بیسویں صدی کی چھٹی اور ساتویں دہائی کے دوران ادبی افق پر ابھرنے والے شعراء میں صدیق مجیبی کا نام نمایاں اہمیت کا حامل ہے ۔ صدیق مجیبی چھوٹا ناگپور کے قبائلی علاقے میں پیدا ہوئے، وہیں پروان چڑھے ۔ قبائلی علاقوں کی سیاسی، سماجی اور ثقافتی تحریکوں خصوصی طور پر ان کی باغیانہ کاوشوں اور احتجاجی رجحانات سے ہی صدیق مجیبی کے ادبی شعور کی تعمیر ہوئی ہے۔
صدیق مجیبی کی شاعری کا ایک نمایاں وصف ان کا راست اظہار ہے ۔ وہ چھپا کر اپنے محسوسات بیان کرنے کے قائل نہیں ہیں۔ اس راست انداز اور شعوری معصومیت نے اکثر ان کی شاعری کو ایک روحانی تقدس سے ہم آہنگ کر دیا ہے ۔ صدیق مجیبی کی غزلوں میں تشکیک اور تجس کا پہلو بھی قاری کو حد درجہ متاثر کرتا ہے۔