کہانی کی کہانی
یہ بمباری میں تباہ ہوئے ایک گھر میں زخمی حالت میں پڑے لوگوں کی کہانی ہے۔ ان میں سے کئی مر جاتے ہیں اور ایک بری طرح زخمی ہو جاتا ہے۔ دو لوگ سہی سلامت بچتے ہیں۔ وہ زخمی آدمی کو وہاں سے لے جانے کے لیے کہتے ہیں۔ لیکن زخمی شخص یہ کہتے ہوئے جانے سے انکار کر دیتا ہے کہ اب بہت دیر ہو چکی ہے اور وہ لوگ بس آتے ہی ہو ں گے۔
منظر بڑا بھیانک تھا۔
کمرے کی دیواروں میں اس طرح شگاف پڑا تھا جیسے کسی آرٹسٹ نے آڑی ترچھی لکیریں کھینچ دی ہوں، چھت غائب تھی، جس کے ٹکڑے ادھر ادھر بکھرے ہوئے تھے۔ گرد اور دھویں کا مینار کمرے سے بلند ہوکر اتنی تیزی سے اوپر جا رہا تھا، جیسے کسی کو کہانی سنانے کی جلدی ہو یا کچھ روحیں اس گرد اور دھویں کے اندر چھپ کر فضائے بسیط میں گم ہو جانا چاہتی ہوں کہ دنیا والوں کی نظریں ان پر نہ پڑ سکیں۔
گرد اور دھواں کچھ صاف ہوا تو دو نچی ہوئی لاشیں زمین پر بکھری پڑی تھیں، جن کے اندر سے اب تک خون ابل رہا تھا اور زمین پر بہہ کر چھت کے ملبے میں جذب ہو رہا ہے تھا، ایک کا چہرہ جھلس کر سیاہ ہو گیا تھا، دوسرے کے سر پر چھت کا ٹکڑا اس طرح گرا تھا کہ وہ خربوزے کی طرح بکھر گیا تھا۔ ایک آدمی جس کی دونوں ٹانگیں گھنٹوں سے اور بایاں ہاتھ کہنی سے غائب تھا، زمین پر پڑا ہوا تڑپ رہا تھا مگر اس کا چہرہ محفوظ تھا جس پر شدید ترین کرب کی لہریں تھیں اور اس کے حلق سے گھٹی گھٹی چیخیں نکل رہی تھیں جنہیں روکنے کے لئے اس نے زبان دانتوں میں دبا رکھی تھی، اس کی آنکھیں کمرے میں بھٹک کر آسمان پر مرکوز ہو جاتیں، ان میں بے شمار سوالیہ نشان تھے اور ان کے گرد دھویں کا حصار جو نظروں کے ساتھ حرکت کر رہا تھا، اس کے بائیں ہاتھ کی مٹھی بھنچی ہوئی تھی، جس میں گوشت کا ایک ٹکڑا تھا۔
دو آدمی دیوار سے ٹیک لگائے بے حس و حرکت بیٹھے ہوئے تھے۔ ان کے سر کے بال جھلس گئے تھے اور سر جلی ہوئی گھاس کے میدان کی طرح سپاٹ ہوگیا تھا۔ ان کے چہروں پر بےشمار پھوٹے ہوئے سیاہ آبلے ہوئے تھے۔ ان کی آنکھیں کھلی ہوئی تھیں، مگر لگتا تھا بینائی زائل ہوگئی ہے کیوں کہ ان میں بڑی ویرانی تھی۔
پھر زخمی کے دانتوں سے زبان چھوٹ گئی اور وہ دونوں اس طرح ہڑبڑا کرکھڑے ہوئے جیسے گہری نیند سے جاگے ہوں۔ انہوں نے ایک بار پھر کمرے کا جائزہ لیا، لاشوں پرنظریں پھسلتی ہوئیں زخمی آدمی پر رک گئیں اور ان کی آنکھوں میں تشویش کے سائے لہرانے لگے۔
’’اب کیا ہوا؟‘‘
