک دن با قدوم فرح لزوم

    نکلے گا یاں سے شہ بہ جاہ و جلال

    حاجت اک عالم اپنی لاتا ہے

    جو ہے سو جان کھائے جاتا ہے

    کون یاں راہ حرف پاتا ہے

    اور جسے کوئی منھ لگاتا ہے

    کاٹتا ہے وہ پہلے چومے گال

    اس کے اوپر ہے شہ تماشائی

    اور چاہے ہے خرچ بالائی

    ہر طرف پھیلی ہے یہ رسوائی

    کل چنانچہ ہمیں نظر آئی

    لال خیمے کے گرد دو سہ پال

    دینے کا ہو کہیں ٹھکانا بھی

    جود کو چاہیے زمانہ بھی

    یاں نہیں شہ کے گھر میں دانہ بھی

    کبھو ہوتا ہے پینا کھانا بھی

    ورنہ بھوکے رہے ہیں بیٹھے نڈھال

    حال یہ ہے جو اس پہ ہو منظور

    پھر بھی نواب سے کروں مذکور

    گاہ باشد کہ ہو انھیں مقدور

    پر سماجت ہے اب خرد سے دور

    لطف کیا میں کہوں وہ دیویں ٹال

    میں کہا بس بہت خراب ہوا

    پردے میں واں سے بھی جواب ہوا

    دل ہوا داغ جی کباب ہوا

    بارے ہونا جو تھا شتاب ہوا

    کٹ رہے گا مرا بھی یہ جنجال

    دل سے اپنے بھی اب بھلا دیجے

    فرد میری مجھے منگا دیجے

    ان خیالات کو اڑا دیجے

    بند چڑیا کے سے چھڑا دیجے

    بس بچھایا بہت فریب کا جال

    ہنس کے بولے کہ فرد ہے حاضر

    اور سمجھیے نہ مجھ کو بھی قاصر

    حال کا ہوں تمھارے میں ناظر

    جمع فرماؤ خاطر عاطر

    اب نہیں پھر یہ کام لوں گا سنبھال

    تب سے اب تک وہ فرد لاتا ہوں

    گاہ بے گاہ ان کے جاتا ہوں

    وقت پاتا ہوں تو جتاتا ہوں

    پر جواب ان سے صاف پاتا ہوں

    اب کی باری کا ہے یہ حال و مآل

    مأخذ :
    • کتاب : kulliyat-e-miir-Vol 2

    Additional information available

    Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.

    OKAY

    About this sher

    Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.

    Close

    rare Unpublished content

    This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.

    OKAY
    بولیے