Font by Mehr Nastaliq Web

aaj ik aur baras biit gayā us ke baġhair

jis ke hote hue hote the zamāne mere

رد کریں ڈاؤن لوڈ شعر

خان اور اسکا بیٹا

میکسم گورکی

خان اور اسکا بیٹا

میکسم گورکی

MORE BYمیکسم گورکی

    ’’ایک زمانے کا ذکرہے کہ کریمیا میں ایک خان رہتا تھا، اس کا نام موسولیما العصرب تھا۔اس کا بیٹا تو لیک الگالا کے نام سے پکارا جاتا تھا۔‘‘

    ان تمہیدی الفاظ سے اندھے تاتاری فقیر نے درخت کے خاکستری تنے سے پیٹھ لگا کر عہد رفتہ کی داستان سنانی شروع کی۔ اس دا ستان گو فقیر کے اردگرد تاتاریوں کا ایک ہجوم جمع ہوگیا۔ جو شوخ رنگ کے کپڑے اور کامدار ٹوپیاں پہنے ہوئے تھے۔ یہ لوگ حلقہ بنا کر ان بکھرے ہوئے پتھروں پر بیٹھ گئے جو کسی قدیم خان کے محل سے جدا ہو کر منتشر ہورہے تھے۔ شام کاوقت تھا اور سورج آہستہ آہستہ سمندر میں غروب ہورہا تھا۔اس کی عنابی کرنیں کھنڈرات کے آس پاس اگے ہوئے درختوں کے سبز پتوں کو چیرتی ہوئیں درخشاں دھبوں کی صورت میں کائی سے ڈھکے ہوئے پتھروں اور بل کھائی ہوئی ہری بیلوں پر پڑ رہی تھیں ہوا بوڑھے درختوں کی شاخوں میں ترنم ریزیاں کررہی تھی۔ ایسا معلوم ہوتا تھا کہ پانی کی غیر مرئی ندیاں فضا میں بہہ رہے ہیں، اندھے فقیر کی آواز دھیمی اور لرزاں تھی، اس کے پتھرائے ہوئے چہرے کی جھریوں سے سوائے آسودگی کے اور کچھ مترشح نہ تھا۔ لفظ جو اسے رٹے ہوئے تھے یکے بعد دیگرے بڑی روانی سے نکل رہے تھے۔ یہ سامعین کی آنکھوں کے سامنے ازمنتہ رفتہ کی ایک تصویر کھینچ رہے تھے۔

    ’’خان گو ضعیف العمر تھا مگر اس کے حرم میں بے شمار عورتیں تھیں۔ یہ بوڑھے خان سے بہت محبت کرتی تھیں۔ وہ اس لئے اس کی محبت میں گرفتار تھیں کہ اس کی رگوں میں سباب کی قوت ابھی برقرار تھی اور اس کے بوسے اور اس کی دلنوازیاں محبت کی تپش سے معمور ہوتی تھیں عورتیں صرف اسی مرد سے الفت کریں گی۔ جسکا تلطف قوی ہو، خواہ اس کے بال سپید ہی کیوں نہ ہورہے ہوں۔ یا اسکا چہرہ جھریوں سے بدنما ہی کیوں نہ ہورہا ہو۔ حسن قوت میں مضمر ہے نہ کہ گداز جسم اور گلاب آسا گالوں میں۔

