Font by Mehr Nastaliq Web

aaj ik aur baras biit gayā us ke baġhair

jis ke hote hue hote the zamāne mere

رد کریں ڈاؤن لوڈ شعر

بندر والا

غلام عباس

بندر والا

غلام عباس

MORE BYغلام عباس

    کہانی کی کہانی

    والدین اپنی خواہشوں کی تکمیل کے لئے کس طرح بچوں سے ان کا بچپن چھین لیتے ہیں، یہ اس کہانی میں بیان کیا گیا ہے۔ مسٹر شاہ ایک بڑے عہدے پر فائز ہیں۔ آئے دن لوگوں کی دعوتیں کرتے ہیں جس سے یہ خیال ہوتا ہے کہ وہ انتہائی خلیق و ملنسار ہیں لیکن در اصل اس دعوت کے بہانے انہیں اپنے چار سالہ بچے کی نمائش مقصود ہوتی ہے جسے انہوں نے غالب کے اشعار سمیت بہت کچھ پڑھا سکھا رکھا ہے۔ وہ جاپانی جوڈو بھی جانتا ہے۔ مصنف نے اس بچے کو بندر اور مسٹر شاہ کو بندر والے سے تشبیہ دی ہے۔ جس طرح بندر والے کو اپنا تماشا دکھانے کے لئے ڈگڈگی کا سہارا لینا پڑتا ہے اسی طرح مسٹر شاہ کو دعوتوں کا۔

    میں شہر کے جس علاقے میں رہتا تھا، وہیں ایک صاحب بھی رہتے تھے۔ نام تو ان کا کچھ لمبا سا تھا مگر اس علاقے کے لوگوں میں وہ مسٹر شاہ کے نام سے یاد کیے جاتے تھے۔ وہ کسی دفتر میں اونچے عہدے پر فائز تھے اور ایک چھوٹے سے خوش نما بنگلے میں رہائش پذیر تھے۔ بڑے خلیق اور ملنسار معلوم ہوتے تھے کیونکہ ان کے بنگلے کے باہر صبح شام دو ایک موٹریں کھڑی نظر آیا کرتی تھیں۔

    میں صبح کو ٹہلنے نکلتا تو کبھی کبھی ان سے ملاقات ہو جاتی، خصوصاً چھٹی کے روز۔ انہیں کسی طرح معلوم ہو گیا تھا کہ مجھے شعر و ادب سے لگاؤ ہے۔ شاید یہی وجہ تھی کہ وہ مجھ سے بڑے التفات سے پیش آتے اور اپنے بنگلے پر آنے کی دعوت دیتے۔ میں اسے ان کی خوش اخلاقی پر محمول کرتا اور ہمیشہ کچھ نہ کچھ بہانہ کرکے ٹال دیا کرتا، مگر ایک دن جو انہوں نے مجھے سہ پہر کی چائے پر مدعو کیا تو میں انکار نہ کر سکا۔ مجھے معلوم تھا کہ ان کا تین چار سال کا ایک صاحب زادہ ہے، جس کو میں نے کئی بار ان کی انگلی پکڑے ساتھ ساتھ چلتے دیکھا تھا۔ بڑا بھولا بھالا پیارا پیارا۔ میں نے بازار سے ٹافیوں اور چوسنے والی مٹھائیوں کی دو تھیلیاں خریدیں اور وقت مقررہ پر ان کے بنگلے پر پہنچ گیا۔

    وہ غالباً میرے ہی منتظر تھے۔ خود پھاٹک پر مجھے لینے آئے اور میری آمد پر بڑی مسرت کا اظہار کیا۔ ڈرائنگ روم میں لے گئے اور ایک نرم اور آرام دہ صوفے پر مجھے بٹھایا۔ ڈرائنگ روم بڑے تکلف سے سجایا گیا تھا۔ قیمتی قالینوں، دیواروں پر خوشنما تصاویر، چینی کے ظروف، آرٹ کے نوادر، غرض ہر چیز ان کی خوشحالی کی غمازی کرتی تھی۔ اسی ڈرائنگ روم کے ایک گوشے میں ان کا صاحب زادہ چند بیٹری سے چلنے والے کھلونوں، موٹر، ہوائی جہاز، ٹینک وغیرہ سے کھیلنے میں مشغول تھا، اس کو دیکھ کر مسٹر شاہ نے کہا، ’’مانی، دیکھو انکل آئے ہیں، انہیں سلام کرو۔‘‘ لڑکا چونکا اور جلدی سے اٹھ کر کھڑا ہو گیا۔ مگر اس کی نظریں ابھی تک کھلونوں پر گڑی تھیں۔

    ’’مانی بیٹے سلام کرو انکل کو۔ شاباش۔‘‘ لڑنے کے باپ کی طر ف دیکھا، پھر اپنے ننھے منےہاتھ سے پیشانی کو چھو کر مجھے سلام کیا۔ میں نے شفقت سے اس کے سر پر ہاتھ پھیرا اور ٹافیوں اور چوسنے والی مٹھائیوں کی تھیلیاں اسے دے دیں۔

