اصلی نام : عفت بانو عباسی
پیدائش : 19 Oct 1924
وفات : 26 Oct 2002
عفت زیبا کاکوری کے خاندان عباسی کے رئیس احمد عباسی کی بیٹی تھیں۔ مشہور صحافی، سیاسی کارکن انیس احمد عباسی ایڈیٹر روزنامہ’’حقیقت‘‘ لکھنؤ کی سگی بھتیجی اور فرقت کاکوروی کی پھوپھی زاد بہن تھیں۔ بچپن ہی میں والد کا سایہ سر سے اٹھ گیا اور والدہ اور نانی نے پرورش کی۔ گھر میں ہی اردو اور فارسی کی تعلیم ملی۔ گھریلو کتب خانے کی مدد سے مطالعہ جاری رکھا اور علمی استعداد بڑھتی رہیں۔ خاندان کےعلمی اور ادبی ماحول کے زیر اثر شاعری کی طرف مائل ہوئیں، کلام رسالہ ’حیا‘ اور ’عصمت‘ میں شائع ہونے لگا۔ کچھ عرصے جعفرعلی خاں اثر سے اصلاح لی، جلد ہی اثر صاحب نے کہا کہ اب اصلاح کی ضرورت نہیں ہے۔ اس کے بعد سے ان کا کلام رسائل اور جرائد میں کثرت سے چھپنے اور ریڈیو سے نشر ہونے لگا۔غزلوں اور نظموں کا مجموعہ"زیر لب"1974 میں شائع ہوا۔ ان کے غیر مطبوعہ کلام کا ایک مجموعہ ‘‘غم جاوداں’’ موجود ہے جو ان کی شادی سے پہلے کے کلام پر مشتمل ہے۔