Font by Mehr Nastaliq Web

aaj ik aur baras biit gayā us ke baġhair

jis ke hote hue hote the zamāne mere

رد کریں ڈاؤن لوڈ شعر

جشن

MORE BYمحمود الحسن عالمی

    سلگتی ہوئی مٹی کے سیاہ دھبوں پہ، لاکھوں لاشے خون سے لت پت آدھے ادھورے شریر کے ساتھ زمین پر پڑے ہوئے تھے۔ فضا مکمل طور پر تاحدِ نگاہ زہر آلود سیاہ بادلو ں میں بدل چکی تھی۔ بلند وبالا عمارتیں شاید انسانیت کی اِس تذلیل سے دل برداشتہ ہو کر زمین بوس ہو چکی تھی۔ آگ کے ہیبت ناک شعلے خلق کے تعمیر کردہ تمام گھروں، اداروں، پرہجوم بازاروں، سڑکوں، گلیوں اور چورا ہوں، کے گرد اپنے دامن کا حلقۂ اختیار وسیع کر تے جا رہے تھے۔ چار سو آسمان کو چھوتے، آگ کے دہکتے ہوئے آلاو، جلتے ہوئے اَن گنت جسموں سے اپنا ایندھن حاصل کر رہے تھے۔ یوں معلوم ہوتا تھا کہ گو یا کسی بیاباں میں کائنات کا کوئی بہت بڑا شہاب ثاقب اپنی پوری شدت سے اِس خطۂ زمین سے آ ٹکرایا ہے اور اس خطۂ زمین پر آج انسان تو دور کوئی حیوان یا برگ و بار بھی نہ بچا ہے۔

    ابھی چند لمحے قبل اِس عظیم تاریخی، خوش حال اور زندگی سے بھرپور شہر پر بموں کی بوچھار نے اسے تاریخ کے اس صفحے پہ منتقل کر دیا تھا۔ جہاں حضرتِ انسان کی ظلم و بربریت کے اِک نئے سفاک باب کا آغاز ہوتا تھا۔ جس کا آغاز تو میری قوم کے ہاتھ میں تھا لیکن اختتام ہر گز نہیں۔ اس منصوبے کی تکمیل میں مجھے بنیادی اعزاز حاصل تھا۔ میرئے اک بٹن کے دبانے پر، یہ سارا شہر آج شہر خاموشاں میں بدل گیا تھا۔

    اس کاروائی کو سر انجام دینے سے پہلے جب میں حکام اعلیٰ کے آخری حکم کا انتظار کر رہا تھا تو میں اپنے جنگی طیارے میں بیٹھا ہوا اندر نسب کردہ اک بڑی اسکرین پر طیارے کے نیچے مختلف زاویوں پر لگے جدید دُور بین کیمروں کی مدد سے اپنے اہداف کو مدنظر رکھنے لیے یہ سارئے مناظر ملا حظہ کر رہا تھا کہ آفتاب کی کر نیں اپنی پوری تاب کے ساتھ اپنے بازو پھیلائے ہر چیز کو منور کر رہی تھی اور ہر چیز یکساں طور اپنی اپنی استطاعت کے مطابق اس روشی مستفید ہو رہی تھی۔ سڑکوں پر نہایت مصروف زندگی کی چہل پہل تھی۔ کوئی کسی کے انتظار میں تو کوئی کسی کی یاد میں اپنے چہرے کے تاثرات کو بدل رہا تھا۔ کئی چہروں کی سنجیدگی میں نقاب پوش مسکراہٹ پھیلی ہوئی تھی تو کئی چہروں کی مسکراہٹ اپنی داستان غم سنا رہی تھی۔ زندگی کا قافلہ روزمرہ کے معمول کے مطابق یونہی رواں دواں تھا۔ اک ننھی سی معصوم بچی اپنی ماں سے لپٹی ہوئی اپنی تعجب بھری نگاہوں سے ہر چیز کو تاک رہی تھی اور اک تقریباََ 25 سالہ نوجوان اپنی شریک حیات کے ساتھ خرید و فروخت کا بھاری سامان اٹھائے اپنی مشکوک حفاظتی نگاہوں سے راہ گیر اشخاص پر نظر رکھے ہو ئے تھا البتہ اس جوان کی نظر جب کسی جنس مخالف پر پڑتی تو چند لمحے وہ حسرت بھری نگاہ تعاقب کرتے ہوئے کسی گلی کے موڑ سے مڑ جاتی اور پھر اسی طرح کسی نئی تلاش میں سر گرداں ہو جاتی۔ یہ منظر مجھے دلچسپ لگا کہ یہ نوجوان جو اپنی شریک حیات کے لیے عزت بھری نگاہ کا خواہش مند ہے جب کہ دوسری طرف یہ کسی کی شریک حیات، دختر یا ہمشیرہ کواپنی ہوس زدہ نگاہوں سے برہنہ کر رہا ہے۔

