Font by Mehr Nastaliq Web

aaj ik aur baras biit gayā us ke baġhair

jis ke hote hue hote the zamāne mere

رد کریں ڈاؤن لوڈ شعر

یہ عشق نہیں آساں

نورالحسنین

یہ عشق نہیں آساں

نورالحسنین

MORE BYنورالحسنین

    فضل محمد یہاں جب سے آیا پیدل ہی گھوم رہا تھا۔ شہر کی گلیوں میں اس کے بچپن کا ایک ایک لمحہ جیسے زندہ ہوتا جا رہا تھا۔ کبھی وہ کسی نکڑ پر آنکھیں بند کرکے کھڑا ہو جاتا اور ماضی کسی دریا کے تیز دھارے کے مانند اچھلتا کودتا اس کی آنکھوں سے بہہ جاتا۔ وہ آنکھیں پھاڑ پھاڑکر شناسا چہروں کو تلاش کرنے کی کوشش کرتا لیکن چہرے ہی بدل گئے تھے۔ شہر کچھ تھکا تھکا محسوس ہو رہا تھا۔ کویلووں سے ڈھکے ہوئے گھر اسی طرح سر جھکائے کھڑے تھے اور سڑکوں پر مریل گھوڑے تانگے کھینچ رہے تھے۔

    وہ مل کارنر سے نکلا تو سامنے ہی پولیس ہیڈ کوارٹر کی عالیشان عمارت تھی۔ آج بھی اس کے احاطے میں ایک تو پاسی طرح رکھی ہوئی تھی۔ وہاں سے کچھ آگے ہی بڑھا تھا کہ شہر کا بڑا دروازہ جو بھڑکل دروازہ کہلاتا ہے اسے صاف نظر آ رہا تھا۔ وہ جلدی جلدی قدم اٹھانے لگا اور جیسے ہیاس کے قریب پہنچا اس کے قدم ٹھٹھک گئے۔ اس نے پلٹ کر شمال مغرب کی طرف نظریں دوڑائیں، اسے عاشور خانے کی قدیم عمارت نظر آئی جس کا سبز رنگ اپنی رونق کھو چکا تھا۔ وہ ٹکٹکی باندھے ادھر دیکھے جا رہا تھا۔

    ’’تم آ گئے فضل محمد۔‘‘ کوئی اس سے لپٹ گیا تھا۔

    اس نے آواز پہچان لیا تھا، ’’ہاں میرے دوست۔‘‘ اس نے بھی اسے لپٹا لیا۔

    ’’میں کب سے تمہارا انتظار کر رہا تھا۔‘‘

    ’’میرے دوست ہمارا معاملہ تمہاری طرح نہیں ہے۔‘‘ فضل محمد بتانے لگا، ’’جب تک حامد میاں اور روشن بی نہیں آ جاتی، ہمیں دیوڑھی سے نکلنے کی اجازت نہیں ملتی، باوا ان کی نگرانی ہی میں ہمیں خرچ کے لیے آٹھ آٹھ آنے دے کر بھیجتے ہیں‘‘

    ’’اوہ۔۔۔!‘‘ آغا بابر نے حیرت سے اس کی طرف دیکھا، ’’یار اس بار دس محرم کو ہم چوک کا مجمع بھی دیکھیں گے اور عاشور خانہ سالار جنگ تک بھی جائیں گے ماتمی جلوس دیکھنے۔‘‘

    ’’ماتمی جلوس۔۔۔؟‘‘ فضل محمد کے چہرے کا رنگاڑ گیا، ’’نہیں یار وہ مجھ سے نہیں دیکھا جاتا۔‘‘

    ’’بزدل۔۔۔!‘‘ آغا مسکرانے لگا تھا، فضل محمد نے اپنے دوست کا ہاتھ پکڑ لیا اور دونوں قدم اٹھانے لگے، ’’ہم دونوں ہر سال سات محرم سے دس محرّم تک کی راتیں اسی عاشور خانے کے آس پاس ہی تو گزارتے ہیں، تو اس بار بھی یہیں گزار لیں گے۔‘‘

    ’’ہاں بڑے چاند صاحب کی سواری جواسی عاشور خانے میں بٹھائی جاتی ہے‘‘ ان کے کانوں میں نوبت نقاروں کی آوازیں گونج رہی تھیں۔ فضل محمد نے دیکھا، چاند صاحب کے بالکل مقابل ایک اونچی سی مچان سے نوبت جھڑ رہی تھی۔ سواری کے سامنے لوگوں کا ایک اژدھام تھا۔

    ’’چلو اس طرف۔۔۔ چاند صا حب کے پاس چلتے ہیں۔‘‘

    اور وہ دونوں میدان میں لگے میلے کی بھیڑ میں ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے آگے بڑھ رہے تھے۔ میلے میں مختلف قسم کی دکانیں لگی ہوئی تھیں۔ ہمہ اقسام کے جھولے تھے، لڑکے اور لڑکیاں بنگوائی جھولوں میں سوار ہو رہی تھیں، کچھ آسمانی جھولوں کی طرف دیکھ رہے تھے۔ ایک تنبو نما ڈیرے میں رسیوں سے بندھے، لکڑی کے ہاتھی، گھوڑے، اونٹ اور شیروں پر کم سن بچے سوار تھے اور وہ کسی پھرکی کے مانند گردش کر رہا تھا۔ خوانچوں والے جلیبی اور دیگر مٹھائیوں کو سجائے گاہکوں کو راغب کرنے کے لیے آوازیں دے رہے تھے تو دوسری طرف سفید پنیاں مڑی ہوئی لکڑی کی تلواریں خریدنے والوں کا ایک ہجوم تھا تو کہیں کاغذی چشموں کو حاصل کرنے والوں کا شور سنا لی دے رہا تھا۔ سستے زیورات کی دکانوں پربرقعہ پوش خواتین اور کم سن لڑکیاں تھیں۔ ان ہی میں اسے رخسانہ بھی نظر آئی وہ اپنے دوست کا ہاتھ چھوڑ کر تیزی سے اس کی طرف بڑھا۔ وہ چاندی کی ایک انگوٹھی کی طرف للچائی ہوئی نظروں سے دیکھ رہی تھی۔

