aaj ik aur baras biit gayā us ke baġhair
jis ke hote hue hote the zamāne mere
حسن منظر ذہنی امراض کے معالج کے طور پر بہت مشہور ہیں۔ "انسان اے انسا ن"حسن منظر کا ناول ہے۔یہ ایک ایسے آدمی کی کہانی ہے جو کہیں ٹک کر، سکونِ قلب کے ساتھ، نہیں رہ سکتا۔ اسے تعلقات قائم کرنے تو آتے ہیں، نبھانے نہیں آتے۔ وہ ان لوگوں میں سے ہے جو ہر تعلق میں اجنبیت کا کوئی نہ کوئی پہلو برقرار رکھتے ہیں۔ اگر کوئی زیادہ قریب آ جائے تو وہ اپنے کسی برتاؤ یا بے رخی سے اسے پرے ڈھکیلنے کے لیے کوشاں رہتا ہے۔ جوافراد اس کے ساتھ فریب کرتے ہیں، جن کی وجہ سے وہ جعل سازی کے مقدمے میں ماخوذ ہو کر جیل کی ہوا کھاتا ہے، بری ہو جاتا ہے اور پھر انہی لوگوں سے میل ملاپ بڑھا کر قتل کے جھوٹے مقدمے میں پھنس کر اور پھانسی کی سزا پا کر دوبارہ جیل جا پہنچتا ہے۔ یہ جانتے ہوئے بھی کہ اس کے یہ نام نہاد دوست یا ساتھی خیر خواہ بالکل نہیں ان سے ملتا رہتا ہے۔ ایک عجیب طرح کی بے تعلقی ہے جیسے اسے سرے سے پروا ہی نہ ہو کہ دوسرے اسے کتنا نقصان یا فائدہ پہنچا سکتے ہیں۔