    ’’انکل کو تھینک یو کہو مانی۔‘‘ لڑکے نے کچھ تامل کیا۔

    ’’دیکھو انکل تمہارے لیے کیسی اچھی اچھی سوئیٹس لائے ہیں۔ انہیں تھینک یو کہو۔ شاباش!‘‘ آخر لڑکے نے اپنی باریک آواز میں آہستہ سے تھینک یو کہہ ہی دیا۔ میں نے دوبارہ اس کے سر پر ہاتھ پھیرا۔

    ’’ماشاء اللہ بڑا پیارا ہونہار بچہ ہے۔ خدا عمر دراز کرے۔‘‘ بچہ چند لمحے شرمیلے پن سے سر جھکائے کھڑا رہا۔ پھر وہ آہستہ آہستہ قدم اٹھاتا ہوا ڈرائنگ روم سے باہر جانے لگا۔ مگر مسٹر شاہ نے فوراً اسے روکا، ’’تم نے انکل کو اپنا نام تو بتایا ہی نہیں۔‘‘ بچہ رک گیا۔ وہ گھر میں ایک اجنبی کو دیکھ کر کچھ گھبرا سا گیا تھا۔

    ’’شاباش، شاباش، بتاؤ اپنا نام۔‘‘ لڑکے نے پہلے باپ کے چہرے کی طرف دیکھا، پھر نظریں نیچی کر کے اپنی باریک آواز میں آہستہ سے کہا، ’’خاکسار کو امان اللہ شاہ کہتے ہیں۔‘‘ مسٹر شاہ کا چہرہ کھل اٹھا۔ اتنےمیں ایک خاتون ہلکے سبز رنگ کی ساری میں ملبوس ڈرائنگ روم میں تشریف لائیں۔ قدرے شوخ میک اپ کیا ہوا، جس کی ضرورت نہ تھی کیونکہ وہ خاصی قبول صورت تھیں۔ عمر میں وہ مسٹر شاہ سے، جو چالیس کے پیٹے میں معلوم ہوتے تھے، یقیناً آٹھ دس برس چھوٹی ہوں گی۔ مسٹر شاہ نے میری ادبی صلاحیتوں کے بارے میں کچھ زیادہ ہی مبالغہ آرائی سے کام لیتے ہوئے اپنی بیگم سے میرا تعارف کرایا جس پر انہوں نے بڑے ادب سے مجھے سلام کیا۔ میں نے اپنی منکسر المزاجی کو ایک ہلکی سی مسکراہٹ سے ظاہر کرتے ہوئے ان کے سلام کا جواب دیا اور وہ ڈرائنگ روم ہی میں ایک بڑی سی میز پر چائے کے برتن سجانے میں مصروف ہو گئیں۔

    میں نے مسٹر شاہ سے پوچھا، ’’آپ کا صاحب زادہ ماشاء اللہ بہت ذہین ہے، کس نرسری اسکول میں جاتا ہے؟‘‘

    ’’ابھی تو کسی میں بھی نہیں۔ میں گھر پر خود ہی اس کو پڑھاتا ہوں۔ میرا اکلوتا بیٹا ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ شروع ہی سے اسے پڑھنے کا شوق پیدا ہو جائے۔ مانی بیٹے، ذرا انکل کو، اے بی سی تو سناؤ۔‘‘ رفتہ رفتہ لڑکے کی جھجھک دور ہوتی جا رہی تھی۔ اب کے اس نے بغیر شرمائے اے سے لے کر زیڈ تک پوری اے بی سی فرفر سنا دی۔ اس دوران میں وہ دو ایک بار رکا بھی مگر باپ کی صورت دیکھتے ہی اسے اپنا آموختہ جلد ہی یاد آ جاتا تھا۔ اب تو مسز شاہ بھی خاصی بےتکلفی سے باتیں کرنے لگی تھیں۔

    ’’صاحب کیا بتاؤں، مسٹر شاہ کو تو بس یہی دھن ہے کہ لڑکے کو اسکول بھیجنے سے پہلے ہی لائق فائق بنا دیں۔ اس کی چوتھی سالگرہ میں بس چند ہی مہینے رہ گئے ہیں، اس کے بعد وہ اسکول جانے لگے گا۔ مسٹر شاہ چاہتے ہیں کہ اس سے پہلے ہی اردو کے کچھ مشہور شعر بھی اسے یاد کرا دیں، اور کچھ تو یاد کرا بھی دیے ہیں۔ غالب کا وہ کون سا شعر تھا جو۔۔۔‘‘ میں نے جلدی سے قطع کلام کرتے ہوئے کہا، ’’معاف کیجیے گا بیگم صاحب! آپ کا صاحب زادہ بے شک بہت ذہین ہے، مگر بےچارہ اس وقت بہت تھک گیا ہوگا۔ میں وہ شعر کسی اور روز سن لوں گا۔‘‘ مسز شاہ بولیں، ’’اجی آپ تھکنے کو کہتے ہیں۔ مسٹر شاہ تو صبح صبح ہی اسے اٹھا کر بٹھا دیتے ہیں، اپنے ساتھ ہواخواری کو لے جاتے ہیں۔ اپنے ساتھ ورزش کراتے ہیں، اور ورزش بھی سخت قسم کی۔ وہ جو جاپانی کشتی جوڈو کراٹے کہلاتی ہے، اس کے بھی تو کچھ داؤں پیچ سکھاتے ہیں۔۔۔‘‘