    ’’اس انگوٹھی کی قیمت کیا ہے؟‘‘

    دکان دار نے بنا اس کی طرف دیکھے جواب دیا، ’’ایک آنہ۔‘‘

    فضل محمد نے رخسانہ کی طرف دیکھا اور رُخسانہ کی زبان سے نکلا، ’’لیکن میرے پاس تو صرف آدھا آنہ ہی بچا ہے۔‘‘

    ’’کوئی بات نہیں۔‘‘ فضل محمد نے اپنی جیب سے ایک آنہ نکال کر دکاندار کے سامنے کر دیا اور انگوٹھی لے کر اس کی انگلی میں پہنانے لگا۔ دکان میں کھڑی ایک عورت نے دونوں کی طرف دیکھا اور پھر اپنے قریب کھڑی ہوئی عورت کو اشارہ کرتے ہوئے بولی، ’’زبیدہ یہ دیکھ تماشہ۔ یہ بچے کیا کر رہے ہیں۔‘‘

    لیکن فضل محمد تب تک اپنے دوست کے پاس پہنچ چکا تھا اور دس برس کی خوبصورت رخسانہ اسے احسان مند نظروں سے دیکھ رہی تھی۔ وہ دونوں دوست چاند صاحب کی سواری کے قریب پہنچ چکے تھے، نوجوانوں کا حلقہ ہاتھوں میں تلواریں لیے نہایت جذباتی انداز میں، ہائے دوست دولہا کہتے ہوئے مخصوص رقص کر رہا تھا۔ ان کے بالکل ہی قریب الاو روشن تھا۔ آگ کے شعلے بھڑک رہے تھے۔

    ’’ر خسانہ۔۔۔!‘‘ اس نے آہستہ سے اپنے آپ سے کہا اور بھڑکل دروازے کے باہر نکل گیا۔ اسے اپنے شہر میں آئے ہوئے چار دن ہو چکے تھے۔ ان چار دنوں میں وہ شہر کے مختلف مقامات سے اپنی یادیں سمیٹ رہا تھا۔ لیکن اب تک وہ نہ تو نواب رحیم یار خان سے ملا تھا اور نا ہیان کی دیوڑھی کی طرف جانے کی اس میں ہمت پیدا ہوئی تھی۔

    نواب صاحب کا شمار شہر کے معزیزین میں ہوتا تھا۔ ماہِ رمضان کیا آتا گھر گھران کی دیوڑھی سے افطار کے خوان پہنچتے، دیوڑھی کے میدان میں بڑا سا شامیانہ تان دیا جاتا اور مسافروں کی سحر کا انتظام شروع ہو جاتا، شہر کے غریب غرباء میں کپڑے تقسیم ہونا شروع ہو جاتے، عید کے بعد کبھی نہ ختم ہونے والا دعوتوں کا سلسلہ شروع ہو جاتا، رجب کے کونڈوں کا وہ اہتمام ہوتا کہ شہر کا شہر ششدر رہ جاتا، ماہِ محرم میں دیوڑھی کے بالائی خانے میں شہادت امام حسین کی مجلسوں کا اہتمام ہوتا، دور دور سے علماء کو بلواتے اور فلسفے شہادت پر تقریریں کرواتے، ان کے مزاج میں مذہبی تعصب نہ تھا، دیوالی میں چراغاں کرواتے، تو ہولی کے گیتوں اور رنگوں میں دیوڑھی کا ہر فرد ڈوب جاتا، ساون کے جھولے سجتے، انھیں کئی طرح کے شوق تھے۔ تِل سنکرات کے موقع پر بی بی کے مقبرے کے عقب میں ایک بڑا سا شامیانہ لگواتے اور اپنے دوستوں کے ساتھ بیٹھ کر پتنگ بازی کے مقابلے دیکھتے اور جیتنے والوں کو انعامات سے نوازتے تھے۔ اس کے علاوہ زنان خانے میں نہایت حسین و جمیل بیگم صاحبہ کے ہوتے ہوئے بھی دیوڑھی میں طوائفیں بلوائی جاتیں، رقص و سرور کی محفلیں منعقد ہوتیں، ان طوائفوں میں جو بھی نواب صاحب کو پسند آ جاتی وہ شب بھر دعوت عیش کے ساتھ مال و زر سے بھی نوازی جاتی، لیکن اس کے ساتھ ہی ساتھ وہ نہایت خدا ترس اور سخی انسان بھی تھے۔ دن کیا نکلتا غرض مندوں اور محتاجوں کا سلسلہ شروع ہو جاتا اوران کی دیوڑھی سے کبھی کوئی خالی ہاتھ نہ لوٹتا تھا۔ ان میں ایک اور بھی خوبی تھی۔ شہر میں جب کبھی انھیں کوئی یتیم لڑکا یا لڑکی نظر آتی وہ اسے اپنی دیوڑھی میں اٹھا لاتے۔ اس میں ہندو مسلم، سنی شیعہ کی کوئی تفریق نہ ہوتی۔ وہ نہ صرف ان بچوں کی پرورش کرتے بلکہ بلکہ انھیں ان کے مذہبی عقیدے کے مطابق تعلیم و تربیت کا انتظام بھی کرتے تھے۔ ان بچوں کا ہر طرح خیال رکھتے۔ کسی کو انھیں یتیم اور بےسہارا کہنے کی اجازت نہ تھی۔ ان کا معمول تھا دن بھر میں ایک وقت کا کھانا وہ ان بچوں کے ساتھ ہی کھاتے تھے۔ نواب صاحب کو مالک، آقا اور میاں جیسے الفاظ سے چڑ تھی۔ وہ گھر کے ملازمین سے لے کر ان بچوں سے تک ’باوا‘ کہلوانا پسند کرتے تھے۔ اکثر ان یتیم بچوں کے سر پر سے ہاتھ پھیرتے، کبھی کبھی بےحد جذباتی بھی ہو جاتے تھے اور ان کی آنکھیں نم ہو جاتیں۔ ایسے وقتان کی زبان سے اکثر نکلتا، ’’یا اللہ میں تیرے رسول کی سنت کی پیروی کر رہا ہوں، مجھے دکھاوے کی زندگی سے دور رکھ، مجھے کم از کم اس ایک سنت کا عامل بنا دے تاکہ روز حشر میں اپنے نبی کا سامنا کر سکوں۔

