پاگل عادل آبادی طنز و مزاح کے معتبر شاعر ہیں۔ ان کا اصل نام احمد شریف تھا۔ ان کی پیدائش نظام آباد (تلنگانہ) میں ایک وضعدار اور معزز خاندان میں ہوئ۔ ابتدائی تعلیم بھی یہیں حاصل کی۔ زمانہ طالب علمی سے شعر و شاعری کا شغف تھا۔ گانے سے بھی غیر معمولی دلچسپی تھی۔ شہرہ آفاق فلمی گلوکار محمد رفیع کے گائے ہوئے گیتوں اور غزلوں کو اپنے حلقہ احباب میں سناتے تھے۔ اسی شوق نے انہیں 1970 میں شعر گوئ کی طرف مائل کیا۔
پاگل عادل آبادی کا شعری سرمایہ پانچ مجموعہ کلام پر مشتمل ہے۔ جن کے نام "الّم غلّم" "چوں چوں کا مُربّہ" گڑبڑ گھوٹالہ" "کھٹے انگور" اور "کھسر پھسر" ہیں۔ ہندوستان کے کونے کونے میں مشاعروں میں انہوں نے شرکت کی اور اپنی ظریفانہ تخلیقات سنا کر عوام کے دلوں کو موہ لیا۔ یہاں تک کہ کئی خلیجی ممالک کے مشاعروں میں انہوں نے دکنی زبان میں غزلیں، فلمی پیروڈی، نظمیں، اور گیت سنا کر اپنی خداداد صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ ان کی وفات 2007 میں عادل آباد (تلنگانہ) میں ہوئی ۔