دوسرا منہ کچھ نہیں بولا، صرف اپنے نمکین ہونٹوں پر زبان پھیر کر رہ گیا مگر اس کی نظریں زخمی پر لگی رہیں، جس نے پھر زبان دانتوں میں اس طرح دبائی تھی کہ منہ سے خون کی بوندیں ٹپکنے لگی تھیں۔
’’کیا سوچ رہے ہو، صبح ہونے والی ہے، اگر جلدی کچھ کیا نہ گیا تو صبح ہو جائےگی اور پھر۔۔۔‘‘
دوسرے نے اس طرح گردن سہلائی جیسے کوئی ان دیکھا پھندہ اسے کس رہا ہو، تم جو کہو میں کروں گا۔ ’’میرے خدا یہ چند منٹ پہلے ہم سے ہنس ہنس کر باتیں کر رہے تھے اور اب۔۔۔ یہ لاشیں، یہ زخمی اور گردن کی طرف بڑھتا ہوا پھندہ۔۔۔‘‘
’’آواز دور تک گئی ہوگی اور چپّوں کے انجن جاگنے لگے ہوں گے، اس سے پہلے کہ وہ یہاں پہنچیں بھاگ چلو۔۔۔‘‘
’’لاشیں تو چھوڑی جا سکتی ہیں، مگر یہ زخمی۔۔۔ پھر یہ مکان اور چہروں کی شناخت۔۔۔‘‘
’’بھاگ کر نہیں جا سکتے کہ راہیں مسدود ہوچکی ہیں۔ ہم چاروں طرف سے گھر چکے ہیں، بے چھت کی دیواروں میں قید ہوگئے ہیں، اس سے پہلے کہ وہ یہاں پہنچیں لاشیں ٹھکانے لگا دی جائیں۔‘‘
’’اگر لاشیں ڈھوتے ہوئے پکڑے گئے تو۔۔۔؟‘‘
’’اور لاشوں اور زخمی کے ساتھ پکڑے گئے تو۔۔۔؟‘‘
’’تم ٹھیک کہتے ہو، پہلے نے جلے ہوئے چہرے پر ہاتھ پھیرا۔ خطرہ تو مول لینا ہی پڑےگا، لیکن ہماری غیرموجودگی میں وہ زخمی تک پہنچ گئے تو۔۔۔؟‘‘
’’دو لاشیں اورایک زخمی، نہ ہم لے جا سکتے ہیں، نہ چھوڑ سکتے ہیں، لے جائیں تو کسے چھوڑیں تو کس کو اور لے جائیں تو کہاں؟‘‘ ان کے چہرے لٹک گئے تو زخمی نے آسمان سے نظریں پھیر کر ان کی طرف دیکھا اور دانتوں سے زبان چھوڑ دی۔
’’میری بات سنو، مجھے قتل کر دو۔‘‘
’’قتل۔۔۔‘‘ وہ دونوں لرز گئے۔ ’’ نہیں یہ نہیں ہو سکتا، ہم یہ نہیں کر سکتے، ہم تمہیں جس طرح لائے تھے اس طرح واپس نہیں کر سکتے اسی کا افسوس ہے۔‘‘
’’بےوقوفی مت کرو، جو ہونا تھا ہو گیا، اب جو ہے اس کی حفاظت کی ایک ہی صورت ہے کہ مجھے قتل کر کے بھاگ جاؤ۔ اگر میں ان کے ہاتھ آ گیا تو وہ زبان کھلوانے کے ماہر ہوتے ہیں، مگر لاشیں بےزبان ہوتی ہیں اس لئے تم محفوظ رہوگے۔‘‘
پہلے آدمی نے کواڑ کھول کر ادھرادھر دیکھا، صبح دھیرے دھیرے اتر رہی تھی، سناٹا پرندوں کے شور سے مجروح ہونے لگا تھا۔ دور سڑک پر ایک تاریک سایہ رینگ رہا تھا مگر وہ اتنی دور تھا کہ پتہ نہیں چل رہا تھا کہ وہ آ رہا ہے یا جا رہا ہے۔
کہیں وہ انہیں اطلاع دینے نہ جا رہا ہو، اس نے جلدی سے کواڑ بند کر لیا اور دوسرے آدمی کو صورت حال سے آگاہ کرتے ہوئے بولا، ’’سڑک آباد ہونے والی ہے۔ اس سے پہلے ہم لاشیں کہیں چھپا سکتے ہیں، زخمی کو یہیں چھوڑ دو اگر حالات موافق رہے تو۔۔۔‘‘
