Font by Mehr Nastaliq Web

aaj ik aur baras biit gayā us ke baġhair

jis ke hote hue hote the zamāne mere

رد کریں ڈاؤن لوڈ شعر

ضرورت ہے

سعادت حسن منٹو

ضرورت ہے

سعادت حسن منٹو

MORE BYسعادت حسن منٹو

    محکمہ خدمات خاصہ کو مندرجہ ذیل عارضی اسامیوں کے لئے درخواستیں مطلوب ہیں۔ (نئی وزارت بننے پر نئے تقررات ہوں گے) چھپے ہوئے فارم موجود نہیں۔ اس لئے امیدوار سادہ کاغذ ہی پر درخواست لکھ کر روانہ کریں، جو لکھنا نہیں جانتے وہ سادہ کاغذ ہی روانہ کر دیں، مگر ہر درخواست کے ساتھ دس روپے کی منی آرڈر کی رسید ہونی چاہیئے جو کسی بھی صورت میں واپس نہ ہوں گے۔ صرف انہی امیدواروں کی درخواست پر غور کیا جائے گا جو پاکستان کے باشندے ہوں۔ مقامی مہاجرین کو ترجیح دی جائے گی، جو مہاجر ہیں ان کو دس کے بجائے بیس روپے کے منی آرڈر کی رسید اپنی درخواست کے ساتھ بھیجنی چاہیئے۔۔۔ دفتر میں چونکہ پردے کا خاطر خواہ انتظام نہیں، اس لئے خواتین درخواست بھیجنے کی زحمت گوارا نہ کریں۔ 
     
    (الف) ایک ڈپٹی ڈائریکٹر، تنخواہ چھ سو روپے ماہوار، چالیس روپیہ سالانہ ترقی، تنخواہ کی آخری حد ایک ہزار روپیہ ماہوار۔ 
     
    خصائص، (۱) قسم اول کا قصیدہ گو ہو۔ (۲) کم از کم پانچ برس تک کسی ریاست کے نواب کی مصاحبت میں رہ چکا ہو۔ (۳) پک نک پارٹنر کا انتظام بطریق احسن کر سکتا ہو، کوفتے بنانے کا طریقہ جانتا ہو۔ (۴) بچپن میں گڈریا رہ چکا ہو۔ (۵) تنے ہوئے رسے پر چل سکتا ہو۔ (۶) سانپ، ریزر، بلیڈ، گراموفون کی سوئیاں اور کانچ کے ٹکڑے کھا سکتا ہو۔ (۷) کم از کم دو فلموں میں ولن کا پارٹ ادا کر چکا ہو۔ (۸) رمل، جفر اور فراست الید سے شغف رکھتا ہو۔ (۹) سارنگی بجا سکتا ہو۔ (۱۰) ایک آنکھ بھینگی، ایک کان مڑا ہوا، پانچ دانت مصنوعی ہوں، سر پر گنج ہو اور قد تین فٹ سوا سات انچ ہو۔ چھوٹی چھوٹی جون گلبرٹ اسٹائل کی مونچھیں امیدوار کی زائد خصوصیت میں شمار کی جائیں گی۔ 
     
    (ب) ایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر، تنخواہ پانچ سو روپے ماہوار، پچیس روپے سالانہ ترقی، تنخواہ کی آخری حد آٹھ سو روپے ماہوار۔ 
     
    خصائص، (۱) دوسرے درجے کا قصیدہ گو ہو۔ (۲) کم از کم چار برس تک سرکس میں کام کر چکا ہو۔ (۳) چار برس سرکس میں کام کرنے کے فوراً بعد کم از کم ایک برس تک کسی ا ردو روزنامے میں بحیثیت مترجم کام کرتا رہا ہو۔ (۴) سوتے میں چلنے پھرنے کا عادی ہو۔ (۵) لانڈریوں کے متعلق معلومات کافی وسیع ہوں۔ (۶) اپنے کنبے کے کم از کم چار افراد کی موت کا صدمہ سہہ چکا ہو۔ (۷) خالی ٹوپی میں سے خرگوش نکالنا جانتا ہو۔ (۸) دا ہنی آنکھ میں پھولا ہواور بائیں کان سے بہرا ہو۔ سامنے کے دو دانتوں میں سونے کی کیلیں جڑی ہوں۔ ہر وقت انگلیوں کے ناخن دانتوں سے کاٹتے رہنا امیدوار کی زائد خصوصیت متصور کی جائے گی۔ 
     
