سعیداللہ شادؔ 26جون 1962 کو پیدا ہوئے، ابتدائی تعلیم مدرسہ دارالعلوم سے حاصل کی، منشی، کامل کے امتحانات دینے کے بعد عصری علوم کی تحصیل میں مصروف ہوئے لیکن ہائی اسکول کا امتحان دینے کے بعد تعلیمی سلسلہ جاری نہ سکا، تجارت کو وسیلہ معاش بنایا، خوش گلو تھے اور شاعری کا سنجیدہ ذوق رکھتے تھے، تھوڑی سی توجہ اِدھر ہوئی تو پھر میدان میں پیر جماتے دیر نہیں لگی۔ گمان انصاری اور سردار شفیق سے مشورہ سخن کیا۔ 1983ء میں جب بزم تعمیر اردو کی باقاعدہ تشکیل ہوئی اور باضابطہ انتخابات ہوئے تو آپ کو سکریٹری منتخب کیا۔ اس وقت سے لے کر آج تک آپ بزم کے سکریٹری ہیں۔ بزم تعمیر اردو شہر کی فعال ترین انجمن ہے جس کی نشستیں پوری باقاعدگی کے ساتھ وقت پر منعقد ہوتی ہیں۔ اس باقاعدگی کا تمام سر سہرا سعیداللہ شادؔ کے سر جاتا ہے۔