    پھر جب میں نے اسکرین کی دوسری جانب اپنے مرکزی ہدف پر نظر دوڑائی تو شفقت پدری سے سر شار اُس ضعیف العمر شخص کو دیکھا جو اپنے بیٹے کو کندھوں پر اٹھائے ہوئے اسکول لے جا رہا تھا اور ساتھ ہی کی گلی میں کالج کی وردی پہنے دو ہم عمر دوست خوش گپیاں کرتے ہوئے اپنی منزل کی طرف رواں تھے۔ اِک بانکا نوجوان لڑکا جو ہونٹوں پر مسکان لیے نہایت انہماک سے ایک خوبصورت دو شیزہ کی آنکھوں میں جھانک رہا تھا اور وہ محترمہ بے نیازی ظاہر کرواتے ہوئے نہایت مہذبانہ انداز میں اب اپنی آنکھوں کو پہلے سے زیادہ دلنشین حرکتوں کے ساتھ ادھر ادھر مٹکاتے ہوئے اس نوجوان کو متوجہ کر رہی تھیں اور لمحہ بہ لمحہ اس پر سرسری نگاہ ڈالنے کے فوراََ بعد اپنی مصنوعی ناگواری کے تاثرات سے جلتی پر تیل چھڑکنے کا کام کرتے ہوئے اس ناز نحرے سے لطف اندوز ہو رہی تھیں۔ اِس منظر کو دیکھ کر مجھے اپنے استاد مرحوم کی وہ بات یاد آ گئی جو انھوں نے مجھے میری عمر بلوغت کے آغاز میں کہی تھی کہ، ’’دیکھو بیٹا! بےشک اس دنیا کی ہر مخلوق میں ہر جنس کا اپنے جنسی جذبات کی نمائش و تسکین کا الگ الگ طریقہ کار ہے لیکن ہمارئے معاشروں میں اِن جذبات کی نمائش و تسکین کے حوالے سے کئی معمولات میں عمومی طور مادہ کو مظلوم اور نر کو مورد الزام ٹھرایا جاتا ہے بالکل اسی طرح جیسا کہ ہم کئی معمولا ت میں نر کو معصوم اور مادہ کو قصور وار ٹھراتے ہیں۔ لیکن جنسی جذبات کی تسکین و نمائش کے حوالے سے نر اور مادہ ایک ہی تصویر کے دو پہلو ہیں۔‘‘

