فاطمہ حسینی المتخلص مخفی کا سلسلہ نسب (کرولی بدھکر) کے سر برآوردہ حسینی خانوادے سے ہے. دیگر سادات خانوادوں کی طرح ہی موصوفہ نے بھی جب آنکھیں کھولیں تو گھر میں شعر و سخن کا ماحول پایا۔ موصوفہ کی نانی بانو سید پوری اور نانا سید ابل حسن رضوی اپنے دور کے نمائندہ شاعر تھے۔بانو سید پوری بالخصوص خواتین مرثیہ گو شاعرات کی صف میں منفرد مقام کی حامل ہیں۔
مخفی کی شاعری میں گھرکے لب و لہجے کے بجائے ان کا اپنا رنگ و آہنگ نظر آتا ہے۔اس کا سبب ان کی ذاتی دلچسپیاں اور مضامیں پر دسترس ہے۔فلسفہ، قرآنیات، ادیان کی تاریخ اور منطق ان کے مرغوب مضامین ہیں۔مخفی کی شاعری میں یہی مضامین پیرایۂ سخن میں نمود پاتے ہیں۔
زبان کی لطافت، استعارہ سازی اور حسن بیان کی رو سے اگر جائزہ لیا جائے تو مخفی اپنے دور کے شعرا سے مختلف نظر آتی ہیں. جہاں سہل گوئی بہ عنوانِ جدت عام روش بنتی جا رہی ہے وہیں مخفی نے روایت کادامن ہاتھوں سے نہیں جانے دیا ہے۔