تخلص : 'غنی'
اصلی نام : غنی احمد غنی
پیدائش : 15 Jul 1937
غنی احمد غنیؔ کی پیدائش 15جولائی 1937ء کو ہوئی۔ ابتدائی تعلیم سے لے کر منشی تک جامعہ اسلامیہ فیض عام سے تعلیم حاصل کی، کچھ عرصہ ملازمت کی لیکن پھر میدان تجارت میں کود پڑے اور ایک کامیاب تاجر ثابت ہوئے۔ آپ مولانا عبداللہ شائقؔ (بانی جامعہ اثریہ دارالحدیث، مئو) کے فرزند ارجمند ہیں، ذہانت و فطانت اور شعری ذوق ورثہ میں ملا تھا اس لیے تقریبا 14-15سال کی عمر میں ہی کارگاہ سخن میں قدم رکھ دیا اور ایک جلد ہی ایک منفرد شناخت کے حامل ہوگئے۔غنی احمد غنیؔ نے 1951-52کے آس پاس فضا ابن فیضی سے استفادہ شروع کیا۔ حکیم عبدالرشید انجم ؔ اعظمی کے یہاں فضاؔ ابن فیضی کی نشست رہتی تھی وہیں فضا ابن فیضی سے ملاقات ہوئی اور یوں افادہ و استفادہ کا سلسلہ شروع ہوگیا جو فضا ابن فیضی کے انتقال تک جاری رہا۔ بزم اردو کے رکن رہے اور پوری مستعدی کے ساتھ ہر ایک نشست میں تسلسل کے ساتھ حاضر ہوتے رہے، یہاں تک بزم اردو کچھ حد تک تعطل کا شکار ہوگئی اور آپ بذات خود بیمار رہنے لگے تو نشستوں میں شرکت کا سلسلہ منقطع ہوگیا۔ مجموعہ کلام طباعت کے مرحلے میں ہے۔