    ماضی کی اس یاد نے میر ے ہونٹوں پر اک خوش کن مسکراہٹ بکھیر دی تھی۔ بہرحال جب میں نے وقت کی نزاکت کے پیش نظر اپنے آخری ہدف پر نگاہ ڈالی تو یہاں کا نظارہ اپنی خوبصورتی کو سمیٹے کچھ یوں تھا کہ دو ننھے سے ہم شکل بہن بھائی مستی سے سرشار اپنے معصوم جذبات کی چھوٹی سی خیالی دنیا میں کھلونا بندوقوں سے کھیلتے ہوئے، دیواروں کی آڑ میں چھپتے ہو ئے ایک دوسرئے پر فائرنگ کر رہے تھے۔ یہ وہ خیالی دنیا تھی جو شاید ہماری سفاک جذبات پر مشتمل اس بہت بڑی حقیقی دنیا کے ان خونخوار ہتھیاروں سے بہت پرسکون اور آرام رساں تھی۔ جہاں ہم ذاتی، قومی اور مذہبی ناجائز انا کی خاطر ہار اور جیت، حاکم اور محکوم کی بازی کھیلتے ہوئے اؤر بے قصور انسانی جانوں کو داؤ پر لگاتے ہوئے ایک دوسرے پر فائرنگ کرتے ہیں۔ میں ابھی انھی خیالات میں کھویا ہوا تھا کہ اچانک میرئے خیالوں کے ربط کو توڑتا ہوا مجھے اِک صوتی پیغام موصول ہوا جس میں مجھے نہایت ولولہ انگیز انداز میں تینوں اہداف کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے، شہر کے مرکزی حصوں پر بمبوں کو گرانے کا حکم ملا۔ یہ حکم مجھے اِس قدر پُر جوش انداز میں دیا گیا کہ میری انگلی لاشعوری طور بٹن کی طرف بڑھنے لگی اور بلا آخر میں نے جذبات کی رو میں بہہ کر وہ بٹن دبا دیا تھا اور اب نا جانے کتنے ہی حسین رشتے، قلبی احساسات اور جذبات جو وقت کی کمی کے باعث میری نگاہ اور دل میں سما نہ سکے تھے اور جو اب سے کچھ دیر قبل چلتے پھرتے، جیتے جاگتے اور زندہ و جاوید کردار تھے اب یہ سب مجھے خیالوں کے شکنجے میں جکڑے سوالیہ نظروں سے گھیرے ہوئے تھے۔ لیکن میں انسانیت کے اس پرسوز خاتمہ پر اپنے چیختے ضمیر کی آواز کو حب الوطنی کی مسکراہٹ میں چُھپانے کی ناکام کوشیش کر رہا تھا۔ کہ اچانک میرے ساتھی پائلٹ کی پرجوش اور جذباتی آواز میرے کانوں میں گونجی۔

    ’’مبارک ہو، پائلٹ صاحب! ہم نے اپنے منصوبے کی تکمیل کرتے ہوئے آج اپنی پوری قوم کی فتح کا پرچم اِن دشمنوں کی سرزمین پر گاڑ دیا ہے کہ اِن کی نسلیں صدیوں تک یاد رکھیں گی اور ہم فخر محسوس کرتے ہیں اور شکر بجا لاتے ہیں کہ خدا نے ہمیں اس عزت و مقام منزلت کے لیے منتخب کیا۔‘‘ ان الفاظ نے میرے ضمیر میں اک طوفان بر پا کر دیا تھا۔ میں نے اُن تمام انسانوں کی چیخوں کی شدت اپنے اندار محسوس کی جو بمبوں کے پرشور اور ہولناک دھماکوں نے اپنے اندار ضم کر لی تھیں۔ میرے لب بےاختیار بڑبڑائے میں نے گھبرائی ہوئی آواز میں کہا، ’’کیا میں نے واقعی ہی۔۔۔؟ نہیں۔۔۔ ہرگز نہیں۔۔۔‘‘

    پائلٹ صاحب نے عالم حیرانگی میں مجھ سے متوجہ ہوتے ہوئے پوچھا کہ،’’کیا مطلب، واقعی ہی۔۔۔ نہیں۔۔۔ آپ کہنا کیا چاہتے ہیں؟ جناب!‘‘

    ’’کیا میں اتنی بڑی انسانیت کا قاتل ہو سکتا ہوں اور کیا میں اِن نہتے، معصوم لوگوں کی جانیں لے سکتا ہوں؟‘‘

    ’’میں کچھ سمجھا نہیں آپ یہ کیا کہہ رہے ہیں؟ کونسی انسانیت۔۔۔؟ کیسے لوگ۔۔۔؟‘‘

    ’’کیا آپ نے ان بےبس چیختے ہوئے معصوم انسانوں کی آوازیں نہیں سنی جو ہم سے کہہ رہی ہیں کہ بتاو ہمارا قصور کیا تھا؟ اور کس جرم کی پاداش میں ہم پر قبل از قیامت، یہ قیامت نازل کی گئی؟