    اور جیسے جیسے یہ بچے جوان ہوتے ان کے روزگار کا انتظام کرکے ان کی شادیاں کر دیتے اور انھیں دیوڑھی سے باہر کر دیتے تاکہ وہ اب اپنی آزادانہ زندگی بسر کر سکیں۔

    فضل محمد نے اپنے سامنے پھیلی ہوئی لمبی شاہراہ پر نظریں دوڑائیں۔ تانگے دوڑ رہے تھے۔ کچھ لوگ اس کی طرح پیدل بھی تھے۔ اس کا دل نواب صاحب سے ملنے کے لیے بےتاب ہو رہا تھا لیکن دوسری طرف خوف اس کے قدم روک رہا تھا۔ میں بھی تو ان ہی کا ایک لڑکا ہوں۔ ایک لمبی سانس اس کے منہ سے نکلی، مجھے کب اور کس عمر میں انھوں نے اٹھا لایا تھا، وہ تو مجھے یاد بھی نہیں ہے۔ ہم سارے بچے ساتھ ساتھ ہی رہتے تھے۔ کھیلتے کودتے، شرارتیں کرتے اور اپنے اپنے مدرسوں کو جاتے تھے۔ ان بچوں میں یوں تو سکینہ بھی تھی، رادھا بھی تھی، عائشہ بھی تھی اور بھی بہت ساری لڑکیاں تھیں لیکن پتہ نہیں کیوں مجھے رُخسانہ بہت پسند آتی تھی۔ اس وقت میں بارہ برس کا ہو چکا تھا اور وہ دس گیارہ برس کی ضرور ہوگی۔ میں چاہتا تھا کہ ہر دماس کے ساتھ ہی رہوں یا اس کے آس پاس ہی رہنے کی کوشش کرتا تھا۔ اس کا ہر دم خیال رکھتا تھا۔ ہم دونوں میں رفتہ رفتہ قربت ہو گئی تھی۔ یہ تو اس وقت پتہ نہیں چلا تھا کہ یہ قربت محبت تھی یا کیا تھی؟ البتہ وہ بھی میرے ساتھ ہی رہنا پسند کرنے لگی تھی۔ ایک روز دوپہر کا وقت تھا میں دیوڑھی کے بالائی حصے پر کھڑا پتنگاڑا رہا تھا کہ رخسانہ وہاں آ گئی۔ ہم دونوں کے علاوہ وہاں کوئی نہیں تھا۔ اسے دیکھتے ہی میں اپنی پتنگ سے غافل ہو گیا اور میری پتنگ میری مرضی کے حلاف ادھر ادھر غوطے کھانے لگی۔ میرے ہاتھوں سے ڈور چھوٹ گئی اور میں نے اچانک بےخود ہوکر رخسانہ کو اپنی بانہوں میں بھر لیا۔ ٹھیک اسی وقت زینے سے اوپر نواب صاحب آ گئے اور انھوں نے ہم دونوں کو باہم دیکھ لیا۔ ان کی آنکھیں غصے سے ابل پڑیں۔ انھوں نے رخسانہ کو کچھ نہیں کہا اور میرا ہاتھ سختی سے پکڑ کر مجھے کھینچتے ہوئے اپنی بیٹھک میں لے گئے اور مجھے بے تحاشہ ما رنے لگے۔ میرے گال سرخ ہو گئے میری پیٹھ دکھنے لگی۔ وہ مجھے مارتے جاتے تھے اور کہتے جاتے تھے، ’’میں اپنے تالاب کو گندہ نہیں ہونے دوں گا۔ مردود میں تجھے زندہ نہیں چھوڑوں گا۔ میں بےحد گھبرا گیا تھا اور پھر جیسے ہی وہ مجھے روتا بلکتا چھوڑ کر بیٹھک سے باہر نکلے میں ڈر گیا کہ شاید اب مجھے جان سے مارنے وہ اپنی بندوق لائیں گئے۔ میں وہاں سے بھاگ نکلا اور سیدھا ریلوے اسٹیشن پہنچا اور جو بھی ٹرین کھڑی تھی اس میں بیٹھ گیا اور قسمت نے مجھے کلیان پہنچا دیا۔

    اپنی سوچوں میں گم فضل محمد کب بڈی لین، مومن پورا، منظور پورہ، چیلی پورا ہوتا ہوا شاہ بازار پہنچ گیا تھا اسے پتہ ہی نہیں چلا، اب جو نظریں اٹھائیں تو سامنے حضرت غوث اعظم کا چلہ تھا اور بےاختیار اس کے لبوں سے نکلا، یا غوث المدد المدد۔ پانچ کمانوں پر مشتمل عمارت میں شاید دینی مدرسہ قائم کر دیا گیا تھا اور بچے قرآن خوانی میں مصروف تھے۔ وہ سیڑھیوں پر بیٹھ گیا اور عقیدت سے اس کی آنکھیں بند ہوگئیں اور گیارویں شریف کو اٹھنے والے نشان کا جلوس ابھر آیا۔ نقارے زور زور سے بج رہے تھے۔ عوام کی بھیڑ تھی۔ دروازوں کھڑکیوں اور چھت پر سے خواتین اس جلوس کا نظارہ کر رہی تھیں۔ سبز، لباس میں ملبوس ایک شخص ہاتھوں میں بڑا سا نشان لیے ایک اونٹ پر سوار تھا۔ اس کے پیچھے میلادخواں تھے۔ چار پہیوں کی گاڑیوں پر طرح طرح کی دکانیں تھیں۔ اس جلوس میں بھیاس کی آنکھیں رُخسانہ پر ٹکی ہوئی تھیں اور وہ روشن بی کے آگے آگے چل رہی تھی۔