    یہ سب عورتیں خان سے محبت کرتی تھیں، مگر اس کی منظور نظر صرف ایک قیدی لڑکی تھی جو نیئر کے ڈھلوانوں کی پلی ہوئی نازین تھی۔ گو اس کے حرم میں مختلف ممالک کی تین سو عورتیں تھیں، مگروہ ان کی نسبت اس لڑکی سے ایک وارفتگی کے ساتھ محبت کرتا تھا۔ اس کے حرم کی ہر ایک عورت بہار کے نکھرے ہوئے پھول کی طرح خوبصورت تھی۔ خان ان کے لئے بڑی بڑی دور سے بھنا ہوا گوشت اور مٹھائیاں منگواتا اور وہ اکثر اپنی منظور نظر کو سک لڑکی کو برج میں بلوایا کرتا، جہاں سے سمندر کا نظارہ ہو سکتا تھا۔ اس جگہ وہ اس کے لیے ایسے تمام سامان مہیا کرتا تھا۔ جو ایک عورت کی زندگی کو مسرور بنا سکتے ہیں۔ مختلف النوع مٹھائیاں، رنگ برنگ کے ریشمی کپڑے، سونے کے زیور، ہر قسم کے جواہرات، موسیقی، دور دراز ملکوں سے منگوائے ہوئے نایاب پرندے۔۔۔ اور اس پر فریفتہ شدہ خان کی ولولہ خیز اور پرجوش دلنوازیاں۔۔۔۔۔۔ غرضیکہ اس کی تفریح کے لئے ہر قسم کی چیز موجود تھی۔

    اس برج میں خان دیگر سرگرمیوں سے علیحدہ ہو کر کئی کئی روز اپنی منظور نظر کے ساتھ مشغولِ عیش رہتا۔ وہ اس خیال سے مطمئن تھا کہ اس کا بیٹا اس کی اس زمانے کی حاصل کی ہوئی عظمت و شہرت کو برقرار رکھے گا۔ جب وہ روس کے ڈھلوانوں میں بُھوکے بھیڑیئے کی طرح چھاپے مارا کرتا تھا اور جب کہ وہ ہر چھاپے کے بعد ہمیشہ غنیمت کے پیش بہا مال و دولت، نئی عورتوں اور نئی شان سے، اپنے پیچھے خون، جلی ہوئی راکھ اور ہیبت کے نشانات چھوڑ کر ظفر مندانہ واپس لوٹا کرتا تھا۔

    ایک دفعہ جب خان کا بیٹا الگالا روس میں چھاپہ مارنے کے بعد واپس آیا تو اس کے اعزاز میں بڑے جشن منعقد کئے گئے۔ اس جزیرے کے تمام مرزا اور سب بیگ اس تقریب میں شریک ہوئے۔ قسم قسم کی کھیلیں کی گئیں طرح طرح کی دعوتیں اڑائی گئیں۔ تیر اندازوں نے قیدیوں کی آنکھوں میں تیرگاڑ کر اپنے بازوؤں کی قوت کا مظاہرہ کیا۔ پھر الگالا کی صحت کے جام پی کر اس کی شجاعت کے گیت گائے گئے اور اس کے حریفوں کی ہیبت کا تذکرہ کیا گیا۔

    اپنے بیٹے کی شجاعت کا ذکر سن کربوڑھے خان کو بہت خوشی حاصل ہوئی کیونکہ اب اس کی موت کے بعد اس کی حاصل کردہ عظمت مضبوط ہاتھوں کے سپرد ہونے والی تھی۔ وہ بہت مسرور تھا چنانچہ اس نے اپنے لڑکے سے اپنی محبت کی پختگی ظاہر کرنے کے لیے اس سے تمام مرزاؤں اور بیگوں کے سامنے جام ہاتھ میں لے کر کہا’’ میرے پیارے لڑکے!۔۔۔ خدا بزرگ و برتر ہے اور اس کا رسولؐ باعظمت ہے۔‘‘

    یہ سن کر تمام لوگوں نے بلند آواز میں ہم آہنگ ہوکر خدا اور اس کے رسول کی حمد گائی۔ خان پھر گویا ہوا-:

    ’’خدا بزرگ و برتر ہے!۔۔۔ یہ اس کی عنایت ہے کہ میری زندگی میں اس نے میرا شباب میرے لڑکے میں زندہ کردیا ہے میں اپنی ان نحیف آنکھوں سے دیکھ رہا ہوں کہ جب سورج کی شعاعیں ان سے اوجھل ہو جائیں گی اور زمین میں مدفون میرے دل کو کیڑے چاٹ رہے ہوں گے۔ تو میں اپنے لڑکے کے قالب میں منتقل ہو کر نئے سرے سے زندگی بسر کرونگا۔ خدا بڑا ہے اور محمدؐ اس کا سچا رسول ہے!۔۔۔ میرا لڑکا میری خواہش کے مطابق ہے اس کے بازو مضبوط اور قوی ہیں۔ اس کا دل جوان ہے، اسکا ضمیر صاف ہے۔۔۔ تو لیک میرے لڑکے،

