ڈاکٹر جنیدآزر کوہاٹ میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم کوہاٹ میں ہی حاصل کی ۔ میٹر ک کا امتحان گجرات سے پاس کیا ۔ 1986 ءمیں اسلام آباد منتقل ہوگئے۔2020ءمیں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ شاعری کا آغاز دورِطالب علمی میں ہوگیا۔ 1986ءمیں مشاعروں اور ادبی محافل میں شرکت کا آغاز ہوا اور مختلف ادبی جرائد اور اخبارات میں کلام شائع ہونے لگا۔ غزل، نظم، ہائیکو اور دیگر اصناف سخن میں طبع آزمائی کرتے ہیں۔ ٹی وی، ریڈیو اور سی ڈیز کے لیے بے شمارگیت لکھ چکے ہیں جو نامور گلوکاروں کی آواز میں ریکارڈ کئے گئے۔ اسلام آباد میں فروغ ادب کے لیے 2008ءمیں "اشارہ انٹرنیشنل“ کے نام سے ادبی و ثقافتی تنظیم کی بنیاد رکھی جو ادبی سرگرمیوں کے حوالے کافی متحرک تنظیم ہے اور اس کے زیر اہتمام پانچ سالانہ عالمی مشاعروں کے علاوہ کل پاکستان مشاعرے اور بے شمار کتب کی تقاریب رونمائی، مشاہیر کے ساتھ شامیں اور شعری نشستیں منعقد کی جا چکی ہیں ۔ اس کے علاوہ اسلام آباد/ راولپنڈی کی بہت سی ادبی وثقافتی تنظیموں سے وابستہ ہیں۔
ان کی مطبوعہ کتابیں
(۱) ”کاغذ کی راکھ“ (شعری مجموعہ)، 1998ء، ( سردارعبدالرب نشتر ایوارڈ یافتہ )، بیلا پبلی کیشنز، اسلام آباد۔
(۲) ”اشارہ“ (شعری مجموعہ)، 2008ئ، بیلا پبلی کیشنز، اسلام آباد۔
(۳) ”اسلام آباد ، ادبی روایت کے پچاس سال“ 2010 ء(تحقیق) ، مقتدرہ قومی زبان، اسلام آباد۔
(۴) ”دل تو درویش ہے“( نثار رزمی .... فن و شخصیت ، تحقیق ) 2012 ء، بیلا پبلی کیشنز، اسلام آباد۔
(۵) انتخاب کلام حسرت موہانی (2017ئ)، نیشنل بک فاﺅنڈیشن ، اسلام آباد
(۶) ”خاقان خاور .... فن اور شخصیت“ (تحقیق)، اکادمی ادبیات پاکستان، اسلام آباد ۔
(۷) ”کشف“ شعری مجموعہ، 2020ئ، ( سردارعبدالرب نشتر ایوارڈ یافتہ ) بیلا پبلی کیشنز، اسلام آباد۔
زیر طبع:
(۱) ’نعتیانے“ سہ مصرعی نعتیہ نظمیں
(۲) تنقیدی و تاثراتی مضامین
(۳) اسلام آباد کی ادبی تنظیمیں
(۴) راولپنڈی اسلام آباد کا دبستانِ نعت
(۵) راولپنڈی اسلام آباد میں ناول نگاری کی روایت
بیرون ملک مشاعروں میں شرکت:
عالمی مشاعرہ بحرین (2007)، سعودی عرب (2008) ، عالمی مشاعرہ ، بحرین(2011)، عالمی مشاعرہ، قطر (2019)
صحافتی خدمات:
متعدد اردو اخبارات کے ادبی ایڈیشن مرتب کرچکے ہیں۔ برطانیہ سے جاری ہونے والے ماہانہ جریدے ”آئینہ بریڈفورڈ“ کی ادارت کم و بیش چاربرس تک کرتے رہے۔ ادبی و ثقافتی سرگرمیوں پر متعدد ایوارڈز اور اسناد حاصل کر چکے ہیں۔2020ء میں منعقدہ عالمی طرحی مشاعرہ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ریڈیو پاکستان اسلام آباد سے ”افکار“ کے عنوان سے کئی برسوں تک ادبی پروگرام کرتے رہے