نئے کپڑے بدل کر جاؤں کہاں اور بال بناؤں کس کے لیے
نئے کپڑے بدل کر جاؤں کہاں اور بال بناؤں کس کے لیے
وہ شخص تو شہر ہی چھوڑ گیا میں باہر جاؤں کس کے لیے
تشریح
دوستو آج ناصر کاظمی کے اس حسین شعر کی تشریح کرتے ہیں۔ ناصر کاظمی نے شاعری میں جس تخیل اور جس ترتیب الفاظ کی بے مثال آمیزش کی ہے وہ دل پر اثر کرنے کی تمام تر صلاحیت رکھتی ہے۔ ناصر کاظمی نے اس شعر میں نہایت آسان الفاظ میں فراق یار کا افسانہ سنا دیا ہے ۔ وہ یار وہ محبوب جو ہمہ وقت ان کے اوسان پر حاوی ہے اور جو ایک لمحے کے لئے بھی ان کے ذہن و دماغ سے نہیں اترا ہے۔ محبوب سے ملاقات کو اس شعر میں ایک ایسی تقریب کی طرح بیان کیا گیا ہے کہ جس کے لیے نئے لباس کا تعین اور لباس کے ساتھ ساتھ چہرے کی زیبائش کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔ اپنے محبوب سے ملاقات کے لیے جس خوش دلی کے ساتھ شاعر خود کو تیار کرتا ہے وہی خوش دلی یاس اور اداسی میں بدل جاتی ہے، جب شاعر کا محبوب غیر موجود ہوتا ہے ۔
یہ شعر فراق کا فسانہ تو سناتا ہی ہے، اک ایسا یاس کا منظر نامہ بھی پیش کرتا ہے جس کے اثرات سننے والے یا پڑھنے والے کو بھی مغموم کر دیتے ہیں۔ ظاہر ہے کہ جس گھڑی شاعر کا محبوب شہر میں موجود تھا اور شاعر کی ملاقات ہوا کرتی تھی اس خوشی کا کیا ٹھکانہ ہو سکتا ہے مگر افسوس صد افسوس جب اس کا محبوب شہر چھوڑ کر چلا گیا اور اس کے جانے کے ساتھ شاعر کے لیے شہر کی تمام رونقیں ختم ہو گئیں، شہر کا عالم ہی بدل گیا، شہر کا رنگ بے رنگی میں تبدیل ہوگیا۔ شاعر اس قدر مغموم ہے کہ نہ اس کا جی باہر نکلنے کو چاہ رہا ہے اور نہ اپنے لباس کی اور اپنے بالوں کی آرائش و زیبائش کی طرف متوجہ ہونے کو ۔
یہ منظر نامہ اتنا حقیقی ہے کہ ہم بھی گویا اس کرب اور اس تکلیف کو خود اپنے دل میں محسوس کر سکتے ہیں۔ بارہا ہم بھی کہیں نہ کہیں اس تکلیف سے گزرے ضرور ہیں۔ ہم محسوس کرتے ہیں کہ جہاں جہاں ہم اپنے دوست اور اپنے یار کے ساتھ گھومتے رہے ہیں، جن پارکوں اور ریستورانوں میں وقت گزاری کی گئی ہے وہ سب یکسر بے رنگ اور بے روح لگنے لگتے ہیں جب ہمارا دوست اور ہمارا یار ہم سے بچھڑ جاتا ہے یا وقتی طور ہم سے دور چلا جاتا ہے ۔
ایک اور اہم بات جو اس شعر کو پڑھتے ہوئے آپ محسوس کریں گے کہ شاعر نے الفاظ کا جو تعین کیا ہے وہ اس قدر آسان ہے کہ جس نے شعر کے ظاہری حسن کو غیرمعمولی طور پر دمکا دیا ہے۔ یہ دمک اتنی تیز ہے کہ اس کے پیچھے کرب ناک منظر کی جو سیربین چل رہی ہے اسے صاف طور پر دیکھا جا سکتا ہے ۔ اگر سامع یا قاری اس کرب تک پہنچ جاتا ہے تو اس شعر کا حق ادا ہوجاتا ہے ۔
اپنے محبوب کے بنا شہر سے گزرنے کا تصور ہی بہت روح فرسا ہے۔ جو کسی بھی حساس شخص کو آبدیدہ کر سکتا ہے ۔
اسی تصور کو ڈاکٹر بشیر بدر اس طرح بیان کرتے ہیں -
انہی راستوں نے جن پر کبھی تم تھے ساتھ میرے
مجھے روک روک پوچھا تیرا ہمسفر کہاں ہے
ناصر کاظمی نے درد و غم کرب و بےکلی کو جس آسان انداز میں بیان کر آفاقی رنگ دیا ہے اس کی مثال شاذ ہی ملتی ہے ۔
سہیل آزاد
- کتاب : paiman-e-gazal
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.