’’میری بات سنو، میرے باپ کے ساتھ بھی یہی ہوا تھا۔ زخمی جلدی جلدی کہنے لگا اس نے بھی یہی کہا تھا جو میں کہہ رہا ہوں اور اس کی خواہش پوری کی گئی تھی۔ پھر کچھ نہیں ہو سکا کہ چشم ِدید آنکھیں ہو گئی تھیں۔‘‘
وہ دونوں اپنے کاندھوں پر لاشیں ا ٹھاتے ہوئے رک گئے، ان کے قدم ڈگمگائے۔ پھر وہ سنبھل گئے اور زخمی کی حسرت بھری نظریں انہیں دروازے سے باہر جاتے دیکھتی رہیں۔
’’اب کیا ہوگا۔۔۔؟‘‘ اس نے اپنے پیروں کی طرف دیکھا، اب میں کبھی کھڑا نہ ہو سکوں گا، دھرتی کا لمس محسوس نہ کرسکوں گا، بیوی کے ناتواں کاندھے پر ایک اور بوجھ، لوگ دیکھنے آئیں گے اوربار بار دہرائی جانے والی من گڑھت کہانی بس اکسیڈنٹ، بجھتی ہوئی چولھے کی آگ کے ساتھ چہروں پر پھیلتی ہوئی زردی، کھٹکھٹائی جانے والی کنڈیوں کا شور، شرمندگی سے جھکی ہوئی نظریں، ضد کرتے ہوئے بچے اور تھپک تھپک کر سلاتی ہوئی ماں، بدن پر جھولتے ہوئے کپڑوں کی بو، صدیوں کی مسافت طے کر کے گزرتے ہوئے لمحوں کی کہانیوں میں خودکشیاں، اس کے چہرے پر گڑی ہوئی اداس نظریں اور سسک سسک کر گزرتی ہوئی طویل رات۔۔۔
قدموں کی کھڑکھڑاہٹ سے وہ وحشت زدہ ہو گیا۔ کون آ رہا ہے؟ اس کے دل کی دھڑکنیں تیز ہو گئیں، اس نے اپنی نظریں دروازے پر جمادیں، شاید انہیں خبر ہو گئی ہے اور وہ ہوشیاری سے کمرے کے گرد گھیرا ڈال رہے ہیں، جب ان کا گھیرا تنگ ہو جائےگا تو وہ دروازے سے اندر کا منظر دیکھیں گے۔ گری ہوئی چھت، دراڑیں پڑی ہوئی دیواریں، ناگوار سی بو، زمین پر بہا ہوا خون، گوشت کے ٹکڑے اور جب ان کی نظریں مجھ پر پڑیں گی تو ان کی آنکھوں میں ایسی چمک جاگےگی جیسی شکاری کی آنکھوں میں شکار دیکھ کر جاگتی ہے، پھر ان کے چہروں سے شعلے نکلیں گے اور بھیڑیے کی طرح خوں خوار دانت پیستے ہوئے میری طرف بڑھیں گے، میری تلاشیاں لیں گے، تصویریں لیں گے او رپھر ٹھوکریں اور گالیاں۔
کہانی سناؤ، تصویریں دکھاؤ، ا ذیتیں۔۔۔ تھرڈ ڈگری، نام بتاؤ، پھر منظر بدلےگا، پھر نظریں بدلیں گی اور آخری ٹھوکر کے ساتھ میں کسی تنگ و تاریک کوٹھری میں جاگروں گا، تم نے ایسا کیوں کیا، تصویریں پوچھیں گی، کیا ضرورت تھی جب کہ جو ہونا تھا ہو چکا تھا۔۔۔ پھر اخباروں میں خبریں اوربیوی کی دروازے کی نگراں آنکھیں، ضد کرتے ہوئے بچے اور تسلی دیتی ہوئی ماں۔