    بول، جس چیز کی تو خواہش کرے گا تو وہ تجھے فوراً مل جائے گی!‘‘

    بوڑھے خان کی آواز کی گونج ابھی مدھم ہونے ہی پائی تھی کہ تولیک الگالا اٹھا۔ اس کی آنکھیں سمندر کے نیم شبی نظارے کی طرح سیاہ اور پہاڑوں کی چوٹیوں میں پلے ہوئے شاہیں کی آنکھوں کی مانند شعلہ بار تھیں۔

    ’’ اے بادشاہ اور باپ، مجھے وہ روسی لڑکی دے دے!‘‘ اس نے کہا خان ایک لحظے کے لئے جو اس کے دل پر طاری شدہ لرزے کو دبانے کیلئے ضروری تھا، خاموش رہنے کے بعد بلند اور مضبوط آواز میں بولا جا اسے لے جا۔۔۔ دعوت ختم ہونے پر تو اس کا مالک ہے۔

    خطر پسند تولیک الگالا کا چہرہ فرطِ مسرت سے سرخ ہوگیا، اس کی عقاب ایسی آنکھیں چمک اٹھیں۔ اپنے قد کو پوری لمبائی تک بلند کرتے ہوئے اس نے اپنے باپ سے کہا’’ اے باپ! مجھے معلوم ہے کہ تو مجھے کیا دے رہا ہے۔ مجھے معلوم ہے میرا غلام ہوں۔ میری رگوں میں خون کا ہر قطرہ تیری خاطر بہنے کے لئے تیار ہے۔۔۔ اگر میری بیس زندگیاں ہوں تو میں بیس ہی دفع خود کو تجھ پر نثار کرنے کے لئے تیار ہوں!‘‘

    ’’مجھے کسی چیز کی ضرورت نہیں‘‘ یہ کہتے ہوئے خان کا سپید بالوں والا سر جسے بڑے بڑے شجاعانہ کارناموں اور کئی سالوں کی جمع شدہ حشمتوں نے بڑا وقار بخشا تھا اس کی چھاتی پر جھک گیا۔

    جشن ختم ہونے پر باپ، بیٹا محل سے نکل کر حرم کی طرف روانہ ہوئے۔ دونوں ایک دوسرے کے پہلو میں بڑی خاموشی سے چل رہے تھے۔

    رات اندھیری تھی، چاند اور ستارے نظر آرہے تھے۔ بادلوں نے آسمان پر موٹی چادر سی ڈال رکھی تھی۔

    ایک عرصے تک وہ خاموش چلتے رہے، آخر کار خان نے مہر سکوت کو توڑا اور اپنے لڑکے سے کہا۔

    روز بروز میری زندگی ختم ہورہی ہے میرے بوڑھے دل کی دھڑکن اب رفتہ رفتہ کم ہوتی جاتی ہے۔ میرے سینے میں اب وہ پہلی سی آگ نہیں سلگتی ۔میری زندگی کی روشنی اور حرارت اس کوسک لڑکی کی جوشیلی محبت تھی۔ تو لیک مجھے بتاؤ مجھے بتاؤ، کیا یہ لڑکی واقعی تمہارے لئے اشد ضروری ہے؟۔ میری بیویوں میں سے ایک سو لے لو سب لے لو، مگر اس کو میرے پاس رہنے دو!‘‘

    اس کا بیٹا آہ بھر کر خاموش رہا۔

    ’’میری زندگی کے اور کتنے دن باقی ہیں؟ مجھے صرف چند گھڑیاں اس زمین پر اور زندہ رہنا ہے۔یہ روسی لڑکی میری زندگی کی واحد اور آخری خوشی ہے۔ وہ مجھے اچھی طرح سمجھتی ہے، محبت کرتی ہے۔ اگر وہ میرے پاس نہ ہوئی تو پھر مجھ، بوڑھے سے اور کون محبت کرے گا؟ کون ہے جو محبت کرے گا؟ ان میں ایسی کوئی بھی نہیں، ایک بھی نہیں، میرے پیارے بچے!‘‘

