اسنی بدر کا تعارف
اسنی بدر، 26 جنوری 1971 کو بریلی، اتر پردیش، بھارت میں پیدا ہوئیں۔ اسنی بدر کی ابتدائی تعلیم ہمیر پور میں ہوئی۔ انہوں نے اردو میں ایم اے کانپور یونیورسٹی سے کیا۔ ایم اے میں ٹاپ کیا۔ پیشے کے اعتبار سے وہ ایک استانی ہیں۔ فی الحال ریاض ، سعودی عرب میں مقیم ہیں اوروہاں کے دہلی پبلک اسکول میں اردو پڑھاتی ہیں۔
ان کا مجموعۂ کلام منظر نامہ2014 میں شائع ہوا تھا جس نے کافی پذیرائی حاصل کی۔
اسنی بدرکی شاعری تانیثت کے موجودہ شور شرابے میں ایک بالکل منفرد ثقافتی نسوانی تجربے کی صورت گری کرتی نظر آتی ہے۔ ایک عرصے سے ہندو پاک کے ادبی رسائل میں ان کا کلام شائع ہو رہا ہے۔ ان کی کچھ غزلیں پرانے رسائل میں نظر آتی ہیں لیکن بنیادی طور پر نظم گو شاعرہ ہیں۔ پابند اور آزاد نظم پر یکساں قدرت رکھتی ہیں۔ گاہے بہ گاہے انگریزی نظموں کے تراجم بھی کرتی ہیں۔
موسیقت ، روانی اور شعری صداقت ان کی نظموں کی پہچان ہے۔ ایک پرگو شاعرہ ہیں،مشاعروں میں شرکت نہیں کرتیں ۔ فیس بک پر بہت فعال اور مقبول ہیں۔ان کی نظم ”وہ کیسی عورتیں تھیں“ بہت مقبول ہوکر ان کی پہچان بن گئی ہے۔