    (ج) ایک انفارمیشن آفیسر، تنخواہ تین سو پینسٹھ روپے آٹھ آنے ماہوار، سالانہ ترقی پچیس روپے سوا چار آنے۔ تنخواہ کی آخری حد سات سو اکتیس روپے دس آنے پانچ پائی۔ 
     
    خصائص، قطب صاحب کے مینار کے زینوں کی صحیح تعداد جانتا ہو۔ (۲) کم از کم سوا تین برس تک کوئی عمدہ قہوہ خانہ اپنے زیر اہتمام چلا چکا ہو۔ (۳) ریڈیائی ڈراموں میں عورت کا پارٹ ادا کرتا رہا ہو۔ (۴) گھڑی سازی جانتا ہو۔ (۵) ہدایت نامہ بیوی اور ہدایت نامہ خاوند مصنفہ کو یراج ہرنام دت ٹھاکر نوک زبان ہو۔ (۶) تاش کے کم از کم پندرہ کھیل جانتا ہو۔ (۷) عمر ستائیس برس چھ مہینے اور تین دن ہو۔ دونوں ہاتھوں میں ایک ایک انگلی زائد ہو۔ کم از کم ایک برس تک کسی مڈل سکول میں ڈرل ماسٹر کی حیثیت سے کام کرنا امیدوار کی زائد خصوصیت سمجھی جائے گی۔ 
     
    (د) ایک ریسرچ آفیسر، تنخواہ تین سو پینسٹھ روپے پونے آٹھ آنے ماہوار، سالانہ ترقی پچیس روپے چار آنے ایک پائی، تنخواہ کی آخری حد سات سو بیس روپے گیارہ آنے نو پائی۔ 
     
    خصائص، (۱) پابندِ صوم و صلوٰۃ ہو (۲) ہار مونیم بجانے میں مہارت رکھتا ہو (۳)کم از کم سوا دو برس تک کسی ریلوے ورکشاپ میں کام کر چکا ہو (۴) ناک میں بولتا ہو (۵) خمیرہ گاؤ زبان عنبری جواہر والا بنانے کی ترکیب جانتا ہو (۶) بیلوں کی نسل کشی کے متعلق کافی معلومات رکھتا ہو (۷) عمر انتیس برس اور ایک دن۔ وہ امیدوار جو گرلز اسکول میں دینیات کا معلم رہ چکا ہو، اسے ترجیح دی جائے گی۔ 
     
    (ر) دو ایڈیٹر، تنخواہ دو سو پچاس روپے ماہوار، سالانہ ترقی گیارہ روپے، تنخواہ کی آخری حد چار سو بیس روپے ماہوار۔ 
     
    ایک ایڈیٹر کے خصائص، (۱) سائیکل چلانا جانتا ہو (۲) اونچے اور ڈھونچے کے پہاڑے زبانی یاد ہوں (۳) درخواست دینے کے وقت تک چھ افسانے، دس غزلیں، سات قطعے اور بائیس رباعیاں لکھ چکا ہو۔ (۴) کمر کا درد دور کرنے والی دوا کا موجد ہو (۵) کم ازکم چھ برس تک کسی روزانہ اخبار میں خریداروں کے نام چٹیں لکھنے کا کام کر چکا ہو (۶) دندان سازی کا کام جانتا ہو۔ دندان سازی کے کسی کالج کی سند کی ضرورت نہیں (۷) عمر چھبیس برس سوا سات ماہ۔ کبڈی کھیلنے والے امیدوار کو ترجیح دی جائے گی۔ 
     
    دوسرے ایڈیٹر کے مطلوبہ خصائص، (۱) کسی ہفتہ وار فلمی اخبار میں کم از کم چھ مہینے اور سات دن تک خریداروں کے سوالوں کا جواب دیتا رہا ہو (۲) سائن بورڈ لکھنا جانتا ہو۔ (۳) دن میں کم از کم بتیس پان کھاتا ہو۔ (۴) ہندوستان اور پاکستان کی تمام ایکٹرسوں کے پتے جانتا ہو۔ (۵) محاورات نسواں پڑھ چکا ہو۔ (۶) کم از کم ایک بار تپ محرقہ میں مبتلا رہ چکا ہو۔ جس امیدوار کے منہ پر چیچک کے داغ ہوں، اس کو ترجیح دی جائے گی۔ 
     
