aaj ik aur baras biit gayā us ke baġhair
jis ke hote hue hote the zamāne mere
آنند نرائن ملا ہندوستان کے مشترکہ تہذیبی ، سماجی اور لسانی کلچر کی ایک زندہ علامت تھے ۔ ان کا یہ جملہ کہ ’’ میں اپنا مذہب چھوڑ سکتا ہوں لیکن اردو کو نہیں چھوڑ سکتا ‘‘ ان کی شخصیت کی اسی روشن جہت کو سامنے لاتا ہے ۔
ملا کشمیری الاصل تھے لیکن ان کے بزرگ پنڈت کالی داس ملا لکھنؤ آکر بس گئے تھے اور یہیں پنڈت جگت نرائن ملا کے یہاں ۲۴ اکتوبر ۱۹۰۱ کو آنند نرائن ملا کی پیدائش ہوئی ۔ ملا کی ابتدائی تعلیم فرنگی محل لکھنؤ میں ہوئی ، ان کے استاد برکت اللہ رضا فرنگی محلی تھے ۔ اس کے بعد ملا نے انگریزی میں ایم، اے کیا اور قانون کی پڑھائی کی اور وکالت کے پیشے سے وابستہ ہوگئے ۔ ۱۹۵۵ میں لکھنؤ ہائی کورٹ کے جج مقرر کئے گئے ۔ وکالت کے پیشے سے سبکدوش ہوکر ملا نے سیاست کے میدان میں قدم رکھا ۔ ۱۹۶۷ میں لکھنؤ سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے پارلیمینٹ کے رکن منتخب کئے گئے ۔ ۱۹۷۲ میں راجیہ سبھا کے رکن منتخب کئے گئے ۔ ملا انجمن ترقی اردو ہند کے صدر بھی رہے ۔
ملا نے ابتدا میں انگریزی میں شاعری کی ، انگریزی ادب کا طالب ہونے کی وجہ سے ان کی نظر انگریزی ادبیات پر بہت گہری تھی لیکن وہ دھیرے دھیرے اردو کی طرف آگئے ، پھر لکھنؤ کے شعری وادبی ماحول نے بھی ان کی شاعرانہ شخصیت کو نکھارنے اور جلا بخشنے میں اہم کردار ادا کیا ۔ شاعری میں ملا کا نظریہ بہت تعمیری اور اخلاقی تھا ۔ اقبال سے اثر پزیزی نے اسے اور مستحکم کیا ۔ سماج کو بہتر بنانے کی اس جد وجہد میں ملا اپنی شاعری ، نثر اور عملی زندگی کے ساتھ شامل تھے ۔ جوئے شیر ، کچھ ذرے کچھ تارے ، میری حدیث عمر گریزاں ، کرب آگہی ، جادۂ ملا ، ان کے شعری مجموعے ہیں ۔ انہوں نے نہرو کے مضامین کا ترجمہ بھی کیا ۔ ملا کو ان کی ادبی اور سماجی خدمات کے لئے کئی انعامات اور اعزازات سے بھی نوازا گیا ۔
۱۲ جون ۱۹۹۷ کو دہلی میں ملا کو انتقال ہوا ۔
Jashn-e-Rekhta | 13-14-15 December 2024 - Jawaharlal Nehru Stadium , Gate No. 1, New Delhi
Get Tickets