    پائلٹ صاحب نے اپنی باریک خم دار مونچھوں کو تاؤ دیتے ہوئے کہا کہ،

    ’’جناب! آپ کو، تو میری طرح فخر ہونا چاہیے کہ آج آپ اپنی قوم کے قائدین میں سے ہو گئے ہے۔ ہم نے آج دشمن فوج کے دانت کھٹے کیے ہیں۔ مگر آپ یہ سب کیا کہہ رہے ہیں؟‘‘

    ’’لیکن! مجھے تو خود پر فخر ہونے کی بجائے، اب شدید ندامت محسوس ہو رہی ہے۔ اپنے وجود سے وحشت سی ہونے لگتی ہے، یہ سوچ کر کہ اِن معصوم، نہتے انسانوں کا کیا قصور تھا؟ جو آج قوم پرستی کی بھینٹ چڑھ گئے۔ ہماری لڑائی باحیثیت انسان جہالت، ظلم و بربریت کے خلاف ہونی چاہیے تھی مگر آج اِس حب الوطنی کے منفی تاثر کے تحت اک سپاہی نے ہزاروں زندہ انسانوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ میں کس منہ سے خدا کے روبرو آوں گا؟‘‘

    پائلٹ صاحب حیرانی اور غصے کے ملے جلے جذبات میں بولے، ’’ارے جناب! اب آپ یہ بات جان لیں کہ اب ہم غازی ہیں کیونکہ ہمارا نام رہتی دنیا تک زندہ رہےگا اور خدا کا صد شکر کہ ہمیں یہ رتبہ ملا اور خدا سے ہمیں اِس کا عمدہ صلہ ملےگا۔ ہم نے صرف اپنی قوم کا دفاع کیا ہے اور اِس دفاع میں ہمیں اپنے، بیگانے کی تمیز یا مذہبی و سیاسی جانبداری روا نہیں رکھنی چاہیے۔ ہمارے لیے سب سے پہلے ہماری دھرتی ماں کا حق ہے۔ ہمیں یہی سیکھایا گیا ہے۔‘‘

    ’’کیا کہا۔۔۔ غازی؟ ہرگز نہیں۔۔۔! بلکہ ہم تو انسانیت کے وہ قاتل ہے جو قوم پرستی کی آڑ میں چھپے ہوئے ہیں اور غازی تو دور ہم اب حقیقی معنوں میں انسان بھی نہیں رہے کیونکہ انسانیت تو دشمن فوج کی نا بالغ اولاد، عورتوں اور جنگ میں غیر شریک افراد کو اور حتیٰ کہ شجر سایہ دار کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیتی، تو کیا ہم اپنی وطن پرستی کی آڑ میں مخصوص قومی مفادات یا نظریاتی اختلاف کی بنا پر انسانوں کو اس بےدردی سے قتل کر سکتے ہیں؟ یہ عصبیت کس انسانی دھرم کس جمہوری آئین کا حصہ ہے؟ اور جہاں تک نام زندہ رہنے کی بات ہے تو اب واقعی ہی انسانی تاریخ میں ہمارا نام ایک عبرت ناک، سفاک اور سنگ دل سپاہی کے کردار کے طور پر زندہ رہےگا اور جہاں تک بات نیک نامی کی ہے تو جناب! نیک نامی کے طور پر صرف اپنی قوم کے لیے ہم تب تک زندہ رہیں گئے کہ جب تک ہماری قوم رہے گئی یا ہمیں اپنے نصاب میں من گھرٹ بہادری کے قصوں اور نام نہاد مذہبی و قومی پشت پناہی سے زندہ رکھےگی۔‘‘

    پائلٹ صاحب نے اپنی خون بھری آنکھوں سے مجھے گھورا اور جذباتی انداز میں کہنے لگے کہ، ’’ہماری قوم جب تک زندہ رہےگی۔ اس بات سے تمہارا کیا مطلب ہے؟ یہ بات کان کھول کے تم سن لو! ہماری قوم ہمیشہ زندہ آباد تھی اور ہمیشہ زندہ آباد رہےگی کہ جب تک ہماری ماوں کے دلیر لعل، سپاہی بن کر اِس دھرتی ماں کی حفاظت کے لیے دشمن سے ٹکراکر شہید ہوتے رہیں گے۔‘‘

