تخلص : 'اقبال'
اصلی نام : سید اقبال حیدر
اقبال حیدر ادبی، تعلیمی، نشریاتی اور صحافتی دنیا کی معروف ہمہ جہت شخصیت تھے۔ اردو ادب اور صحافت میں کراچی یونیورسٹی سے ایم اے کی ڈگریاں حاصل کیں۔ پاکستان کے نشریاتی ادارے پاکستان ٹیلی ویژن کے ساتھ سینئر پروڈیوسر اسکرپٹ ایڈیٹر اور تعلیمی سربراہ کے طور پر 35 سال خدمات انجام دیں۔ ریٹائرمنٹ کے بعد اردو یونیورسٹی سے وابستہ ہوگئے۔
ادبی دنیا میں اقبال حیدر کا سب سے بڑا حوالہ آپ کی شاعری ہے ان کا کلام تمام ادبی اہمیت کے حامل جریدوں میں شائع ہوتا رہا۔ دنیا کی اہم ادبی بستیوں میں منعقد ہونے والے عالمی مشاعروں میں شریک ہوتے رہے۔ امریکہ میں مستقل سکونت اختیار کرنے کے بعد اردو زبان کی خدمت کے لئے اپنی زندگی وقف کردی۔ کئی اردو جرائد کے ادارتی منصوبہ سازی میں شامل رہے۔ ڈیلس امریکہ کے اردو گھر کے فعال رکن ہونے کے علاوہ مقامی کمیونٹی کالج میں اردو کے استاد کے فرائض بھی انجام دیتے رہے۔
غزل اور نظموں کے علاوہ اقبال حیدر کی بڑی پہچان جاپانی صنف ہائیکو شاعری ہے جس کے تراجم دنیا کی تام اہم زبانوں میں ہوچکے ہیں۔ معیاری ہائیکو نگاری اور ہائیکو کے لئے ان کی خدمت پر حکومت جاپان کی جانب سے قونصل خانہ جاپان کراچی نے آپ کو ہائیکو کے سفیر کا خطاب اور اعتراف فن کے طور پر خصوصی ایوارڈ سے بھی نوازا۔
2010 میں کینیڈا کے دورہ میں مقامی ادبی حلقوں میں اقبال حیدر کو بے حد پذیرائی ملی۔ ان کے اعزاز میں بزم احباب کینیڈا نے قونصلیٹ جنرل ٹورانٹو کے تعاون سے ایک تقریب کا اہتمام کیا جس میں حکومت کینیڈا کے ممبرپارلیمنٹ نیئوویب سینز نے اعترافی شیلڈ سے نوازا۔ کینیڈا سے شائع ہونے والے اردو کے سب سے بڑے ہفت روزہ ’’اخبار پاکستان‘‘ میں مسلسل دس سال تک ’’ہجرتوں کے درمیاں‘‘ کے عنوان کے تحت مختلف موضوعات پر تحقیقی مضامین تحریر کئے جو جلد کتابی شکل میں شائع کئے جارہے ہیں۔ کآپ کی حمدونعت کا پہلا مجموعہ ’’لاریب‘‘ شائع ہوکر ادبی حلقوں میں بے حد پذیرائی حاصل کر چکا ہے۔ دوسرا مجموعہ ’’صدسخن‘‘ کے نام سے زیر اشاعت ہے۔