    رخسانہ تمھیں کیا پتہ دیوڑھی سے فرار ہونے کے بعد مجھ پر کیا بیتی؟ حاجی ملنگ بابا کی اونچی پہاڑی کے نیچے زائرین تانگوں سے اتر رہے تھے۔ آس پاس ہر قسم کی دکانیں تھیں۔ طرح طرح کی چیزیں تلی جا رہی تھیں۔ بھوک سے نڈھال میں ایک ایک چیز کو ندیدی نگاہوں سے دیکھ رہا تھا۔

    ’’ائے۔۔۔ کیا منگتا تم کو؟‘‘

    ’’بہت بھوک لگی ہے۔‘‘

    ’’پیسہ ہے جیب میں؟‘‘

    بےبسی کی نظریں دکان دار کو دیکھ رہی تھیں تبھی بگھی سے ایک بارعب شحص نیچے اتر ا اور میرے پاس آیا اور مجھے نیچے سے اوپر تک دیکھتے ہوئے بولا، ’’کھانا مانگتا ہے؟‘‘

    میری آنکھوں سے ٹپ ٹپ آنسو گرنے لگے۔

    ’’کیا نام ہے تیر ا؟‘‘

    ’’فضل محمد۔‘‘

    ’’اس کو جو بھی کھانے کو منگتا دے دو، پیسہ ہم دےگا۔‘‘

    اس نے اپنی آنکھیں پوچھیں۔ رخسانہ وہ شخص پلمبر تھا۔ بڑے بڑے ٹھیکے لیتا تھا۔ وہ مجھے اپنے گھر لے کر آ گیا اور میں اسی کے پاس نوکری کرنے لگا۔ پلمبری کا کام سیکھنے لگا۔ داود سیٹھ دل کا بہت اچھا تھا مگر شراب بہت پیتا تھا۔ اس کی بیوی مر چکی تھی اور اسے ایک ابنارمل بیٹی تھی۔ جسے نہ بات کرنی آتی تھی نہ کسی بات کا ہوش تھا دس برس کی یہ لڑکی ملازمہ کی نگرانی میں بڑی ہو رہی تھی۔ میں چوبیس گھنٹے داود سیٹھ کے ساتھ ہی رہتا تھا۔ وہ جب بھی نشے کی حالت میں اپنی بیٹی کو دیکھتا تو رونے لگتا، اس کے مستقبل کے لیے پریشان ہو جاتا، کبھی اللہ سے شکوے شکائتیں کرتا اور کبھی لڑنے لگتا تھا اور پھر شراب کی کوئی حد نہ رہتی تھی۔ شروع شروع تو میں خاموش تماشائی رہا لیکن رفتہ رفتہ سیٹھ کا غم بانٹنے لگا تھا۔ اسے سمجھانے لگا تھا، اس کی شراب نوشی کو کنٹرول کرنے کی کوشش کرنے لگا تھا۔

    وقت تیزی سے گزر رہا تھا۔ میں پلمبری کا سارا کام سیکھ چکا تھا اور اب سیٹھ کا ہاتھ بٹانے لگا تھا۔ اس کا سارا کام میں ہی سنبھال رہا تھا۔ وہ مجھ سے بہت خوش تھا۔ اس کے گھر رہتے ہوئے میری صحت بھی بہت اچھی ہو گئی تھی اور میرا قد بھی نکل آیا تھا۔ وہ اکثر مجھے دیکھ کر کہتا، ’’فضلو تیرے کو دیکھ کر سالا اپن کو اپنی جوانی یاد آتا ہے۔‘‘

    اور میں احسان مندی کی نظروں سے اسے دیکھنے لگتا۔

    ایسے ہی ایک رات تھی۔ وہ گھر میں بیٹھا شراب پی رہا تھا۔ میں اس کے قریب ہی بیٹھا ہوا تھا اور کام کا حساب دے رہا تھا کہ اس کی بیٹی آ گئی، اس کے بدن پر برابر کپڑے نہیں تھے۔ میں نے فوراًاس کے بدن پر شال ڈالی اور ملازمہ کو آواز دی لیکن وہ گھر میں نہیں تھی۔ میں نے محبت سے اس کا ہاتھ پکڑا اور اسے کسی طرح اس کے کمرے میں پہنچاکر آیا تو دیکھا سیٹھ زار و قطار رو رہا تھا۔ مجھ سے اس کی یہ بے بسی دیکھی نہ گئی اور جیسے ہی میں نے ہمدردی سے اس کے کند ھے پر ہاتھ رکھا، وہ مجھ سے لپٹ گیا اور روتے روتے کہنے لگا، ’’فضلو میرے بعد میری اس معصوم بیٹی کا کیا ہوگا؟ کون سالا اس کو دیکھےگا؟‘‘

    ہمیشہ کی طرح میں اس کی ڈھارس بندھانے لگا، ’’سیٹھ آپ کی بیٹی راج کرےگی۔ آپ اس طرح کیوں سوچتے ہو؟ آپ بہت دولتمند ہیں۔ کوئی نہ کوئی ایسا لڑکا مل جائےگا جو آپ کا کاروبار بھی سنبھالےگا اور بیٹی کو بھی۔ آپ اتنی فکر کیوں کرتے ہو؟‘‘

    اس نے میرے دونوں بازو پکڑے اور مجھے اپنی آنکھوں کے سامنے لے آیا اور میری آنکھوں میں جھانکنے لگا، ’’کیا وہ لڑکا تم نہیں ہو سکتا۔۔۔؟‘‘

    ’’میں۔۔۔ میں تمہارے ٹکڑوں پر پلنے والا۔۔۔ میں کیسے وہ ہو سکتا سیٹھ؟‘‘

    ’’کیوں نہیں ہو سکتا۔۔۔ فضلوتم ہمارا کام تو سنبھال لیا، ہماری بیٹی کو بھی۔۔۔‘‘ اس نے پوری قوت سے مجھے بھینچ لیا اور زور زور سے رونے لگا، ’’کیا تماس دن کا مافق ہم پر ترس نہیں کھائےگا۔۔۔ جب تم بھوکا تھا اور ہم۔۔۔ فضلو سمجھ لے آج اپن بھی ویسا ہی بھوکا ہے۔۔۔ بیٹی کی فکر سے اپن کو بےفکر کر دے فضلو۔۔۔ اپن تیرے ہاتھ جوڑتا، بولے تو پاوں بھی پکڑےگا۔۔۔‘‘