    تاریخ گواہ ہے جناب! کہ ہمیشہ پرامن قومیں ہی اِس دنیا میں مستقل قائم رہ سکی ہیں۔ جن کا نعرہ ’’جیو اور جینے دو‘‘ کے اصول کی پاسداری کرتا ہے۔ جبکہ میں اب اپنی قوم کی بقا کی مستقل ضمانت ہرگز نہیں دے سکتا کیونکہ میری قوم نے اس اصول کی مخالفت کی ہے اور ہر ملک کے باسی کے لیے اُس کا ملک زندہ باد ہے اور دشمن ملک مردہ باد، مگر آخر ایسا کون سا پیمانہ ہمارے پاس ہے کہ جس سے ہم کسی قوم کے واقعی زندہ یا مردہ ہونے کا اندازہ لگا سکتے ہے؟ وہ پیمانہ یہ ہے کہ زندہ باد قومیں تو وہ ہیں جو پرجوش قومی نعروں اور ترانوں سے نکل کر میدان عمل میں آتے ہوئے اور اپنی قوم کی حقوق کی پاسداری کر تے ہوئے، انسانی حقوق کی پامالی نہیں کرتیں اور جب بات عدل و انصاف کی آئے تو قومی و مذہبی تعصب اور مفاد سے غیر جانبدار ہوکر انسانیت کا ساتھ دیتی ہیں۔‘‘

    پائلٹ صاحب نے طیش سے اپنے ہاتھوں کی انگلیاں اندر کو بینچ لی اور مجھ پر برس پڑئے،’’لگتا ہے کہ تمہارا دماغی توازن بگڑ گیا ہے ہمیں دشمن کا خاتمہ کرنا تھا سو ہم نے کر دیا اب اس قدر باریکیوں میں جا کر سوچنا ایک فوجی کا کام نہیں اور ویسے بھی یہ باتیں تو صرف افسانوں اور کتابوں میں ہی لکھی اچھی لگتی ہیں کہ اِس دنیا کی عملی زندگی میں یہ ہرگز قابل عمل نہیں ہے۔ کیا تمہیں یہ یاد نہیں؟ کہ ٹریننگ کے دوران ہمیں یہ سمجھایا گیا تھا کہ ’’Every Thing is Fair in Love and War‘‘ اور ایک فوجی کی سوچ زیادہ گہری ہو نے سے اُس کے اِرادے کمزور ہو جاتے ہیں لہذا بس دشمن پر قہر بن کر ٹوٹ پڑو۔ مگر تمہاری باتوں نے تو یہ سوچنے پہ مجبور کر دیا کہ تم ایک سپاہی کیسے بن گے ہو۔ جبکہ تمہارے نظریات ایک غدار وطن کی زبان بول رہے ہیں؟ لگتا ہے کہ تمہیں اِس عظیم کام کے لیے منتخب کرنا ہماری محض ایک عظیم حماقت تھی۔‘‘

