ثروت حسین کا تعارف
تخلص : 'sarvat'
اصلی نام : ثروت حسین
پیدائش : 09 Nov 1949 | کراچی, سندھ
وفات : 09 Sep 1996
LCCN :n88254467
موت کے درندے میں اک کشش تو ہے ثروتؔ
لوگ کچھ بھی کہتے ہوں خودکشی کے بارے میں
اردو کے صاحبِ طرز شاعر ثروت حسین ۹ نومبر ۱۹۴۹ء کراچی میں پیدا ہوئے۔آپ کے والدِگرامی قیامِ پاکستان کے وقت بدایوں (انڈیا) سے ہجرت کرکے کراچی آگئے تھے۔آپ سادات کے زیدی سلسلے سے تعلق رکھتے ہیں۔ آپ نے ابتدائی تعلیم گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول ملیر کینٹ ،کراچی سے حاصل کی۔ علامہ اقبال کالج، ائیر پورٹ کراچی سے ایف ۔ اے (۶۸۔۱۹۶۷ء) کیا۔آپ کوسکول کے زمانے ہی سے شاعری کا شوق تھا ، چھوٹی چھوٹی نظمیں لکھتے اورسکول کا قلمی رسالہ نکالاکرتے تھے۔ شاعری کاباقاعدہ آغازکالج سے ہوا، جہاں آپ نے شعروسخن کے مقابلوں میں حصہ لیناشروع کیا اورکئی انعامات اپنے نام کئے۔ اپنی شاعری کومقامی اورملکی سطح کے اخبارات و رسائل میں اشاعت کے لئے بھیجنے کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ جامعہ کراچی سے ۱۹۷۳ء میں ایم۔ اے اردو کی سند حاصل کی۔ اس دوران آپ کی شہرت کراچی کے ادبی حلقوں تک جا پہنچی تھی اور بین الکلیاتی مقابلوں کے علاوہ ادبی تقریبات ، مشاعروں اور ریڈیو پاکستان کراچی کے ادبی پروگراموں میں بھی مدعو کیا جانے لگا تھا۔
ثروت حسین نے عملی زندگی کا آغاز جامعہ ملیہ کالج ،کراچی میں بطور لیکچرر کیا۔ ۱۹۷۶ء میں رشتۂ ازدواج سے منسلک ہوئے۔ ۱۹۷۹ء میں آ پ کی تعیناتی گورنمنٹ شاہ لطیف کالج قنبرعلی شاہ ،ضلع لاڑکانہ میں ہوگئی۔ بعد میں آپ کاتبادلہ مٹیاری کالج ،حیدرآباد کردیا گیا۔زندگی کے اواخر میں آپ گورنمٹ ڈگری بوائز کالج ملیر ،کراچی میں اپنی خدمات انجام دے رہے تھے۔ثروت حسین کا پہلا مجموعہ ۱۹۸۷ء میں ’’آدھے سیارے پر‘‘ لاہورسے شائع ہوا۔ ۹ ستمبر ۱۹۹۶ء کو ثروت حسین اس دنیا سے کوچ کرگئے۔انتقال کے ایک سال بعد آپ کا دوسرا مجموعہ’’ خاکدان ‘‘ جبکہ تیسرا مجموعہ ’’ایک کٹورا پانی کا‘‘ ۲۰۱۲ء میں اسلام آبادسے شائع ہوئے۔ ۲۰۱۵ء آپ کی کلیات کراچی سے شائع کی گئی۔ثروت حسین کی شاعری نے ناصرف اردو غزل کو ایک نئے مزاج سے روشناس کرایا بلکہ اردو نظم میں ہونے والے نثری نظم کے تجربے کو بھی اعتباربخشا۔ آج ہمیں شعرا کی بڑی تعداد خصوصاً نوجوان شعرا ثروت حسین کے اسلوب، لفظیات اور طرز کی تقلید کرتے نظر آتے ہیں۔

موضوعات
اتھارٹی کنٹرول :لائبریری آف کانگریس کنٹرول نمبر : n88254467