    ’’نہیں سیٹھ نہیں۔۔۔!‘‘ میں نے بھی اسے لپٹا لیا تھا، میری بھی آنکھیں بھر آئیں تھی، لیکن میں اس سوال کے جواب کے لیے ابھی تیار نہیں تھا۔ اس لیے خاموشی سے سیٹھ کی طرف دیکھ رہا تھا۔

    ’’تم بولتا کیوں نہیں فضلو۔۔۔ کچھ تو بول۔‘‘

    ’’میں کوئی فیصلہ نہیں کر پا رہا تھا۔‘‘

    ’’اوہ۔۔۔!‘‘ سیٹھ نے میری طرف لاچاری سے دیکھا، ’’میں بھول گیا تھا سالا، ایک ابنارمل لڑکی سے کون شادی بنائےگا۔‘‘ اس کی آواز بھرا گئی تھی اوراس کی آنکھوں میں رُکے ہوئے آنسو پھر ایک بار رواں ہو گئے تھے۔

    ’’یہ بات نہیں ہے سیٹھ۔۔۔ آپ اگر مجھ کو ایسا سمجھتے ہیں تو میں تیار ہوں، آپ حکم دیں میں حاضر ہوں۔‘‘

    سیٹھ نے نہایت گرم جوشی سے مجھے لپٹا لیا، ’’ابھی میرے کو کبھی موت سے ڈر نہیں لگےگا فضلو۔‘‘

    اور پھر نہایت دھوم دھام سے میری شادی ہو گئی۔

    شادی کے بعد داود سیٹھ زیادہ دن زندہ بھی نہیں رہا۔ اب سارا کاروبار میرا تھا اور میں سیٹھ کہلانے لگا تھا۔ ابنارمل بیوی کو سنبھالنا ایک بڑا مسلہ تھا۔ اسے تو کسی چیز کا ہوش ہی نہیں تھا۔ مجھے اس پر بڑا ترس آتا تھا۔ میں ہرطرح سے اس کا خیال رکھتا تھا، مگر پھر بھی میں شوہر تھا باپ نہیں۔۔۔ مسلسل اس کی حماقتوں سے تنگ آکر ایک دن میں نے اسے بری طرح ڈانٹ دیا تھا، تب سے وہ مجھ سے ڈرنے لگی تھی، میرے سامنے نہیں آتی تھی اور اکثر روتی رہتی تھی۔ شاید اسے اپنے باپ کی یاد ستاتی ہوگی۔ اس کا کھانا پینا بھی بہت کم ہو گیا تھا۔ مجھے اپنے اس روئیے پر بےحد شرمندگی تھی۔ میں نے کئی باراس سے معافی بھی مانگی، لیکن اسے کیسے سمجھاتا کہ معافی کیا ہوتی ہے؟ وہ تو مجھے دیکھتے ہی خوف کے مارے چیخنے لگتی، چلانے لگتی، زور زور سے رونے لگتی، مجبوراً ملازمہ کے حوالے کرکے میں گھر سے باہر نکل جاتا تھا۔

    وہ دن بدن کمزور ہو جا رہی تھی۔ ایک دناس نے ملازمہ سے کہہ کر دیوار پر سے داؤو سیٹھ کی تصویر اتر وائی، اس کا قیمتی فریم توڑ دیا اور تصویر کو ہاتھوں میں لے کر بچوں کی طرح بلک بلکے کر رونے لگی۔ اس کے حلق سے عجیب عجیب آوازیں نکل رہی تھی، شاید وہ اپنے باپ سے کچھ کہہ رہی تھی۔ میں اس کی ہر بے معنی آواز کے معنی سمجھ رہا تھا اور اپنے آپ سے شرمندہ ہو رہا تھا لیکن مجھ میں اتنی ہمت نہ تھی کہ اس کے ہاتھوں میں سے اس تصویر کو لے سکوں۔ بہت دیر تک اس کی یہی کیفیت رہی اور پھر وہ نڈھال ہوکر پلنگ پر لیٹ گئی اس کی آنکھیں بند تھیں اور آنسو اب بھی بہے رہے تھے۔ میں اس کے قریب پہنچا اور اس کی پیٹھ پر محبت سے ہاتھ پھیرنے لگا۔ اس نے آنکھیں کھول دیں اور میری طرف دیکھنے لگی۔ میں نے اس کے آنسو پو چھے اور پھر نہایت محبت کے ساتھ اسے لپٹا لیا۔ اس نے کوئی احتجاج نہیں کیا اور اپنا جسم ڈھیلا چھوڑ دیا۔ میری سمجھ میں آ گیا کہاسے معافی کی نہیں میری محبت کی ضرورت تھی۔ میں نے ملازمہ کو آواز دی کہ وہاس کے لیے کھانا لے کر آئے۔ وہ میری طرف عجیب نظروں سے دیکھنے لگی۔ میں اسے اپنے ہاتھ سے کھلانے لگا۔ اس کا چہرہ کھل اٹھا اور وہ مجھ سے بے ساختہ لپٹ گئی اور میرے ذہن میں رخسانہ در آئی۔ میں بہت دیر تکاسی عالم میں ڈوبا رہا، اسے میری بانہوں میں داؤد سیٹھ کی شفقتوں کا احساس ہو رہا تھا اور میں رخسانہ کی لذتوں کے احساس میں گم تھا۔

    ہم دونوں کو زندگی گزارنے کی ایک کلید ہاتھ لگ گئی تھی۔ اب میں اس میں رخسانہ کو دیکھنے لگا تھا اور اس کی دیکھ بھال میں میری دلچسپی بڑھ گئی تھی۔ اس کی ہر حماقت میں مجھے اب لطف آنے لگا تھا۔ لیکن رُخسانہ تم تو شاید مجھے بھول گئی ہوگی، یا یہ بھی ہو سکتا کہ تمہاری شادی ہو چکی ہو اور تم اپنے شوہر کے ساتھ خوشگوار زندگی بتا رہی ہو۔؟ آہ۔۔۔ کاش تمھیں ایک بار ہی سہی دیکھ پاتا۔ تم سے پوچھ ہی لیتا کہ کیا میں تم کو کبھی یاد بھی آیا؟