    ’’ہاں! واقعی ہی بالکل میرا دماغی توازن بگاڑ دیا گیا تھا۔ میرے ذہن سے ان تمام انسانی اقدار و افکار اور دل سے ان جذبات کو نکال دیا گیا تھا جو پوری انسانیت سے دوستی اور عالمی بھائی چارے کے علمبردار تھے۔ مجھ پر حب الوطنی کے نام نہاد جذبے کو مخصوص مذہبی رنگ تلے حاوی کیا گیا اور وہ پرجوش فوجی بنا دیا گیا کہ جو شاید صرف اپنی ہی قوم اور اپنے ہم خیالوں کے لیے ایک انسان تھا۔ باقی تمام انسانوں کے لیے وہ خطرناک درندہ تھا۔ جو جذبات سے عاری چند اشاروں پر بغیر سوچے سمجھے کسی ربورٹ کی مانند بےگناہ انسانوں کو موت کے گھاٹ اتار سکتا ہے۔ جیسا کہ ہم نے لا کھوں زندہ انسانوں کو بے بس و بےکفن لاشوں میں صرف ’’Yes Sir‘‘ کہتے ہوئے منتقل کر دیا۔ اگر محبت اور جنگ میں سب کچھ درست ہے تو جناب! آپ کی بیگم کو بھگا کر لے جانے والا وہ عاشق بھی درست ہے جو آپ کی بیگم کو آپ سے دور کر کے انتشار اور فراق کا باعث بنا اور ہماری دشمن فوج کے وہ سپاہی بھی درست ہوں گے جو اب اِس کاروائی کے رد عمل کے طور پر، اپنے وطن کی محبت میں ہمارے سپاہیوں کو قتل کریں گے۔ مجھے تو باحیثیت انسان پوری انسانیت اور دنیا کے لیے ایک پرامن انسان ہو نا چاہیے تھا۔ کیا یہ حب الوطنی اور مذہب کے نام پر کروائی جانے والی دہشت گردی نہیں ہے؟ اگر مجھے واقعی ہی ایک بھرپور زندگی جینے کے بعد یادگار موت چاہیے تھی تو شاید مجھے کسی فلاحی کام سے منسلک ہونا چاہیے تھا یا پھر کسی ایسی فوج سے وابستہ ہو جانا چاہیے تھا جہاں ایک فوجی کو اپنے وجود کے اندر ایک مکمل سپہ سالار بننے کی آزادی دی جاتی یعنی کہ وہ اندھی تقلید سے بالاتر ہو کر ہاں اور ناں کا اختیار رکھتا ہوتا اور مذہبی اور وطنی جانبداری کو حق اور انسانیت پر ترجیح دے سکتا۔ ایک سپاہی کے لیے شیخ المذہب یا خارج المذہب اور محب الوطن یا غدار وطن کے القاب سے زیادہ ضروری ہے کہ وہ چاہے اپنی قوم کے لیے لڑے یا اس کے خلاف اس کا محور حق، انصاف اور مساوات ہوں۔ کاش! میں آج غدار وطن بن کر اِس کاروائی کو سر انجام نہ دیتا اور محب انسانیت بن جا تا مگر میری حماقت تھی کہ میں نے اپنی قوم کو تمام انسانیت پر ناجائز برتری دی۔

    ’’تو آخر تم یہ کہنا چاہتے ہو کہ دشمن کے خاتمے یا دفاع کے لیے جنگ لڑنا ناجائز ہے؟‘‘

    میں نے اپنا لعاب تلخی سے نگلتے ہوئے جواب دیا، ’’تو کیا جنگ کو قومی مفادات کے تحت طوالت دینا، ناحق معصوم لوگوں کو بے دردی سے قتل کرنا، محض مخصوص خطۂ زمین، یا مال و زر کے حصول کے لیے کشت وخون ناجائز نہیں ہے اور ہمیں اپنا دفاع کرتے وقت بھی عالمی انسانی حقوق کی پاسداری کرنی چاہیے یا نہیں؟ اور اگر صرف وطن کی خاطر مر جانا ہی شہادت ہے تو پھر یہ فیصلہ کون کرےگا کہ سچے شہید ہم لوگ ہیں یا سامنے کی فوج اور ان کے وہ معصوم لوگ جو ابھی ہم نے جلاکر راکھ کر دیے ہیں؟ یہ بھی تو وطن کی خاطر شہید ہوئے ہیں مگر ہم اِنھیں شہید نہیں کہیں گے کیونکہ ان کا تعلق ہماری قومیت سے نہ تھا۔ ہر قوم اپنے رہنما اور سپاہی کو شہید کہےگی مگر اس بات کا کیا ثبوت ہے کہ خدا کے نزدیک شہید کون ہے؟ خدا کے نزدیک برحق اور سچے شہید تو وہ ہیں کہ جو قوم پرستی سے خود کو بڑا کرکے، انسانی بقا اور مسائل کے حل کے لیے، ظلم وبربریت سے لڑتے ہوئے مرتے ہیں۔ لیکن ہماری فوجوں کو ایسے انسانوں کی نہیں بلکہ صرف ’’Yes Sir‘‘ کہنے والے غلام ذہنیت، انسان نما ’’ربوٹز۔Reboots‘‘کی ضرورت ہوتی ہے۔ جو صرف اک اشارے پر حق و باطل کی تمیز کیے بغیر بتائے جانے والے دشمن پر ٹوٹ پڑتے ہیں۔‘‘