    تو لیک نے کچھ نہ کہا۔

    میں یہ جانتے ہوئے کیونکر زندہ رہ سکوں گا کہ تم اس کو اپنے بازوؤں میں لئے ہوئے ہو اور وہ تمہیں چوم رہی ہے!۔

    ایک عورت کے معاملے میں ہم یقیناً باپ اور بیٹا نہیں ہیں۔ ہم صرف مردہ ہیں اور بس! آہ، کاش کہ میرے جسم کے تمام زخموں کے منہ کھل جائیں اوراُن سے میرے خون کا آخری قطرہ بھی بہہ جائے۔۔۔ کیا ہی اچھا ہوتا کہ میں یہ سب کچھ دیکھنے اور سہنے سے پہلے ہی مر گیا ہوتا!!‘‘

    اس کا بیٹا خاموش رہا۔ حتیٰ کہ وہ حرم سرائے کے دروازے پر پہنچ گئے یہاں وہ دونوں خاموشی میں ایک عرصے تک اپنے سر لٹکائے کھڑے رہے ان کے گردوپیش تاریکی ہی تاریکی تھی۔ آسمان پر بادل ایک دوسرے کا تعاقب کررہے تھے۔ ہوا درختوں کو جھولا جھلا رہی تھی۔ گویا وہ ان کو لوریاں دے رہی ہے۔

    ’’ابا، میں ایک عرصے سے اس کی محبت میں گرفتار ہوں‘‘ تولیک الگالا نے اپنے باپ سے کہا۔’’یہ مجھے معلوم ہے، مگر یہ ایک حقیقت ہے کہ وہ تجھ پر التفات نہیں کرتی‘‘ خان نے جواب دیا۔

    ’’مگر میرا دل پارہ پارہ ہو جاتا ہے، جب میں اس کا خیال کرتا ہوں‘‘

    ’’جانتے ہوئے میرا نحیف دِل اس وقت کس جذبے سے معمور ہے؟‘‘

    وہ کچھ عرصے کے لئے پھر خاموش ہوگئے۔ تو لیک نے آہ بھری اور کہا۔ عقلمند ملاّں نے ٹھیک کہا تھا۔عورت ہمیشہ مرد کی تکلیف کا باعث ہوتی ہے۔ اگر وہ حسین ہے، تو اس کا حسن دوسرے لوگوں کے دلوں میں اس کو اپنا بنا لینے کی ترغیب پیدا کرتا ہے۔ اس طرح اس کا خاوند رشک و حسد کی آگ میں جلتا ہے۔ اگر وہ بدشکل ہے تو اس کا شوہر دوسروں پر حسد کھاتا ہے۔ اگر وہ نہ حسین ہے اور نہ بدشکل تو مرد اس کو خوبصورت تصورکرتا ہے لیکن فوراً ہی یہ محسوس کرتے ہوئے کہ اس کا یہ اندازہ غلط ہے۔ وہ مغموم ہو جاتا ہے۔ یعنی ایک بار پھر یہی عورت اس کی اذیت کا باعث ہوتی!‘‘

