بہت چپ ہوں کہ ہوں چونکا ہوا میں
بہت چپ ہوں کہ ہوں چونکا ہوا میں
زمیں پر آ گرا اڑتا ہوا میں
بدن سے جان تو جا ہی چکی تھی
کسی نے چھو لیا زندہ ہوا میں
نہ جانے لفظ کس دنیا میں کھوئے
تمہارے سامنے گونگا ہوا میں
بھنور میں چھوڑ آئے تھے مجھے تم
کنارے آ لگا بہتا ہوا میں
بظاہر دکھ رہا ہوں تنہا تنہا
کسی کے ساتھ ہوں بچھڑا ہوا میں
چلا آیا ہوں صحراؤں کی جانب
تمہارے دھیان میں ڈوبا ہوا میں
اب اپنے آپ کو خود ڈھونڈھتا ہوں
تمہاری کھوج میں نکلا ہوا میں
مری آنکھوں میں آنسو تو نہیں ہیں
مگر ہوں روح تک بھیگا ہوا میں
بنائی کس نے یہ تصویر سچی
وہ ابھرا چاند یہ ڈھلتا ہوا میں
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.