    اسے بےچینی سی ہونے لگی، محبت خوف پر غالب آ گئی اور اس کے قدم بے اختیار نواب صاحب کی دیوڑھی کی طرف اٹھ گئے۔ اس نے ادھر ادھر نظریں دوڑائیں تواسے عمارتوں پر بھی عجیب سی اداسی اور غربت کا احساس ہونے لگا، رنگ و روغن سے عاری دیواریں، کسی کے مکان کا چھجا جھکا ہوا، کسی گھر کی ایک آدھ ٹوٹی ہوئی دیوار، دروازے اور کھڑکیاں بےرونق، ٹاٹ کے بدرنگ پردے، آتے جاتے لوگوں کے بدن پر معمولی شیروانیاں، وہ سوچنے لگا، اس قدر غربت تو پہلے کبھی نہ تھی۔

    وہ جیسے ہی نواب صاحب کے دیوڑھی کے سامنے پہنچا تو ششدر رہ گیا کہ دیوڑھی کی وہ شان و شوکت کہاں چلی گئی۔ صدر دروازے کی پھاٹک ٹوٹ کر لٹک گئی تھی۔ دیوڑھی کا رنگ روپ غائب ہو چکا تھا بلکہان پر کائی کی کالی رنگت چھا گئی تھی۔ خوبصورت کنگورے ٹوٹ چکے تھے۔ دیواروں کا جگہ جگہ سے پلسٹر اکھڑ چکا تھا۔ یہ دیوڑھی، دیوڑھی نہیں بلکہ کوئی پراسرار عمارت محسوس ہو رہی تھی۔ وہ کچھ لمحوں تک بس عمارت کو گھورتا رہا اور پھر جیسے ہی اندر داخل ہوا تو اس کا رونا باقی رہ گیا تھا۔ بیٹھک کے سامنے لگی ہوئی چوبی جالی جگہ جگہ سے ٹوٹ کر گر گئی تھی۔ در و دیوار پتہ نہیں کب سے رنگ و روغن سے بےنیاز ہو چکے تھے۔ سامنے کا بڑا سا حوض جس میں کبھی فوارے اپنی بہار دکھاتے تھے۔ سوکھا پڑا ہوا تھا۔ حوض کے اطراف بڑی بڑی گھانس اگ آئی تھی۔ وہ طرح طرح کے پھولوں سے لدا ہوا باغ غائب ہو چکا تھا۔ اس نے بیٹھک کے دروازے پر دستک دی تو ایک بوڑھی ملازمہ نے دروازہ کھولا، اس نے غور سے اس کی طرف دیکھا تو یاد آیا، یہ تو روشن بی ہے۔ اس نے اسے سلام کیا اور پوچھا، ’’باوا دیوڑھی میں ہیں؟‘‘

    ’’باوا تو نہیں ہیں، کہیں باہر گئے ہیں۔‘‘ اس نے غور سے فضل محمد کی طرف دیکھا، ’’لیکن میاں یہ تو بتاو تم کون ہو؟‘‘

    ’’مجھے نہیں پہچانا روشن بی خالہ۔۔۔ میں، میں نواب صایب کا لڑکا فضل محمد ہوں جو کبھی دیوڑھی سے بھاگ گیا تھا۔‘‘

    ’’ارے اللہ تم ہو؟ آو اندر بیٹھک میں بیٹھو میں اماں کو بتاتی ہوں۔‘‘

    وہ بیٹھک میں داخل ہوا، دھول اور گرد سے اٹا ہوا صوفہ، دو چار ٹوٹی ہوئی بےرنگ کرسیاں اور فرش پر وہ قالین بچھی ہوئی تھی۔ جس کا رنگ اب کوئی نہیں پہچان سکتا تھا۔ دیواروں کا بھی یہی حال تھا۔ خوشنما مناظر کے وہ فریم جو کبھی بیٹھک کی شان بڑھاتے تھے اب دیواروں سے غائب تھے۔ میز بنا میز پوش کے موجود تھا اوراس پر چینی مٹی کی خوبصورت تصویریں دھندلی ہو چکی تھیں۔ وہ ایک ایک چیز کو دیکھ رہا تھا اور دروازے پر بیگم صاحبہ کھڑیا سے حیرت سے دیکھ رہی تھیں۔ جیسے ہیاس کی نظر ان پر پڑی، وہ نہایت ادب سے کھڑا ہو گیا اس کا ہاتھ سلام کے لیے اٹھا اور اس کا سر جھک گیا۔

    ’’جیتے رہو۔۔۔ کیسے ہو میاں؟‘‘ ان کی آواز ابھری اور وہ ملگجی صوفے پر بیٹھ گئیں۔

    ’’جی دعا ہے آپ کی۔‘‘ اس نے بیگم صاحبہ کے بدن پر معمولی سوتی ساڑی کو دیکھا، جبکہاس کے بدن پر اصلی ریشم کا کرتا تھا۔ وہ اپنے آپ میں بہت شرمندہ ہو رہا تھا۔

    ’’اس دن نواب صاحب کا جیسے ہی غصہ اتر ا، انھوں نے تمھیں ڈھونڈھنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی، لیکن تم کہیں نہ ملے۔‘‘

    اس کی گردن شرم کے مارے جھکی ہوئی تھی۔ اتنے میں رخسانہ چائے کی ٹرے اور پانی کا گلاس لیے داخل ہوئی۔ وہاس کی طرف دیکھنے لگا۔ اس کی انگلی میں اب تکاس کی دی ہوئی چاندی کی انگوٹھی موجود تھی۔ اسے دیکھتے ہیں اس کے سارے بدن میں خون کی گردش تیز ہو گئی۔

