aaj ik aur baras biit gayā us ke baġhair
jis ke hote hue hote the zamāne mere
زیر تبصرہ کتاب "تذکرہ ہندو شعراء بہار" فصیح الدین بلخی کی ترتیب کردہ ہے، جس میں بہار کے ہندو شعراء کے حالات کو پیش کیا گیا ہے، اور ساتھ ہی ان کا کلام بھی بطور نمونہ پیش کیا گیا ہے، جس کی روشنی میں ہندو شعراء کے کلام کی عظمت و وقعت کو سمجھنا آسان ہوجاتا ہے۔ کتاب میں 125 شعراء کا تذکرہ ہے، جنہوں نے فارسی اور اردو زبان میں شاعری کی اور ان کا کلام مرتب کو تلاش و جستجو کے بعد حاصل ہوسکا، بہار میں ہندو شعرا کی تعداد کو ۱۲۵ تک محدود نہیں کیا جاسکتا ہے، مصنف کو اس کا اقرار ہے، یہ ان لوگوں کا تذکرہ ہے، جن تک مصنف کی رسائی ہوسکی، ممکن اور بھی شعرا رہے ہوں، جن تک مصنف نہیں پہونچ پائے، اس کے باوجود کتاب ایک بڑے ادبی سرمایہ کو اپنے دامن میں رکھتی ہے، کتاب میں شعرا کو تین ادوار کے ساتھ مخصوص کیا گیا ہے۔ پہلا دور متقدمین کا ہے، جس میں 1200ھ تک کے شعراء کا تذکرہ شامل ہے۔ دوسرا حصہ متوسطین پر مشتمل ہے، اس حصہ میں 1300ھ تک کے شعرا شامل ہیں، تیسرا حصہ متاخرین پر مشتمل ہے، جس میں 1380ھ تک کے شعراء کا تذکرہ کیا گیاہے، کتاب کا مطالعہ ہندو شعرا کے کلام کی وقعت احوال زندگی اور ان کی ادبی خدمات سے بخوبی واقف کراتا ہے۔