مسٹر دہلوی موجودہ دور کی ظریفانہ شاعری میں مسٹرؔ دہلوی کا نام خاصا نمایاں ہے۔ ان کی شاعری میں مزاح بھی ہے، طنز بھی ہے، مشرق کی تائید بھی ہے اور مغرب کی تضحیک بھی۔ معاشرتی و سیاسی ناہمواریوں کی نشان دہی کے ذریعے اصلاح کی کوشش بھی ہے اور احتجاجی لہجے کے دریعے طاقتور کے مقابلے میں کمزور کی حمایت کا پرچار بھی۔ غرض یہ کہ مسٹرؔ دہلوی نے اپنے گردوپیش کی پوری زندگی کو موضوع سخن بنانے کی کوشش کی ہے۔ ان کی اس کوشش میں اکبرؔ کا اصلاحی رنگ غالب ہے۔ لیکن مولوی مدن کی سی بات کہیں پیدا نہیں ہوسکی۔ دہلی میں پیدا ہوئے، پھر پاکستان کو پیارے ہوگئے۔