    ’’اسے پہچانا۔۔۔؟‘‘ انھوں نے فضل محمد کی طرف دیکھا، ’’یہ رخسانہ ہے۔‘‘

    اس نے پھر ایک بار رخسانہ کی طرف دیکھا، دبلی پتلی رخسانہ بڑھتی ہوئی عمر کے ساتھ اب قدرے بھرے بھرے جسم کی ہو گئی تھی۔ لیکن اس کی گلابی رنگت میں کوئی فرق نہیں آیا تھا۔ اس کے بدن پر چھینٹ کا ہلکے سبز رنگ کا لباس تھا اور سفید اوڑھنی سر سے بدن تک جھول رہی تھی۔ اس نے اسے نظر انداز کرتے ہوئے، سوال کیا، ’’اماں دیوڑھی کی یہ حالت کیسے ہو گئی؟‘‘

    بیگم صاحبہ نے فوری کوئی جواب نہیں دیا، ان کی آنکھیں بند ہو گئیں، شاید وہ الفاظ تلاش کر رہی تھیں۔

    ’’بتائیے نا اماں۔۔۔ باوا کیسے ہیں؟‘‘

    ’’فضل محمد۔۔۔!‘‘ ان کے لب گویا ہوئے، ’’بربادی صرف ہماری نہیں پورا دکن برباد ہو گیا، ۱۹۴۸ کو یہاں پولیس ایکشن کے عنوان ایک قیامت ٹوٹی تھی اور آصف جاہی سلطنت کا خاتمہ ہو گیا۔ لاکھوں افراد مارے گئے۔ بےگھر ہونے والوں کی کوئی گنتی نہیں، اپنے ہی ملک میں اپنے ہی لوگوں نے کسی فاتح فوج کی طرح اپنی ہی بہو بیٹیو ں کی عصمتیں لوٹیں، کنویں لاشوں سے بھر گئے، وہ غریب اور پس ماندہ افراد جن کی کئی کئی پیڑیوں کی دستگیری ہم جیسے جاگیرداروں اور زمین داروں نے کی تھی وہی گھر کے بھیدی ثابت ہوئے، انھوں نے چن چن کر نشاندہی کی اور و ہ لوٹ مار مچی کہ اللہ کی پناہ، اس کے بعد وہ کسان جو جاگیرداروں کے کھیتوں میں کام کرتے تھے اس پر قابض ہو گئے۔ مرحومین کے گھروں اور دیوڑھیوں پر لوگوں نے ناجائز قبضے کر لیے۔ پھر کول قاعدے کے قانون نے رہی سہی ار ضیات سے بھی بےدخل کر دیا۔ جاگیرداری ختم ہو گئی۔ آمدنی کے سارے ہی ذرائع بند ہو گئے۔ ہمارے ساتھ بھی یہی سب کچھ ہوا، یہاں تک کے ہمارا اکلوتا بیٹا بھی اسی پولیس ایکشن میں مارا گیا۔‘‘ بیگم صاحبہ کی آنکھوں سے آنسو رواں ہو گئے۔ بہت دیر تک خاموشی چھائی رہی۔ پھر انھوں نے فضل محمد کی طرف دیکھا، ’’کہتے ہیں نا جب برا وقت آتا ہے تو سایہ بھی ساتھ چھوڑ دیتا ہے۔ سب لوگوں نے ہمیں بھی بےمصرف جان کر ہمارا ساتھ چھوڑ دیا، بس ایک رخسانہ رہ گئی جو سائے کی طرح ہم دونوں سے لپٹی ہوئی ہے۔ ہمارا ہر طرح خیال رکھتی ہے۔ نواب صاحب نے ان یتیم بچوں میں جو بھی بچ گئے تھے ان کی کسی طرح شادیاں کر دی‘‘، پھر انھوں نے رخسانہ کی طرف محبت بھری نظروں سے دیکھا، ’’بس ایک رخسانہ بچ گئی ہے جس کی شادی ہم نہ کر سکے۔‘‘

    اوراس نے جیسے ہی رخسانہ کی طرف دیکھا تو وہ فوراً وہاں سے اٹھ کر چلی گئی۔

    ’’اور ایسا بھی نہیں ہے کہاسے رشتے نہیں آئے۔ لیکن اس نے ہر بار ٹال دیا، جیسے اسے کسی کا انتظار ہو۔‘‘

    فضل محمد کے دل میں خوشی کے لڈو پھوٹنے لگے تھے۔ لیکن اس نے اپنے خوشی پر قابو پا لیا اور ایسا تاثر دیا گویا وہ بیگم صاحبہ کے غم میں پوری طرح شریک ہے۔ بیگم صاحبہ خاموش ہو گئیں۔ وہانھیں حیرت سے تکنے لگا۔ بہت دیر تک دونوں کے درمیان سناٹا چھایا رہا، آخر اس نے اپنے آپ میں جسارت پیدا کی اور بڑی ہمت سے گویا ہوا، ’’اماں آج میرے پاس کسی چیز کی کمی نہیں ہے۔ اگر آپ اجازت دیں تو۔۔۔‘‘ اگلے الفاظ کہنے کیاس میں ہمت نہیں ہوئی۔

    بیگم صاحبہ کے چہرے پر مسرت دوڑ گئی، وہ سمجھی کہ شاید فضل محمد رُخسانہ کا ہاتھ مانگ رہا ہو۔ وہ فوراً گویا ہوئیں، ’’ہاں ہاں کہو، کیا کہنا ہے؟‘‘

    ’’میں آپ کی دیوڑھی کی مرمت کرنا چاہتا ہوں۔‘‘

    یہ سنتے ہی بیگم صاحبہ ایک دماٹھ کر کھڑی ہو گئیں، ’’فضل محمد۔۔۔ تمہاری ہمت کیسے ہوئی یہ بات کہنے کی، ہماری عزت و توقیر ابھی اتنی مجروح نہیں ہوئی کہ تمہاری دولت اسے ڈھک سکے، جاو میاں۔۔۔ خوش رہو۔۔۔ ہم تمہارے جذبے کی قدر کرتے ہیں لیکن خدا کے لیے یہ الفاظ دوبارہ اپنی زبان پر مت لانا۔۔۔‘‘ وہ ایک لمحے کے لیے خاموش ہوئیں اور پھر آہستہ سے کہا، ’’ہاں نواب صاحب سے ملنا ہے تو کل ضرور یشریف لائیں۔ خدا حافظ۔‘‘ اور پھر تیزی سے وہاں سے اپنے کمرے میں چلی گئیں او ر وہ دیکھتا رہ گیا۔