    ’’میرے بچے، دانشمندی دل کے درد کی دوا نہیں ہے!‘‘ خان نے جواب دیا۔

    ’’تو پھر آؤ، ہم اس کو قتل کردیں‘‘

    یہ سن کرخان نے اپنا سر اونچا کیا۔ اور غمگین آنکھوں سے اپنے لڑکے کی طرف دیکھا۔

    ’’ہم اس کو کیوں نہ قتل ہی کردیں‘‘ تو لیک نے اپنے الفاظ دہرائے۔

    خان نے ایک لحظے کیلئے غور کیا، پھر گنگناتے ہوئے کہا۔

    ’’تو اس کی اور میری نسبت خود سے زیادہ پیار رکھتا ہے!‘‘

    ’’یہ درست ہے، مگر اے باپ، تو بھی ایسا ہی کرتا ہے۔‘‘

    وہ پھر خاموش ہوگئے

    ’’واقعی میں خود سے زیادہ پیار رکھتا ہوں!‘‘ خان نے غمگین لہجے میں کہا۔

    غم نے اسے بچہ بنا دیا تھا۔

    ’’تو کیا یہ فیصلہ ہوگیا ہے کہ وہ قتل کردی جائے گی؟‘‘

    ’’میں وہ لڑکی تمہیں نہیں دے سکتا۔ آہ! نہیں دے سکتا!‘‘

    ’’اور میں زیادہ ترفرقت برداشت نہیں کرسکتا۔ یا وہ مجھے دے دو یا پھر میرے دل کو چیر کر باہر نکال پھینکو!‘‘

    خان چپ رہا۔

    ’’ہمیں چٹانوں پر سے اسے سمندر میں دھکیل دینا چاہئے‘‘

    ’’ہمیں چٹانوں پر اسے سمندر میں دھکیل دینا چاہئے‘‘ خان نے اپنے بیٹے کے لفظ غیر ارادی طور پر دہرائے۔گویا وہ ان کی ایک گونج تھے۔

    یہ گفتگو کرنے کے بعد وہ دونوں حرم سرائے میں گئے۔ یہاں وہ کوسک لڑکی اپنے پُر تکلف قالین پر محوِ خواب تھی۔

    وہ دونوں بڑھے اور دیر تک خوابیدہ حُسن پر نگاہیں جمائے کھڑے رہے۔ خان کی آنکھوں سے آنسو نکل رہے تھے ، جو اس کی سپید داڑھی پر گر کر موتیوں کی طرح چمک رہے تھے۔ اس کا بیٹا شعلہ نما آنکھوں سے لڑکی کی طرف دیکھتے ہوئے اپنے شباب کے مچلتے ہوئے جوش کو دانت پیسنے کے عمل سے دبانے کی کوشش کررہا تھا وہ جاگی، اس کے نرم و نازک چہرے پر، جو طلوعِ آفتاب کے منظر کی طرح دلکش تھا، اُس کی آنکھیں پھول کی طرح کھلیں۔ اس نے تولیک کو نہ دیکھا اور اپنے لعلیں ہونٹ، خان کی طرف بڑھا دیئے۔

    ’’میرے شاہیں، ان کو چُومو!‘‘

    ’’اٹھو، پیاری اور ہمارے ساتھ چلو!‘‘ خان نے آہستگی کے لہجے میں کہا۔

    یہ سن کر اس نے تولیک کی طرف دیکھا، پھر فوراً خان کی آنکھوں میں آنسوؤں کی نمی کا مطلب اس پر واضح ہوگیا اور وہ سب معاملہ سمجھ گئی۔

    ’’میں چلنے کو تیار ہوں‘‘ اس نے اپنی نقری آواز میں کہا’’ میں تیار ہوں کیا یہی فیصلہ ہوا ہے. تاکہ نہ میں تمہاری ہونگی اور نہ اِسکی؟ آہ اس فیصلے کے لئے کس قدر مضبوط دلوں کی ضرورت تھی میں تیار ہوں، چلو!‘‘

    لڑکی نازک جسم تھی۔تھوڑی دور چل کروہ تھک گئی، مگر یہ تھکاوٹ اس کے لئے باعثِ فخر تھی اور وہ اسے ظاہر نہ کرنا چاہتی تھی۔

    جب خان کے لڑکے نے دیکھا کہ وہ بہت آہستہ آہستہ چل رہی ہے تو اس نے اس سے کہا’’کیا تم خائف ہو؟‘‘

    یہ سن کر اس کے دل پر چوٹ لگی، اُس کی آنکھیں چمک اٹھیں اور اس نے مجبوراً اپنے زخمی پیر دکھا دیئے۔