    چائے کے دوران بھی گفتگو کا موضوع زیادہ تر ان کا صاحب زادہ ہی رہا۔ آخر جب کوئی ڈیڑھ دو گھنٹے کے بعد میں مسٹر شاہ کے بنگلے سے نکلا تو مجھے بڑی تھکاوٹ معلوم ہو رہی تھی۔ آہستہ آہستہ قدم اٹھاتا ہوا تھوڑی ہی دور چلا تھا کہ ایک جگہ سڑک سے ہٹ کر میں نے ایک مجمع دیکھا جس میں بوڑھے، بچے، جوان سبھی دائرہ باندھے کھڑے تھے۔ ان کے قہقہوں کی آوازیں سن کر میرے قدم خود بخود اس مجمع کی طرف اٹھنے لگے۔ دیکھتا کیا ہوں کہ بندر کا تماشا ہو رہا ہے جسے تماشائی بڑے ذوق و شوق سے دیکھ رہے ہیں۔ بندر ایک چھوٹی سی سرخ رنگ کی انگریزی ٹوپی پہنے تھا جسے بندر والے نے اس کی ٹھوڑی کے نیچے ڈوریوں سے باندھ دیا تھا۔ وہ پچھلے پاؤں پر انسانوں کی طرح سیدھا کھڑا تھا اور دونوں ہاتھ کو لہوں پر رکھ کر خوب مٹک مٹک کر اور اکڑ اکڑ کے ادھرسے ادھر اور ادھر سے ادھر چل رہا تھا۔ ساتھ ساتھ بندر والا ڈگڈگی بجا بجا کے کہے جا رہا تھا۔

    ’’بس پلپلی صاحب۔ بہت ہو چکی کلفن کی سیر۔ اب گھر کو سدھارو۔۔۔ لو صاحب بہادر تمہاری میم صاحب تو ناراض ہو کر ولایت چلی گئیں۔ اب تمہیں روٹی پکا کے کون کھلائےگا۔۔۔؟ کیا کہا خود پکاؤگے؟ وہ کیسے۔۔۔؟ بھئی واہ صاحب بہادر واہ تم روٹی پکانا تو خوب جانتے ہو۔۔۔ کیا کہا دشمن سے لڑوگے۔ لڑوگے۔۔۔! بندوق چلانی آتی ہے۔۔۔؟ لو یہ رہی تمہاری بندوق۔۔۔ اب کھڑے ہو کر نشانہ باندھو۔ شاباش۔۔۔ اب لیٹ کر نشانہ باندھو۔۔۔ بہت ٹھیک۔۔۔ شاباش! شاباش۔۔۔! ارے یہ کیا؟ ہوائی جہاز کو نشانہ بنانا چاہتے ہو۔۔۔؟ بھئی تم تو بڑے بہادر نکلے۔ تم نے تو سچ مچ دشمن کو بھگا ہی دیا۔‘‘

    بندر نے ان کرتبوں کے علاوہ اور بھی کئی تماشے دکھائے۔ مثلاً سرکو ہلا کر ہاں یا نہیں کا اشارہ کرنا، ہوا میں قلابازی لگانا، شیک ہینڈ کرنا، دونوں ہاتھوں کے بل الٹا ہو کر چلنا، کانوں کو ہلانا وغیرہ۔ ان کرتبوں کے دوران بندر کبھی کبھی دانت کچکچانے یا چڑچڑانے لگتا مگر بندر والے کی لکڑی، رسی کا جھٹکا اور آنکھ کا اشارہ جلد ہی اسے راہ پر لے آتا تھا۔ بندر کا تماشہ تو میں نے زندگی میں بیسیوں مرتبہ ہی دیکھا ہوگا مگر جو مزہ آج مجھے اس تماشے کے دیکھنے میں آیا ، پہلے کبھی نہیں آیا تھا۔ میری کلفت دور ہو چکی تھی۔ جب میں گھر لوٹ رہا تھا تو اچانک میرے ذہن میں یہ سوال ابھرا۔۔۔ بندر والا تو ڈگڈگی بجا کر تماشائی اکٹھے کر لیتا ہے۔ کیا مسٹر شاہ کو اس مقصد کے لیے ہمیشہ دعوتوں ہی کا سہارا لینا پڑتا ہے؟

    Additional information available

    Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.

    OKAY

    About this sher

    Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.

    Close

    rare Unpublished content

    This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.

    OKAY
    بولیے