    (س) دو اسسٹنٹ ایڈیٹر، تنخواہ ایک سو پچھتر روپے ماہوار، تین روپے سالانہ ترقی، تنخواہ کی آخری حد دو سو روپے ماہوار۔ 
     
    ایک اسسٹنٹ ایڈیٹر کے مطلوبہ خصائص، کسی سیاسی تحریک میں حصہ لینے کے باعث نو مہینے اور پانچ دن جیل میں رہ چکا ہو۔ (۲) ہندوستانی رقص سے شغف رکھتا ہو۔ (۳) بٹیریں لڑانے کے فن میں مہارت رکھتا ہو۔ (۴) دسویں جماعت میں جواب مضمون لکھنے پر انعام حاصل کر چکا ہو۔ (۵) گلاس کے ذریعے سے ریزر کے پرانے بلیڈ تیز کر سکتا ہو۔ (۶) کسی ایکسپورٹ امپورٹ کمپنی میں بحیثیت کلرک کم از کم تین مہینے ملازمت کر چکا ہو۔ جس امیدوار کی تاریخ پیدائش یکم جنوری ۱۹۱۴ء ہوگی اسے ترجیح دی جائے گی۔ 
     
    دوسرے ایڈیٹر کے مطلوبہ خصائص، (۱) کسی سلوتری کے ہاں کم از کم تین مہینے تک بحیثیت اسسٹنٹ کے کام کر چکا ہو۔ (۲) صرافے کے متعلق معلومات رکھتا ہو۔ (۳) اسکول میں اسکاؤٹ رہ چکا ہو اور ٹینڈر فٹ بیج حاصل کر چکا ہو۔ (۴) کسی بھی پوسٹ آفس کے باہر کم ا ز کم ایک برس تک خطوط نویسی کا کام کرتا رہا ہو۔ (۵) کریمابہ بخشائے برحال ما، از بر یاد ہو۔ (۶) دائمی زکام میں مبتلا ہو۔ جو امیدوار لنگڑاتا ہوگا، اس کو ترجیح دی جائے گی۔ 
     
    (ش) ایک فوٹوگرافر، تنخواہ ایک سو ننانوے روپے ماہوار۔ روٹی کپڑا علیحدہ۔ سالانہ ترقی ندارد۔ 
     
    خصائص، ۱۔ عینکوں کی ٹوٹی ہوئی کمانیاں درست کر سکتا ہو۔ ۲۔ محکمہ انہار میں کم از کم ڈیڑھ برس ملازمت کر چکا ہو۔ ۳۔ سٹہ کھیلنا جانتا ہو۔ ۴۔ پستے کی ہوائیاں کاٹ سکتا ہو۔ ۵۔ ’فانوس خیال‘ نامی رسالے میں جس کو بند ہوئے تقریبات دس برس ہو گئے ہیں، ایک مضمون بعنوان ’’فوٹوگرافی کے کمالات عرف شان الٰہی‘‘ لکھ چکا ہو۔ امیدوار جس کے پاس ایشین کتا ہوگا، اسے ترجیح دی جائے گی۔ 
     
    نوٹ، متذکرہ صدر اسامیوں کے لئے درخواستیں بھیجنا ضروری نہیں، لیکن زر داخلہ بھیجنا اشد ضروری ہے، اس لئے کہ محکمہ خدمات خاصہ مشتہرہ اسامیوں کی تلاش اور ان کو حاصل کرنے میں اپنی گرہ سے کافی روپیہ خرچ کر چکا ہے۔ 
     
    مأخذ :
    • کتاب : اوپر،نیچے اور درمیان

    Additional information available

    Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.

    OKAY

    About this sher

    Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.

    Close

    rare Unpublished content

    This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.

    OKAY

    Rekhta Gujarati Utsav I Vadodara - 5th Jan 25 I Mumbai - 11th Jan 25 I Bhavnagar - 19th Jan 25

    Register for free
    بولیے