    آؤ، میں تم کو اٹھالوں’’یہ کہتے ہوئے تولیک نے لڑکی کی طرف اپنے بازو پھیلائے مگر اس نے پہلو بدل کر اپنی بانہیں اپنے بوڑھے شاہین کی گردش میں حمائل کردیں۔ خان نے اُسے پرکی طرح اٹھا لیا اور چلنے لگا۔ وہ اس کے بازوؤں میں لپٹی ہوئی درختوں کی ٹہنیوں اور پتوں کو ہاتھ سے ہٹاتی جاتی تھی کہ کہیں وہ اس کے محبوب کی آنکھوں کو زخمی نہ کردیں۔ وہ ایک عرصے تک چلتے رہے۔ آخر کار سمندر کی لہروں کی دھیمی آوار آنے لگی۔ اس وقت تولیک جو انکے پیچھے آرہا تھا۔ آگے بڑھا اور اپنے باپ سے کہا۔

    مجھے آگے چلنے دو۔ ورنہ میری خواہش ہوگی کہ تیری گردن میں اپنا خنجر گھونپ دوں!‘‘

    ’’چلو، آگے بڑھ جاؤ۔۔۔ تیری خواہش کا پورا ہونا یا نہ ہونا اللہ کے اختیار میں ہے۔ وہ تجھے معاف کرے۔۔۔ میں تجھے معاف کرتا ہوں اس لئے کہ مجھے معلوم ہے محبت کرنا کسے کہتے ہیں!‘‘

    آخر کار سمندر اُن کے سامنے تھے۔ چٹان جس پر کہ وہ کھڑے تھے اس کے نیچے،

    بہت دور گہرائیاں تھیں، اتھاہ اور تاریک! لہریں، نیچے چٹانوں کے ساتھ ٹکرا ٹکرا کر دھیما راگ الاپ رہی تھیں نیچے، جہاں غضب کی تاریکی خوف اور سردی تھی۔

    خان نے اپنی محبوبہ کو آخری بار چُوما اور کہا’’ پیاری الوداع!‘‘

    ’’الوداع‘‘ تولیک نے جھک کر کہا۔

    لڑکی نے نیچے کی طرف دیکھا، جہاں موجیں گا رہی تھیں اور خوف کے مارے اپنے سینے پر ہاتھ رکھتے ہوئے پیچھے کو ہٹ گئی۔

    ’’مجھے نیچے گرادو‘‘ اس نے باپ بیٹے سے مخاطب ہو کر کہا

    بیٹے اس کی طرف ہاتھ بڑھائے اور کچھ بڑبڑایا مگر خان نے آگے بڑھ کر اس کو اپنی چھاتی کے ساتھ زور سے بھینچا اور اس کے لبوں کے بوسے لیکر اسے ہاتھوں پر اٹھا کر چٹان پر سے نیچے سمندر میں گرا دیا۔

    نیچے موجیں پتھروں کے ساتھ ٹکرا ٹکرا کر گارہی تھیں۔ ان کا شور اس قدر بلند تھا کہ ان دونوں میں سے کسی کوبھی معلوم نہ ہوا کہ وہ کب پانی کی سطح پر گری، کسی قسم کی آواز یا چیخ ان کے کانوں تک نہ پہنچی۔

    خان چٹان پر انتہائی غم کی حالت میں بیٹھ گیا اور خاموشی سے نیچے گہرائیوں میں دیکھنا شروع کردیا،دھندلے بالوں میں ملفوف تھا اور لہروں کے تھپیڑوں کی آواز گونج رہی تھی، ہوا تیزی سے گزرتی ہوئی اس کی سپید د اڑھی کے بالوں کو منتشر کررہی تھی۔ تولیک اس کے قریب خاموش، بے جان مجسمے کی طرح ہاتھوں سے اپنا منہ چھپائے کھڑا تھا۔ وقت گزرتا گیا، رفتہ رفتہ آسمان پر بادل چھاتے گئے، بادل کے یہ ٹکڑے بوڑھے خان کے خیالات کی طرح تاریک اور وزنی تھے، جو چٹان کی چوٹی پر خاموش بیٹھا تھا۔

