جاوید قسیم کاحقیقی نام محمد جاوید قریشی ہے۔ 29ستمبر1964 ء (29 اگست 1964ء بمطابق سرکاری ریکارڈ) ہندوستان کی ریاست اتر پردیش کے شہر اورئی جو ضلع جالون کا صدر مقام بھی ہے میں آپکی پیدائش ہوئی۔ پیشہ کے اعتبار سے جہاں آپ سول انجینئر یعنی تعمیر کے شعبہ سے وابستہ ہیں وہیں آپ اپنے نرم لب و لہجے کی شاعری کے ذریعے لوگوں کے دلوں میں سوز و ساز بیدار کرنے اور ٹوٹے دلوں کو جوڑنے کا کام کرتے ہیں۔ 1981ء میں اورئی سے انٹر میڈیٹ کرنے بعد جھانسی سے انجینئرنگ ڈپلومہ1984ء میں حاصل کیا۔ بعد ازاں انجینئرنگ میں گریجویشن کے لئے دہلی میں مقیم رہے۔ ادبی سرگرمیوں کا سلسلہ جو زمانہِ طالبعلمی یعنی دورانِ انٹرمیڈیٹ جھانسی سے شروع ہوا تھا وہ دہلی میں بھی جاری رہا۔ گریجویشن مکمل کرنے کے بعد جھانسی میں 1990ء سے2000ء تک اپنے کاروبار میں مصروف رہے اور ساتھ میں ادبی سرگرمیوں کا سلسلہ بھی جھانسی اور اس کے اطراف میں جاری رہا۔ سال2000ء کے بعد دبئی، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب میں ملازمت پذیر رہے۔ ہندوستان اور دبئی میں منعقد ہونے والے چھوٹے بڑے مشاعروں میں شریک ہوتے رہے ہیں۔ اور کئی نامور شعراء کی صحبت سے فیض حاصل کیا ہے۔