    فضل محمد شہر کی سب سے مہنگی ہوٹل میں ٹھہرا ہوا تھا۔ کھانے سے فارغ ہوکر جب وہ اپنے بستر پر لیٹا تواس کے ذہن میں پھر ایک بار رُخسانہ کا تصور ابھر آیا، وہ سوچنے لگا کیا رخسانہ کو اس عمر ہی میں محبت کا احساس ہو گیا تھا؟ کیا اسی لیے اس نے اس کی دی ہوئی انگوٹھی کو اب تک پہن رکھا ہے؟ کیا وہ واقعی مجھ سے اب تک اسی طرح محبت کرتی ہے؟ کیا اسی لیے وہ اٹھ کر چلی گئی تھی جب اماں بیگم اس کی شادی بات کہہ رہی تھی؟ کیا و ہ سمجھ گئی ہے کہ میں اس سے شادی کی خاطر ہی یہاں آیا ہوں؟

    وہ بہت دیر تک رخسانہ کے بارے میں سوچتا رہا، کیسے کیسے خواب اپنی آنکھوں میں سجاتا رہا اور پھر کب نیند کی آغوش میں چلا گیا اسے پتہ ہی نہیں چلا۔

    دوسرے دن پھر ایک بار وہ دیوڑھی میں رخسانہ کے ساتھ بیٹھا ہوا تھا۔ دونوں کے درمیان خاموشی چھائی ہوئی تھی۔ اس نے رخسانہ کی طرف دیکھا اور پھر آہستہ سے کہا، ’’رخسانہ۔۔۔!‘‘

    ’’ہوں۔۔۔!‘‘ رخسانہ کی گردن ابھی تک جھکی ہوئی تھی۔

    ’’سچ کہنا، کیا کبھی تمھیں میری یاد بھی آئی؟‘‘

    ’’میں نے تمھیں بھلایا ہی نہیں تھا تو یاد کیسے کرتی۔‘‘ اس نے اس کی آنکھوں میں دیکھا۔

    فضل محمد کا پورابدن خوشی سے جھوم اٹھا، اس کا دل بےاختیار چاہا کہ اٹھ کر رخسانہ کو گلے لگالے، لیکن اس نے فوراً اپنے آپ پر قابو پا لیا اور نہایت بیتابی سے پوچھا، ’’وہ۔۔۔ وہ واقعہ یاد ہے۔۔۔ جب میں چھت پر پتنگاڑا رہا تھا اور تم آ گئی تھی۔۔۔‘‘

    ’’ہاں۔۔۔ اس لمس کا احساس آج تک میری رگ وپئے میں زندہ ہے۔‘‘

    فضل محمد پر جیسے نشہ سا چھانے لگا، ’’کیا تم میرے ساتھ۔۔۔‘‘

    لیکن اس کا جملہ ابھی پورا بھی نہیں ہوا تھا کہ نواب صاحب آ گئے۔ وہ فوراً اٹھ کر کھڑا ہو گیا اور رخسانہ وہاں سے جانے لگی تو نواب صاحب نے اسے بیٹھ جانے کا اشارہ کیا۔ ان کی آنکھوں میں کوئی غصہ نہیں تھا، انھوں نے فضل محمد کی طرف دیکھا، ’’تمہار ی اماں نے بتایا کہ تم کل آئے تھے، بیس برس کے بعد تم یہاں کیوں آئے ہو یہ میں اچھی طرح سمجھ چکا ہوں۔ فضل محمد تم نے دیوڑھی کی خستہ حالت سے یہ تو اندازہ کر لیا ہو گیا کہ نواب رحیم یار خان کا کس بل اب نکل چکا ہے، تم نے یہ بھی سوچا ہوگا کہ اب تم آسانی سے اس دیوڑی کے بام و در کو ناپ سکتے ہو، لیکن تم نے یہ نہیں سوچا ہوگا کہ یہ بوڑھا نواب اب بھی ا پنی آن کے لیے جان نہیں لے سکتا تو جان دے سکتا ہے۔‘‘

    ’’نواب صاحب میں آپ کے احسانوں کو بھولا نہیں ہوں، میری حقیقت ہی کیا ہے؟ آپ کی دیوڑھی کا ایک لڑکا، آپ نے مجھے کل بھی غلط سمجھا تھا اور آج بھی غلط سمجھ رہے ہیں۔‘‘ فضل محمد گردن جھکائے کھڑا تھا، ’’کل مجھے جس لڑکی سے محبت تھی آج میں آپ کی اجازت سے آپ کی دیوڑھی سے اسے بیاہ کر لے جانا چاہتا ہوں۔‘‘

    نواب صاحب کے چہرے پر مسکراہٹ پھیل گئی اور اس سے پہلے کہ وہ کوئی فیصلہ سناتے، رُخسانہ کی آواز ابھری، ’’میں شادی کرنا نہیں چاہتی۔‘‘ وہ وہاں سے اٹھی اور تیزی سے باہر نکل گئی۔ فضل محمداسے دیکھتا ہی رہ گیا۔ پھراس نے بےبسی سے نواب صاحب کی جانب دیکھا، تواس کے دل نے کہا، جس پولیس ایکشن سے تو بچ گیا تھا آخر بیس برس کے بعد اس نے تجھے بھی تباہ کر دیا۔ نواب صاحب کے چہر ے پر کوئی تاثر نہ تھا۔ وہ اپنی جگہ سے اٹھا اور دیوڑھی سے باہر نکل گیا، ایک بار پھر اس کے قدم ریلوے اسٹیشن کی طرف اٹھ رہے تھے۔

    Additional information available

    Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.

    OKAY

    About this sher

    Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.

    Close

    rare Unpublished content

    This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.

    OKAY
    بولیے