    ’’ابا، آؤ چلیں!‘‘

    ’’ ذرا ٹھہرو!‘‘ خان نے بڑی دھیمی آواز میں کہا جیسے وہ کچھ سن رہا ہے۔ اس طرح اور وقت گزر گیا۔ لہریں نیچے پتھروں کے ساتھ ٹکراتی رہیں اور ہوا چٹانوں اور درختوں پر سے گزرتی ہوئی چلاتی رہی۔

    ’’ابا، آؤ چلیں!‘‘

    ’’ابھی ذرا ٹھہرو!‘‘

    تولیک الگالا نے بہت مرتبہ اپنے باپ سے جانے کو کہا مگر وہ اس جگہ سے اٹھ کر جانا نہ چاہتا تھا، جہاں اس نے اپنے آخری ایام کی واحد مسرت کو کھو دیا تھا۔

    مگر ہر چیز کی انتہا ہوتی ہے؟ آخر کاروہ اٹھا۔ اب اس کے چہرے سے عزم و فخر کے آثار مترشخ تھے۔ اس نے کھوکھلی آواز میں اپنے لڑکے سے کہا۔’’چلو آؤ‘‘۔

    انہوں نے گھر کا رخ کیا مگر چند قدم کے فاصلے پر ہی خان ٹھہر گیا۔

    ’’مگر میں کیوں جارہا ہوں کدھر جارہا ہوں؟‘‘ اس نے اپنے لڑکے سے پوچھا میں اب کیوں زندہ ہوں۔ جب میری زندگی اس کی ذات سے وابستہ تھی؟ میں عمررسیدہ ہوں مجھ سے کوئی محبت نہ کرے گا اور جب کوئی محبت کرنے والا نہ ہو تو زندہ رہنا احمقانہ فعل ہے!‘‘

    ’’ابا تیرے پاس دولت و ثروت ہے!‘‘

    ’’ مجھے اُس کے لبوں کا صرف ایک بوسہ دے دو اور یہ دولت و ثروت تم لے سکتے ہو۔ یہ چیزیں سب مردہ ہو چکی ہیں، صرف عورت کی محبت ہی زندہ رہتی ہے۔ اگر کسی مرد کی زندگی عورت کی محبت سے خالی ہے تو وہ زندگی ہی نہیں وہ مرد ایک فقیر ہے رحم کے قابل ہے۔ الوداع، میرے لڑکے! خدا کی عنایات ہمیشہ تیرے شامل حال رہیں۔‘‘

    یہ کہتے ہوئے خان چٹان کی طرح واپس مڑا۔

    ’’ابا، ابا!‘‘ تولیک چلاتا رہا مگروہ اپنے باپ کو نہ روک سکا وہ شخص کچھ نہ سنے گا جس پر موت مسکرا رہی ہو۔ اس کے علاوہ زندگی کی گم کردہ مسرت کو کون سے لفظ واپس لاسکتے ہیں۔

    ’’مجھے جانے دو!‘‘

    ’’میرے اللہ!‘‘

    ’’وہ سب کچھ جانتا ہے۔۔۔۔۔۔‘‘

    تیز قدم اٹھاتے ہوئے خان چٹان کے کنارے پر پہنچا اور نیچے کود پڑا اس کا بیٹا اس کو روک نہ سکا کیوں کہ سب کچھ ایک لمحے ہی میں ہوگیا۔ اب کی بار پھرسمندر میں سے کسی قسم کی آواز نہ آئی صرف لہروں کے تھپیڑوں کی آواز اور ہوا کے جنگلی گیتوں کی صدا آرہی تھی۔

    تولیک الگالا۔ ایک عرصے تک نیچے کیطرف دیکھتا رہا۔ آخر اس نے بلند آواز میں کہا!

    ’’اے اللہ مجھے بھی ایسا ہی مضبوط دل عطا کر!‘‘

    یہ کہہ وہ رات کی تاریکی میں چلا گیا۔۔۔۔۔۔

    یہ ہے جس طرح خان مرا اور اس کے بعد تولیک الگالا جانشین ہوا۔

    *****

    کہانی:گورکی

    مأخذ :
    • کتاب : Gorky Ke Afsane

    Additional information available

    Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.

    OKAY

    About this sher

    Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.

    Close

    rare Unpublished content

    This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.

    OKAY
    بولیے