حکومتیں اور غیر سرکاری رضاکارانہ تنظیمیں بچوں کی تعلیم میں ہمہ وقت سر گرم ہیں، پرتھم بکس ایک ایسی ہی تنظیم ہے جو ہندوستان میں بچوں کی تعلیم کے فروغ میں مشغول ہے۔ سن 2004 میں سجین سنگھ نے 'پرتھم' کی بنیادیں رکھی۔ انہوں نے دیکھا کہ بچوں کے پڑھنے کے لئے مواد تو کافی ہے، لیکن یہ مواد اکثر انگریزی اور ہندی زبان میں ہی دستیاب ہے۔ جبکہ ہندوستان کا ایک بڑا طبقہ ایسا بھی ہے جو ان دونوں زبانوں سے تھوڑا سا دور ہے۔ سجین نے سوچا کیوں نہ وہ دیگر ہندوستانی زبانوں میں بھی بچوں کے لئے کتابیں شائع کریں، تاکہ ہندوستان کے ہر بچے کے ہاتھ میں کتاب ہو۔ انہوں نے اپنی کتابوں کی قیمتیں کافی کم رکھیں۔ گزشتہ دیڑھ صدی میں پرتھم نے 18 زبانوں میں کم و بیش 14 ملین کتابیں شائع کیں۔ جس میں اردو کا بھی ایک بڑا ذخیرہ ہے۔ پرتھم بکس نے کچھ تنظیموں اور این جی اوز کے ساتھ مل کر ایک "ڈونیٹ اے بک" پروگرام بھی ترتیب دیا ہے، جس کے تحت کوئی بھی شخص کچھ پیسے دیکر بچوں کی مدد کرسکتا ہے، ان پیسوں سے پرتھم اپنی کتابوں کو ان این جی او تک بھیجے گا۔ تاکہ وہ کتابیں بچوں تک پہنچ سکیں۔ پرتھم بکس کی معاونت کا سلسلہ جاری ہے، چنانچہ اس نے پچھلے دنوں بچوں کی اردو تعلیمی کتابیں ریختہ کو بھینٹ کیں، جو ریختہ کی ڈجیٹل لائبریری پر موجود ہیں، ان سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