تمہارے پاپا آئیں گے توڈ ھیر سی مٹھائیاں لائیں گے، کھلونے، ٹافیاں اور کپڑے۔۔۔ انتظار اور انتظار۔۔۔
اس نے زبان دانتوں میں دبا رکھی تھی کہ کہیں کراہنے کی آوازیں انہیں متوجہ نہ کر لیں، خون بہتا جا رہا ہے، کاش کہ ان کے آنے سے پہلے سارا خون بہہ جائے اور میں اس اذیت سے نجات پا جاؤں جو میرا مقدر بن چکی۔
محتاط قدموں کی آوازیں کمرے کی طرف بڑھنے لگیں تو اس کے دل کی دھڑکن اتنی تیز ہو گئی کہ درد کا احساس بھی زائل ہو گیا، وہ آرہے ہیں، سنگینیں اٹھائے ہوئے، شعلے برساتے ہوئے، دانت پیستے ہوئے، اب وہ ٹھوکریں لگائیں گے، گالیاں دیں گے اور لہولہان جسم کو کتنی اذیتیں سہنی پڑیں گی۔
آہٹیں دروازے کے پاس رکیں تو اسے اپنے دل کی دھڑکنیں بھی رکتی ہوئی محسوس ہوئیں، پھر ان دونوں کا جھلسا ہوا چہرہ نظر آیا جس پر خوف کے گہرے سائے تھے اور وہ بار بار آسمان پر چڑھتے ہوئے سورج کو دیکھ رہے تھے۔
’’سڑکوں پر آمدورفت شروع ہو چکی ہے، ہم تمہیں کسی محفوظ جگہ پر کیسے لے جائیں،‘‘ پہلا پریشان لہجے میں دھیرے سے بولا، ’’اور یہاں چھوڑ بھی نہیں سکتے کہ وہ بس آنے ہی والے ہیں، یہ تو اچھا ہوا کہ یہ جگہ سنسان ہے ورنہ اب تک۔۔۔‘‘
’’وہ آ رہے ہیں،‘‘ دوسرا گھبرائی ہوئی آواز میں بولا۔ ’’اب کیا ہوگا؟‘‘
’’بس ایک ہی صورت ہے، مجھے قتل کردو، تم بھی بچ جاؤگے اور میں بھی، میرے اندر اتنی طاقت نہیں کہ میں زبان بند رکھ سکوں۔ پھر۔۔۔‘‘
’’کیا کہتے ہو؟‘‘ پہلے نے دوسرے سے پوچھا، ’’ابھی وہ دور ہیں تب تک ہم۔۔۔‘‘
’’ٹھیک ہے،‘‘ دوسرا بولا۔ ’’میں باہر رہتا ہوں، تم دل پر وار کر کے نکل آنا کہ ان کے پہنچتے پہنچتے۔۔۔‘‘
زخمی نے اطمینان کی سانس لے کر آسمان کو دیکھا، تجھے آخری بار دیکھ لوں، تیری حدت محسوس کر لوں، پھر میں سارے دکھوں سے آزاد ہو جاؤں گا۔ کسی کا خون، کوئی الزام میرے سر نہیں رہےگا۔
پہلا آدمی خنجر لیے میری طرف بڑھ رہا تھا، اس نے مسکراکر آنکھیں بند کر لیں، تب اسے اپنی بیوی نظر آئی، بچے نظر آئے، ان کی فرمائشیں یاد آئیں اور وہ چھ ماہ کا معصوم بچہ جو اسے دیکھ کر کھلکھلا کر ہنس پڑتا ہے۔ اب وہ کسی کو نہیں دیکھےگا، کبھی نہیں دیکھےگا، منتظر بیوی کو بھی نہیں، معصوم بچوں کو بھی نہیں، وہ اپنے پاپا کی راہ دیکھتے رہیں گے اور ماں انہیں تسلیاں دیتی رہےگی۔
تمہارے پاپا آئیں گے تو۔۔۔
اس نے گھبراکر آنھیں کھول دیں اور دوسرے لمحے خنجر بردار کلائی اس کے پنجے کی گرفت میں تھی۔
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.