aaj ik aur baras biit gayā us ke baġhair
jis ke hote hue hote the zamāne mere
"مختصر تاریخ عالم" اے مانفرید کی کتاب ہے جو دو جلدوں پر مشتمل ہے۔ پہلی جلد کا اردو ترجمہ امیر اللہ خان نے جبکہ دوسری جلد کا اردو ترجمہ تقی حیدر نے کیا ہے۔ اس کتاب میں پانچ بر اعظموں کی معاشی، سیاسی، سماجی اور تہذیبی ارتقا کے حوالے سے اہم مواد جمع کیا گیا ہے۔ کتاب میں قدیم سماج سے لیکر زمانہ حال تک نسل انسانی سے جو طویل پر پیچ راستے طے کئے ہیں، اس طرف بھی نشان دہی کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ پہلی جلد میں قدیم سماج سے لیکر روس میں زار شاہی کے خاتمے تک کی تاریخ بیان کی گئی ہے۔ اس جلد کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے اور ہر حصے میں کئی کئی ابواب ہیں چنانچہ پہلے حصہ میں قدیم دنیا کے حوالے سے ابواب قائم کیے گئے ہیں۔ دوسرے حصے میں ازمنہ وسطی کے بارے میں گفتگو کی گئی ہے جبکہ تیسرے حصہ میں دور جدید کے حوالے سے خامہ فرسائی کی گئی ہے۔ دوسری جلد میں روس میں 1917 کے عظیم اکتوبر کے انقلاب سے لیکر دور حاضر تک کے واقعات بیان کئے گئے ہیں۔