    پائلٹ صاحب نے اک سرد آہ اندار کو بھری اور نفی میں سر جھٹکنے کے بعد بولے، ’’تم تو اِس رتبہ کے لائق ہی نہیں تھے۔ تمہارئے نظریات باغی ہے اور تم کوئی غیرملکی جاسوس لگنے لگے ہو جو اپنے اِن نظریات سے ہماری نوجوانوں کی قومی ذہنیت کو تباہ کر دئے گا یا اب تم مکمل طور پر گمراہ ہو چکے ہو۔ کیا تم جانتے ہو؟ کہ اب سے کچھ دیر بعد ہم اپنے وطن کی پاک سرزمین پر اُترنے والے ہیں۔ میں یہ تمہارئے سب باغی نظریات ارباب اختیار کو بتا کر تمہیں اِس کی کڑی سزا دلوا سکتا ہوں۔ پھر تم جانتے ہو کہ خودار فوجیں ضمیر فروش غداروں اور غیر ملکی جاسوں کے ساتھ کیا کرتی ہیں۔‘‘

    میرئے چہرئے پر کچھ دیر کے لیے سنجیدگی کے تاثرات نمودار ہو ئے پھر میں نے آنکھوں میں آنکھیں ڈالتے نہایت طنزیہ لہجے میں کہا، ’’آفریں صد آفریں، جناب! ہماری فوجوں کا ازل سے یہ دستور رہا ہے کہ جب ہماری فوجیں لاجواب ہو جاتی ہے تو سوال اٹھانے والے کو غدار اور غیر ملکی جاسوس کہہ کر ابدی یا عارضی نیند سُلا دیتی ہیں۔ مگر ہم لوگ مارے اور مٹائے تب تک نہیں جا سکتے، کہ جب تک ہماری فوجیں ہمیں کسی علمی نقطۂ نظر سے لا جواب نہ کر دیں یا اپنے اِس انسانیت مخالف طرزِ عمل کو بدل نہیں دیتیں۔ مجھے اب خود کو حُب الوطن ثابت کر نے کے لیے مزید کسی ایسے تمغہ کی ہر گز ضرورت نہیں، جسے انسانی لہو سے چمکایا گیا ہو۔ آخر سچا حب الوطن ہونے کے لیے دشمن ملک کے باشندوں سے عداوت و نفرت رکھنا اور اخلاقی ضابطوں کو پار کرنا ضروری ہے؟ اور آپ لوگ مجھے کیا سزا دیں گے کہ مجھے ابھی سے قدرت کی طرف سے سزا دی جا چکی ہے کہ اِس سنگین کشت و خون کرنے کے بعد اس نے میرے ضمیر اور شعور کو بیدار کر دیا اور ان کو آواز عطا کر دی تاکہ میں تاعمر احساس گناہ کے بوجھ تلے سزا پاتا رہوں۔ میں نے کلمہء حق کہا ہے لہذا مجھے اب تمہارا کوئی خوف نہیں اور خدا مجھے معاف کرے کہ۔۔۔‘‘

    پائلٹ صاحب نے میری بات کو ٹوکتے ہوئے اپنی ہتھیلی اکتاہٹ سے ماتھے پر ماری اور کہا کہ، ’’خدا کے لیے بند کرو، یہ اپنی بکواس لیکچر بازی! مجھ میں تمہاری یہ لغویات سننے کی اب مزید تاب نہیں رہی ہے میرے بس میں ہوتا تو یہیں تمہارا خاتمہ کر دیتا تاکہ تم میری قوم کو گمراہ نہ کر سکو۔ اگر تم نے مزید اب اِن باغی نظریات کا پرچار مجھ پہ کیا تو شاید میں بےاختیار ہوکر تمہارا یہیں پر خاتمہ کر دوں۔‘‘

