منت میر قمرالدین نام، منت تخلص ۔ سونی پت (نزد پانی پت) کے رہنے والے تھے ۔ دلی میں تعلیم و تربیت پائی۔ تمام درسی کتابیں حضرت شاہ عبدالعزیز سے پڑھیں۔ فارسی میں میر شمس الدین کے اور اردو میں شیخ قیام الدین کے شاگرد ہیں۔ دونوں زبانوں میں بہت اچھے شعر کہتے تھے۔ جب تک دلی میں رہے سنّی رہے ۔ جب لکھنؤ گئے تو شیعہ ہوگئے۔ آصف جاہ ثانی والیٔ دکن کے زمانہ میں حیدرآباد گئے اور نواب کی مدح میں قصیدہ کہنے پر دس ہزار نقد ملا اور ماہوار وظیفہ مقرر ہوا۔ کلکتہ میں 1794 میں انتقال ہوا ۔ ایک دیوان اور چند مثنویاں اور گلستان کے جواب میں ایک کتاب شکرستان ان کی یادگار ہیں ۔ ان کے بیٹے میر نظام الدین ممنون مشہور شاعر تھے۔