محمود اشرفؔ مالیگ کی پیدائش (19 جنوری 1993) مالیگاؤں میں ہوئی۔ 2007 سے وہ دامنِ سخن سے وابستہ ہیں، اشرفؔ کی شاعری روایتی ضرور ہے لیکن الفاظ و تراکیب کی ندرت اور خیال کی بلندی قاری کو چونکا دیتی ہے۔
ان کے کلام میں تَعَلّی اور کہیں کہیں صوفیانہ رنگ بھی نظر آتا ہے۔ وہ زبان کی صحت کا خیال کرتے ہوئے اپنی بات کہہ جاتے ہیں اور یہی ان کی کامیابی کی وجہ بھی ہے۔ سنجیدہ ادبی محفلوں اور شعری نشستوں سے گزر کر ان کا مجموعہ کلام 'متاعِ محبت' اشاعت کا منتظر ہے۔
پیشے کے اعتبار سے آئی ٹی آئی کے مدرس ہیں جس کے پیشِ نظر ان کی ایک کتاب 'آئی ٹی آئی میں کریئر کے مواقع' (2020) شائع ہوچکی ہے, جس کیلئے انہیں مہاراشٹر اردو ساہتیہ اکیڈمی نے ایوارڈ برائے کتب سال 2020 سے سرفراز کیا ہے۔