    میں نے اک بلند قہقہ لگاتے ہوئے خود پر ایک لمبی خاموشی طاری کر لی۔ صرف یہ سوچ کر کہ اگر ہم زمانے کے نقطۂ حساس ہیں اور طاقتوار نہیں ہیں تو پھر ذہنی اضطراب اور معاشرتی منفی رویے ہمارا مقدر ہے۔ اِس صورت میں ہمیں ہماری راہ نجات خاموشی اور صبر میں نظر آتی ہے۔

    اس سب کے کچھ دیر بعد جب فوجی یونٹ کے قریب ہمارا طیارہ اترا تو ہمارے استقبال کے لیے کئی اعلیٰ فوجی حکام ہمارے منتظر تھے۔ مجھے اخراج تحسین پیش کیا گیا لیکن میں اپنے اس احساس گناہ کے بوجھ تلے دبا خاموشی سے سر جھکائے کھڑا رہا۔ جب ایک سنیئر میجر نے میری طرف مبارکباد دینے کے لیے اپنا ہاتھ بڑھایا تو میں نے اس خون سے رنگے ہاتھ کو سخت حقارت بھری نظروں سے جھٹک دیا۔ اسی سوچ کے تحت جب میں نے بوکھلاہٹ میں اپنے ہاتھوں کو الٹ پلٹ کر کے دیکھا تو اپنے ہاتھوں کی انگلیوں سے بھی خون کی بوچھاڑ کو ٹپکتا ہوا محسوس کیا، میرے دل نے بےاختیار چاہا کہ میں اِس ٹپکتے ہوئے خون کو بھی اِس میجر کے اُنھی فوجی اعزازات پہ مل دوں کہ جو اِس کے اکڑتے اور رنگین فوجی لباس میں مضبوطی سے پیوست تھے۔ میرے اس نہایت غیرمعمولی رویے اور کراہت آمیز حر کات و سکنات کو بھانپتے ہوئے فوجی حکام نے میرے ساتھی پائلٹ کی طرف سوالیہ نظروں سے دیکھا۔ پائلٹ صاحب نے میرے سارے نظریات کا خلاصہ اپنے مخصوص فوجی انداز میں ان سے بیان کر دیا۔ میجر صاحب کے ایک مخصوص اشارے پر میرے ہی ہم پلہ چند فوجی ساتھیوں نے مجھے بانہوں سے گرفت میں لیتے ہوئے فوجی عدالت میں لاکھڑا کیا۔ جج صاحبان نے مقدمے کی سماعت کرتے ہو ئے آپس میں طویل بحث و تکرار کے بعد اپنا ختمی فیصلہ سنایا،’’ہم سب نے متفقہ طور پر بلا آخر یہ فیصلہ کیا ہے کہ تمہارے سابقہ اخلاقی رویے اور فوجی قابلیت و شجاعت کو مدنظر رکھتے ہو ئے تمہارے اِن باغی اور لغو نظریات کے درپیش خطرات کے تحت تمہاری اس سال کی تمام تعطیلات منسوح کی جاتی ہے اور فی الحال تمہیں سنیئر پائلٹ کے اس عہدئے سے برخاست کر تے ہوئے آرمی اسپیشل کونسلنگ سیشن لینے کا پابند کیا جا تا ہے۔ اسپیشل سیشن کے سا تھ تمہارے نفسیاتی سیشن بھی آرمی ڈاکٹرز سے ہوں گے، ختمی فیصلہ چھ ماہ بعد کی نئی صورتحال کے مطابق ہوگا۔‘‘

    اگلے روز صبح کے اخبار کی بالائی سرخیوں میں یہ خبر جلی حروف میں چھپی ہوئی تھی،’’دشمن ملک کی باطل للکار پر، ہماری فوج کا منہ توڑ جواب، ملک بھر میں آج یوم فتح کے جشن کو منانے کا اعلان کیا جاتا ہے۔‘‘

    Additional information available

    Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.

    OKAY

    About this sher

    Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.

    Close

    rare Unpublished content

    This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.

    OKAY

    Rekhta Gujarati Utsav I Vadodara - 5th Jan 25 I Mumbai - 11th Jan 25 I Bhavnagar - 19th Jan 25

    Register for free
    بولیے